بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بیوی سے کہا کہ دوسری طلاق دے رہاہوں، تیسری طلاق دے رہا ہوں، سے طلاق کا حکم


سوال

میں نے اپنی بیوی کو پہلے یہ الفاظ کہےتھے کہ:"میں تجھے طلاق دے دوں گا"،اس کے  کچھ عرصہ بعد میں نے اُسے کہا کہ: "میں تجھے دوسری طلاق دے رہا ہوں" ، پھر ایک ماہواری گزرنے کے بعد میں نے اُسے کہا کہ:"میں تجھے تیسری طلاق دے رہا ہوں"،اب سوال یہ ہے کہ میری بیوی پر کتنی طلاقیں واقع ہوئی ہیں؟ کیا ہم دونوں دوبارہ نکاح کرسکتے ہیں؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں جب پہلی بار آپ نے اپنی بیوی سے کہا کہ :" میں تجھے طلاق دے دوں گا" تو  یہ طلاق کا ارادہ اور دھمکی تھی، اس سے آپ کی بیوی پر کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی تھی، البتہ اس کے بعد جب آپ نے اپنی بیوی کو یہ الفاظ کہیں کہ:" میں تجھے دوسری طلاق دے رہا ہوں"، پھر ایک ماہواری گزرنے کے بعد یہ الفاظ کہیں کہ:" میں تجھے تیسری طلاق دے رہا ہوں"  تو اِن الفاظ سے مجموعی طورپر آپ کی بیوی پر دو رجعی طلاقیں واقع ہو چکی ہیں، اگر آپ اپنی بیوی کے ساتھ عدت میں(پوری تین ماہواریوں کے اندر اندر)  رجوع کر لیتے ہیں تو دونوں کا نکاح بر قرار رہے گا، ورنہ عدت گزرنے کے بعد نکاح ختم ہوجائے گا اور پھر آپ کی مطلقہ بیوی اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے میں آزاد ہوگی، اگر چاہے تو نیا مہر مقرر کرکے شرعی گواہوں کی موجود گی میں آپ سے دوبارہ نکاح بھی کرسکتی ہے، رجوع یا دوبارہ نکاح کی صورت میں آئندہ آپ کو ایک طلاق کا اختیار ہوگا۔

العقود الدریہ فی تنقیح الفتاوی الحامدیۃ میں ہے:

"صيغة المضارع لا يقع بها الطلاق إلا إذا غلب في الحال كما صرح به الكمال بن الهمام."

(کتاب الطلاق، 38/1، ط: دار المعرفة)

بدائع الصنائع میں ہے:

"أما الطلاق الرجعي فالحكم الأصلي له هو نقصان العدد، فأما زوال الملك، وحل الوطء فليس بحكم أصلي له لازم حتى لا يثبت للحال، وإنما يثبت في الثاني بعد انقضاء العدة، فإن طلقها ولم يراجعها بل تركها حتى انقضت عدتها بانت."

(کتاب الطلاق، فصل في حكم الطلاق، 180/3، ط: دار الكتب العلمية)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144407101416

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں