بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

18 رمضان 1445ھ 29 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

cdc e-ipo میں انویسمنٹ (سرمایہ کاری) کرنے کا حکم


سوال

  cdc centralized e-ipo   میں اکاؤنٹ کھولنا اور انویسمنٹ کرنا جائز ہے یا نہیں ؟

جواب

سوال و جواب سمجھنے کے لیے پہلے بطورِ تمہید چند باتوں کا جاننا ضروری ہے اور وہ یہ کہ کوئی بھی کمپنی جب پہلی بار اپنے شیئرز  سٹاک مارکیٹ میں پبلک (public ) کرتی ہے تو اس  کو  (Initial public offering) ipo کہتے ہیں، اور یہ پبلک کرنا اگر آن لائن ہو تو اسے e-ipoکہتے ہیں۔ اور یہ کام پاکستان میں جس ادارے کی وساطت سے ہوتا ہے اسے   cdc یعنی Central Depository Companyکہتے ہیں یعنیcdc  وہ ادارہ ہے جو شیئرز بیچنے والی کمپنی اور شیئرز خریدنے والوں کے درمیان واسطہ بنتا ہے اور شیئرز خریدنے والےcdcمیں اکاؤنٹ کھول کر رقم جمع کروا کر اس کے ذریعہ شیئرز خریدتے ہیں اورcdc  شیئرز بیچنے والی کمپنی کی ساری چھان بین کرنے کے بعد ان کی ذمہ داری لیتی ہے اورcdcکے اعتماد پر شیئرز خریدنے والے اپنی رقم لگاتے ہیں  اورcdcان کی رقم کا ذمہ دار ہوتا ہے۔

اس تفصیل کی رو سے سائل کے سوال  cdc centralized e-ipo   میں اکاؤنٹ کھولنے اور انویسمنٹ کرنے کا مطلب یہ ہوگا کہ جب کوئی کمپنی پہلی بار اپنے شیئرز پبلک کر رہی ہو تو cdc کے ذریعہ آن لائن ان شیئرز کو خریدنے اور پیسہ لگاکر اس سے نفع کمانے کا کیا  حکم ہے؟

تو اس کا جواب یہ ہے کہ شیئرز کے مارکیٹ میں اجرا ہونے کے بعد جو حکم اس کی خرید و فروخت کا ہے وہی حکم  شیئرز کے پہلی بار پبلک ہوتے وقت اس کو خریدنے بیچنے  اور اس میں انویسمنٹ ( سرمایہ کاری) کا بھی ہے، اور شیئرز کی خرید فروخت   کا حکم یہ ہے کہ اگر  اس میں مندرجہ ذیل شرائط کا لحاظ رکھاجاتاہوتوجائزہے، ورنہ نہیں:

1۔ جس کمپنی کے شیئرز کی خرید و فروخت کی جارہی ہو، خارج میں اس کمپنی کا وجود ہو، صرف کاغذی طور پر رجسٹرڈ نہ ہو، اور نہ ہی اس کمپنی کے کل اثاثے نقد کی شکل میں ہوں، بلکہ اس کمپنی کی ملکیت میں جامد اثاثے بھی موجود ہوں۔

2۔ کمپنی کا کل یا کم از کم اکثر سرمایہ حلال ہو۔

3۔ کمپنی کا کاروبار جائز ہو، حرام اشیاء کے کاروبار پر مشتمل نہ ہو۔

4۔ شیئرز کی خرید و فروخت میں، خرید و فروخت کی تمام شرائط کی پابندی ہو۔ (مثلاً: شیئرز خریدنے کے بعد وہ مکمل طورپرخریدار کی ملکیت میں  آجائیں، اس کے بعد انہیں آگے فروخت کیا جائے، خریدار کی ملکیت مکمل ہونے اور قبضے سے پہلے شیئرز آگے فروخت کرنا جائز نہیں ہوگا، اسی طرح فرضی خریدوفروخت نہ کی جائے، وغیرہ)

5۔ حاصل شدہ منافع کل کا کل شیئرز ہولڈرز میں تقسیم کیا جاتا ہو، (احتیاطی) ریزرو کے طور پر نفع کا کچھ حصہ محفوظ نہ کیا جاتا ہو۔

6۔ شیئرز کی خرید و فروخت کے دوران بالواسطہ یا بلاواسطہ سود اور جوے کے کسی معاہدے کا حصہ بننے سے احتراز کیا جاتا ہو۔

چناں چہ اگر cdc e-ipo میں انویسمنٹ (سرمایہ کاری ) کرتے وقت مندرجہ بالا شرائط کا لحاظ رکھا جائے گا تو یہ جائز  ہوگا، ورنہ نہیں۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144004200147

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں