بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بواسیر سے نجات کا وظیفہ


سوال

بدہضمی، گیس، معدے اور بواسیر کی بہت تکلیف رہتی ہے،  بواسیر کا آپریشن بھی پچھلے سال کرایا، اب تک بہت علاج کر چکا ہوں،  ٹیسٹ بھی صاف ہے اور بواسیر کی گھٹلیاں بھی نہیں بقول ڈاکٹر، سمجھ نہیں آتا آخر کیا کروں،  سورہ مزمل، منزل اور دیگر اذکار صبح وشام کرتا ہوں،  براہ کرم کوئی دعا یا وظیفہ تجویز کریں، نیز کسی نیک  ماہر معالج کا پتہ بھی دیں،  میرے  لیے خصوصی دعائیں کریں۔

جواب

اللہ تبارک و تعالیٰ آپ کو اس موذی بیماری سے نجات عطا فرمائے!

آپ پنج وقتہ نماز  کا اہتمام کریں، اور فرض نمازوں کے بعد اور تہجد میں اللہ تعالیٰ سے دعا کریں، اور مندرجہ ذیل آیت  پانچ مرتبہ پانی پر دم کرکے پینے کا اہتمام کریں،  ان شاء اللہ،  اللہ تعالیٰ مذکورہ بیماری سے عافیت فرمادیں گے:

اَللّٰهُ نُوْرُ السَّمٰوٰتِ وَالْاَرْضِ ۭ مَثَلُ نُوْرِهٖ كَمِشْكٰوةٍ فِيْهَا مِصْبَاحٌ ۭ اَلْمِصْبَاحُ فِيْ زُجَاجَةٍ ۭ اَلزُّجَاجَةُ كَاَنَّهَا كَوْكَبٌ دُرِّيٌّ يُّوْقَدُ مِنْ شَجَرَةٍ مُّبٰرَكَةٍ زَيْتُوْنَةٍ لَّا شَرْقِيَّةٍ وَّلَا غَرْبِيَّةٍ  ۙ يَّكَادُ زَيْتُهَا يُضِيْۗءُ وَلَوْ لَمْ تَمْسَسْهُ نَارٌ  ۭ نُوْرٌ عَلٰي نُوْرٍ  ۭ يَهْدِي اللّٰهُ لِنُوْرِهٖ مَنْ يَّشَاۗءُ  ۭ وَيَضْرِبُ اللّٰهُ الْاَمْثَالَ لِلنَّاسِ ۭ وَاللّٰهُ بِكُلِّ شَيْءٍ عَلِيْمٌ  

(سورۃ النور، آیت نمبر:35، پارہ نمبر:18)

ماہر معالج کے بارے میں اس شعبے سے متعلق حضرات سے معلومات لیجیے، ادارے کے ضابطے کے مطابق  کسی متعین فرد کا نام لے کر راہ نمائی نہیں کی  جاتی۔ باقی  ماہر معالج سے رابطہ کرنے کے بعد ان کی بتائی ہوئی ہدایات اور احتیاط پر عمل کیجیے، مسلسل ایک جگہ پر نہ بیٹھیے، ہر آدھے ایک گھنٹے بعد اٹھ کر دو چار منٹ چہل قدمی کرلیا کریں، گوشت کی کثرت اور بادی غذاؤں  سے اجتناب  کیجیے، استنجا میں مبالغہ نہ کیجیے، یعنی  مقعد کے اندر تک پانی پہنچا کر یا انگلی وغیرہ سے اندرونی حصے کی صفائی نہ کیجیے، شادی شدہ ہیں تو  جماع میں اعتدال رکھیے۔ 

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144209202214

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں