میں آج صبح سے اپنے گھر میں دیکھ رہا ہوں کہ بہت ساری چھپکلیاں میرے پورے گھر میں ادھر اُدھر گھوم رہی ہیں، ایک چھپکلی ہمارے بیڈ پر 2 گھنٹے بیٹھی رہی، 3 چھپکلیاں فرش پر کافی دیر بنا ہِلے جُلے بیٹھی رہیں، اور ایک چھپکلی رات کو میری چارپائی پر گھومتی رہی، میں نے اسے مارنے کی کوشش کی، لیکن وہ دوسری طرف چلی گئی اور نیچے نہیں اتری۔
مجھے ڈر لگ رہا ہے کہ کہیں کوئی اللہ کی طرف سے کوئی مصیبت تو نہیں آنے والی؟ چھپکلی کا اس طرح بستر پر چڑھنا صحیح ہوتا ہے کہ نہیں؟ ہمیں اس کے لیے کیا کرنا چاہیے؟
چھپکلی کا گھر میں آنا یا بستر اور فرش پر پایا جانا کوئی تعجب یا پریشانی کی بات نہیں ، عموماً گھروں میں یہ چیزیں پائی جاتی ہیں ، نیز ان کے آنے یاگھومنے سے کسی مصیبت یا پریشانی کے نازل ہونے کا نظریہ بھی شرعاً درست نہیں ۔لہذا اس معاملہ میں گھبرانے کی حاجت نہیں ، گھر میں چھپکلیاں پائی جائیں تو شریعت نے انہیں مارنے کی اجازت دی ہے ، بلکہ چھپکلی اور گرگٹ کے مارنے پر ثواب کا ملنا احادیث میں مذکور ہے ،آپ ان چھپکلیوں کو ختم کرنے یا مارنے کی کوئی بھی تدبیر کرسکتے ہیں ۔
صحيح مسلم (7 / 41،ط: دار الجيل بيروت):
عن سعيد بن المسيب عن أم شريك أن النبى صلى الله عليه وسلم أمرها بقتل الأوزاغ.
وفیہ ایضاً :
عن عامر بن سعد عن أبيه أن النبى صلى الله عليه وسلم أمر بقتل الوزغ وسماه فويسقًا.
(صحيح مسلم7 / 41،ط: دار الجيل بيروت)
وفیہ ایضاً:
عن أبى هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: « من قتل وزغةً فى أول ضربة فله كذا وكذا حسنة، ومن قتلها في الضربة الثانية فله كذا وكذا حسنة لدون الأولى، وإن قتلها فى الضربة الثالثة فله كذا وكذا حسنة لدون الثانية ».
(صحيح مسلم7 / 41،ط: دار الجيل بيروت)
-مصباح اللغات، ص:943،ط:قدیمی کتب خانہ کراچی۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144112201139
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن