بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

برائلر مرغ سے عقیقہ کرنا


سوال

میں اپنے بچے کا عقیقہ کرنے لگا ہوں، لیکن کیا کسی بڑے جانور کی بجائے اس کو برائلر مرغ کے ساتھ سر انجام دے سکتا ہوں؛ کیوں کہ لوگوں سے سنا ہے کہ مرغ سے نہیں ہو سکتا؟

جواب

بصورتِ مسئولہ برائلر مرغی سے عقیقہ کرنا درست نہیں ہے، چاہے جتنی مرغیاں ذبح کی جائیں اس سے عقیقہ کی سنت ادا نہیں ہوگی، عقیقہ صرف ان ہی جانوروں سے کیا جاسکتاہے جن کی قربانی درست ہے، نیز عقیقہ کے جانور کی وہی شرائط ہیں جو قربانی کے جانور کی ہیں، یعنی بکرے کی عمر سال بھر مکمل ہونا ضروری ہے، اور اگر گائے کو ذبح کرنا ہو تو اس کی عمر دو سال مکمل ہونا ضروری ہے۔

واضح رہے کہ ’’عقیقہ‘‘ مستحب ہے، ضروری نہیں ہے، اگر گنجائش ہو تو کرلینا چاہیے، گنجائش نہ ہو تو اسے مؤخر بھی کیا جاسکتاہے، اور عقیقہ کا مستحب وقت یہ ہے کہ پیدائش کے ساتویں دن عقیقہ کرے، اگر ساتویں دن عقیقہ نہ کرسکے تو چودھویں (14)  دن، ورنہ اکیسویں (۲۱) دن کرے،  اس کے بعد عقیقہ کرنا مباح ہے، اگر کرلے تو ادا ہوجاتا ہے،  تاہم جب بھی عقیقہ کرے،  بہتر یہ ہے کہ پیدائش کے دن  کے حساب سے ساتویں دن کرے۔

 المستدرک  میں ہے: 

’’عن عطاء، عن أم كرز، وأبي كرز، قالا: نذرت امرأة من آل عبد الرحمن بن أبي بكر إن ولدت امرأة عبد الرحمن نحرنا جزوراً، فقالت عائشة رضي الله عنها: «لا بل السنة أفضل عن الغلام شاتان مكافئتان، وعن الجارية شاة تقطع جدولاً، ولايكسر لها عظم فيأكل ويطعم ويتصدق، وليكن ذاك يوم السابع، فإن لم يكن ففي أربعة عشر، فإن لم يكن ففي إحدى وعشرين». هذا حديث صحيح الإسناد ولم يخرجاه".

(المستدرك علی الصحیحین للحاکم، (4/ 266) رقم الحدیث: 7595،  کتاب الذبائح، ط: دار الكتب العلمية – بيروت)

 فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144112201349

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں