بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بیوہ، تین بیٹے اور ایک بیٹی میں ترکہ کی تقسیم


سوال

سن 2012 میں والد صاحب کی وفات ہوئی،  وہ ترکہ میں (املاک بیچ کر) ایک کروڑ ساٹھ لاکھ چھوڑ گئے،  ان کی ایک بیوہ، تین شادی شدہ لڑکوں اور ایک شادی شدہ لڑکی، جو ان دنوں ایک طلاق کے بعد والد کے گھر پر ہی تھی، کو کتنا حصہ ملے گا؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں اگر سائل کے والد صاحب کے انتقال کے وقت، ان کے والدین میں سے کوئی حیات نہ تھا، اور مذکورہ افراد (ایک بیوہ، تین بیٹے، اور ایک بیٹی)کے علاوہ کوئی اور وارث (دوسرے بیٹے، بیٹیاں)  نہیں تھے،اسی طرح ان کے بعد اگر  ان کی کسی اولاد یا بیوہ کا انتقال نہیں ہوا ہے،تو  ترکہ کی شرعی تقسیم کا طریقۂ کار یہ ہے ؛ کہ سب سے پہلے والد مرحوم کے حقوقِ متقدمہ یعنی کفن دفن کاخرچہ نکالنے کے بعد اور اگر ان پر کوئی قرض ہو تو اسے ادا کرنے بعد، اور اگر انہوں نے کوئی جائز وصیت کی ہو تو اسے ترکہ کی ایک تہائی سے نافذ کرنے کے بعد، باقی ترکہ کو اس ترتیب سے ان کے شرعی ورثاء میں تقسیم کیا جائے گا؛  کل مال کے آٹھ حصے کرکے بیوہ کو ایک حصہ، تینوں بیٹوں کو دو،  دو حصے اور بیٹی کو ایک حصہ دیا جائے گا۔ صورتِ تقسیم یہ ہے:

مرحوم والد:8

بیوہبیٹابیٹابیٹابیٹی
12221

یعنی فیصد کے اعتبار سے بیوہ کو 12.5فیصد، ہر بیٹے کو 25فیصد  اور بیٹی کو  12.50 فیصد ملے گا، اور ایک کروڑ ساٹھ لاکھ  (1،60،00000)  روپے میں سے بیوہ کو بیس لاکھ (  20,00000) روپے، ہر ایک بیٹے کو چالیس لاکھ  (40,00000 )  روپے اور بیٹی کوبیس لاکھ (  20,00000)روپے ملیں گے۔

تاہم واضح رہے کہ یہ تقسیم اسی وقت کار آمد ہے، جب کہ ورثاء کی تعداد اور ان کے زندہ یا مردہ ہونے کی تفصیل سوال میں درست درج کی گئی ہو، چناں چہ اگر مرحوم کے  والدین میں سے کوئی اس کے انتقال کے وقت حیات تھا، یا اس کی  مندرجہ بالا اولاد (تین بیٹے، ایک بیٹی) کے علاوہ کوئی اور اولاد بھی تھی، یا مرحوم کی ایک سے زائد شادیاں تھیں اور وہ بیویاں یا ان کی اولادیں مرحوم کی وفات کے وقت زندہ تھیں؛  تو اس کی تفصیل درج کر کے دوبارہ سوال پوچھ لیا جائے، تاکہ درست جواب دیا جاسکے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144410101903

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں