بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بعثت کے بعد کتنے عرصے تک رسول اکرم (صلی اللہ علیہ والہ وسلم ) بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے رہے ؟


سوال

بعثت کے بعد کتنے عرصے تک رسول اکرم (ص ) بیت المقدس کی طرف رخ کرکے نماز پڑھتے رہے ؟ 

جواب

واضح رہے کہ حضور صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو چالیس سال کی عمر میں نبوت ملی ہے،نبوت کےتیرہ سال بعد حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ کی طرف ہجرت فرمائی،مدینہ منورہ میں سترہ مہینے آپ نے بیت المقدس کی طرف نماز یں پڑھیں ہیں، اس کے بعدتحویل قبلہ (بیت اللہ کو قبلہ بنانے)کا حکم نازل ہوا۔لیکن ہجرت سے پہلے جب مکہ مکرمہ میں نماز فرض ہوئی اس وقت قبلہ بیت اللہ تھا یا بیت المقدس؟اس میں صحابہ کرام  رضی اللہ عنہم  اجمعین وتابعین کا اختلاف  ہے۔

پہلاقول  :حضرت عبداللہ بن عباس (رضی اللہ عنہ) کا ہے کہ اول ہی سے قبلہ بیت المقدس تھا جو ہجرت کے بعد بھی سولہ سترہ مہینہ تک باقی رہا، اس کے بعد بیت اللہ کو قبلہ بنانے کے احکام نازل ہوگئے،  البتہ رسول اللہ (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا عمل مکہ مکرمہ میں یہ رہا کہ آپ حجرِ  اسود اور رکن یمانی کے درمیان نماز پڑھتے تھے؛ تاکہ بیت اللہ بھی سامنے رہے اور بیت المقدس کا بھی استقبال ہوجائے۔  مدینہ منورہ پہنچنے کے بعد یہ ممکن نہ رہا اس لیے تحویلِ  قبلہ کا اشتیاق پیدا ہوا۔ (ابن کثیر) 
 دوسرا قول: دوسرے حضرات کاہے کہ جب نماز فرض ہوئی تو مکہ مکرمہ میں بھی مسلمانوں کا ابتدائی قبلہ بیت اللہ ہی تھا؛ کیوں کہ حضرت ابراہیم (علیہ السلام) واسماعیل (علیہ السلام) کا قبلہ بھی بیت اللہ ہی رہا تھا اور آنحضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) جب تک مکہ مکرمہ میں مقیم رہے بیت اللہ ہی کی طرف نماز پڑھتے رہے، پھر ہجرت کے بعد آپ کا قبلہ بیت المقدس قرار دے دیا گیا اور مدینہ منورہ میں سترہ مہینے آپ نے بیت المقدس کی طرف نماز پڑھی، اس کے بعد پھر آپ کا جو پہلا قبلہ تھا یعنی بیت اللہ اسی کی طرف نماز میں توجہ کرنے کا حکم آگیا،  تفسیر قرطبی میں بحوالہ ابو عمرو اسی کو اصح القولین قرار دیا ہے اور حکمت اس کی یہ بیان کی جاتی ہے کہ مدینہ منورہ میں تشریف لانے کے بعد چوں کہ قبائلِ یہود سے سابقہ پڑا تو آں حضرت (صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) نے ان کو مانوس کرنے کے لیے ان ہی کا قبلہ باذنِ خداوندی اختیار کرلیا،  مگر پھر تجربہ سے ثابت ہوا کہ یہ لوگ اپنی ہٹ دھرمی سے باز آنے والے نہیں تو پھر آپ کو اپنے اصلی قبلہ یعنی بیت اللہ کی طرف رخ کرنے کا حکم مل گیا، جو آپ کو اپنے آباء ابراہیم واسماعیل کا قبلہ ہونے کی وجہ سے طبعاً محبوب تھا۔

اور جن حضرات نے پہلا قول اختیار کیا ہے ان کے نزدیک حکمت یہ تھی کہ مکہ مکرمہ میں تو مشرکین سے امتیاز اور ان سے مخالفت کا اظہار کرنا تھا، اس لیے ان کا قبلہ چھوڑ کر بیت المقدس کو قبلہ بنادیا گیا، پھر ہجرت کے بعد مدینہ طیبہ میں یہود و نصاریٰ سے امتیاز اور ان کی مخالفت کا اظہار مقصود ہوا تو ان کا قبلہ بدل کر بیت اللہ کو قبلہ بنادیا گیا . (از معارف القرآن، سورۃ بقرۃ ، آیت : 143)

مذکورہ بالا تفصیل سے ثابت ہوا کہ صورت مسئولہ میں قول اول کے مطابق حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کے بعدبیت المقدس کی طرف نماز پڑھنے کا زمانہ  چودہ سال پانچ ماہ ہے اور قول ثانی کے مطابق بیت المقدس کی طرف نماز پڑھنے کا زمانہ  ایک سال پانچ ماہ ہے۔

عمدۃ القاری میں ہے:

"عن  ابن عباس  رضي الله تعالى عنهما قال  انزل على  رسول الله وهو ابن أربعين فمكث بمكة ثلاث عشرة سنة ثم أمر بالهجرة فهاجر إلى المدينة فمكث بها عشر سنين ثم توفي۔۔۔قوله أنزل على رسول الله أي الوحي قوله وهو ابن أربعين أي وعمره أربعون سنة فأقام بمكة ثلاث عشرة سنة بعد الوحي ثم هاجر إلى المدينة وأقام بها عشر سنين ثم توفي فيكون عمره ثلاثا وستين سنة."

(عمدۃ القاری ،باب مبعث النبی صلی اللہ علیہ وسلم (301/ 16)ط: دار احیاءالتراث بیروت)

سبل الرشاد والھدی میں ہے:

"قال الإمام النووي رحمه الله تعالى في شرح مسلم: الصواب أنه صلى الله عليه وسلم بعث على رأس الأربعين سنة، هذا هو المشهور الذي أطبق عليه العلماء.وقال السهيلي رحمه الله تعالى: إنه الصحيح عند أهل السير والعلم بالأثر.وقال شيخ الإسلام البلقيني رحمه الله تعالى: كان سن رسول الله صلى الله عليه وسلم حين جاءه جبريل في غار حراء أربعين سنة على المشهور."

(سبل الھدی والرشاد،الباب الخامس في قدر عمر النبي صلى الله عليه وسلم وقت بعثته وتاريخها(2/ 225) ط:دارالکتب العلمیۃبیروت)

تفسیر القرطبی میں ہے:

"واختلفوا أيضا حين فرضت عليه الصلاة أولا بمكة، هل كانت إلى بيت المقدس أو إلى مكة، على قولين، فقالت طائفة: إلى بيت المقدس وبالمدينة سبعة عشر شهرا، ثم صرفه الله تعالى إلى الكعبة، قاله ابن عباس. وقال آخرون: أول ما افترضت الصلاة عليه إلى الكعبة، ولم يزل يصلي إليها طول مقامه بمكة على ما كانت عليه صلاة إبراهيم وإسماعيل، فلما قدم المدينة صلى إلى بيت المقدس ستة عشر شهرا أو سبعة عشر شهرا، على الخلاف، ثم صرفه الله إلى الكعبة. قال أبو عمر: وهذا أصح القولين عندي. قال غيره: وذلك أن النبي صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لما قدم المدينة أراد أن يستألف اليهود فتوجه إلى قبلتهم ليكون ذلك أدعى لهم، فلما تبين عنادهم وأيس منهم أحب أن يحول إلى الكعبة فكان ينظر إلى السماء، وكانت محبته إلى الكعبة لأنها قبلة إبراهيم."

(تفسیر القرطبی ،{البقرۃ:142}(2/ 148)ط:دارالکتب المصریۃ قاھرۃ)

تفسیر ابن کثیرمیں ہے:

"وقد جاء في هذا الباب أحاديثُ كثيرة، وحاصلُ الأمر أنه قد كان رسول الله صلى الله عليه وسلم أمِرَ باستقبال الصخرة من بيت المقدس، فكان بمكة يُصَلِّي بين الركنين، فتكون بين يديه الكعبة وهو مستقبل صخرة بيت المقدس، فلما هاجر إلى المدينة تَعَذَّر الجمعُ بينهما، فأمره الله بالتوجه إلى بيت المقدس، قاله ابن عباس والجمهور، ثم اختلف هؤلاء هل كان الأمر به بالقرآن أو بغيره؛ على قولين، وحكى القرطبي في تفسيره عن عكرمة وأبي العالية والحسن البصري أن التوجه إلى بيت المقدس كان باجتهاده عليه الصلاة والسلام. والمقصود أن التوجه إلى بيت المقدس بعد مقدمه صلى الله عليه وسلم المدينة، فاستمرَّ الأمرُ على ذلك بضعة عَشَرَ شهراً، وكان يكثر الدعاءَ والابتهالَ أنْ يُوَجَّه إلى الكعبة، التي هي قبلة إبراهيم، عليه السلام، فأجيب إلى ذلك، وأمر بالتوجِّه إلى البيت العتيق."

(تفسیر ابن کثیر{البقرۃ:142}(1/ 452)ط دار طیبۃ)

عمدۃ القاری میں ہے:

"عن  البراء  أن النبى كان أول ما قدم المدينة نزل على أجداده أو قال أخواله من الأنصار وأنه صلى قبل بيت المقدس ستة عشر شهرا أو سبعة عشر شهرا وكان يعجبه أن تكون قبلته قبل البيت وأنه صلى أول صلاة صلاها صلاة العصر وصلى معه قوم فخرج رجل ممن صلى معه فمر على أهل مسجد وهم راكعون فقال أشهد بالله لقد صليت مع رسول الله قبل مكة فداروا كما هم قبل البيت وكانت اليهود قد أعجبهم إذ كان يصلي قبل بيت المقدس وأهل الكتاب فلما ولى وجهه قبل البيت أنكروا ذلك."

(عمدۃ القاری ،باب الصلاۃ من الایمان(2/ 142)ط:داراحیاء التراث بیروت)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144309100059

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں