بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

بیوی کے واجب حقوق


سوال

بیوی کے واجب حقوق کیا ہیں؟

جواب

شوہر کے  ذمے شریعت نے بیوی کا نان نفقہ یعنی کھانا،پینا، بنیادی انسانی ضروریات اور رہائش کے لیے الگ مستقل کمرہ  جس میں کسی اور  کی مداخلت نہ ہوکی فراہمی رکھی ہے، اور  ہر بیوی کو  الگ گھر  دلانا  ضروری نہیں، البتہ ایسا کمرہ جس کے ساتھ کچن اور باتھ روم علیحدہ سے ہو اور وہ صرف بیوی کے استعمال میں ہو ں،  کسی غیر کا اس میں دخل نہ ہو ، ایسی رہائش دینا  شوہر پر لازم ہے۔

اسی طرح  شوہر پر بیوی  کا ایک  حق  جماع کرنا ہے یعنی بلاعذر چار  ماہ  سے زائدتک ہم بستری  نہ کرناجائزنہیں، اگر کسی وجہ سے ہم بستری میں چار  ماہ سے زائد وقفہ آرہا ہو تو بیوی کی اجازت ضروری ہےاور چار  ماہ سے کم میں بھی بیوی جیسے  جیسے مطالبہ کرے تو اس کا حق زوجیت ادا کرنا  چاہیے۔

البتہ اسلامی تعلیمات کے مطابق میاں بیوی کے رشتے میں قانونی  ضابطوں کی بجائے اخلاقی معیاروں کی پاس داری مطلوب ہے، میاں بیوی کے باہمی حقوق سے متعلق شریعتِ مطہرہ کی تعلیما ت کا خلاصہ یہ ہے کہ شوہر کو چاہیے کہ  وہ اپنی بیوی کو اللہ کی عطا کی ہوئی نعمت سمجھے،  اس  کی قدر اور اس سے محبت  کرے، اگر اس سے غلطی ہوجائے تو چشم پوشی  سے کام لے، صبروتحمل اور دانش مندی سے اس کی  اصلاح کی کوشش کرے،  اپنی استطاعت کی حد تک اس کی ضروریات اچھی طرح پوری کرے، اس کی راحت رسانی اور دل جوئی کی کوشش کرے اور   بیوی کو چاہیے  کہ وہ اپنے شوہر کو اپنے سے بالاتر سمجھے،  اس کی وفادار اور فرماں بردار رہے، اس کی خیرخواہی اور رضا جوئی میں کمی نہ کرے، اپنی دنیا  اور آخرت کی بھلائی  اس کی خوشی سے وابستہ سمجھے،  نیز میاں بیوی کا باہمی رشتہ حسنِ اخلاق، حسنِ معاشرت  اور ہم دردی و  ایثار  کے جذبہ سے ہی چل سکتا ہے، اگر شوہر یہ کہے کہ میری بیوی کا علاج معالجہ میرے ذمہ نہیں ہے اور وہ اس کا علاج کا خرچہ نہ دے اور دوسری طرف بیوی یہ کہے  کہ شوہر کے والدین اور گھر والوں کی خدمت کرنا میری ذمہ داری نہیں ہے، نیز شوہر کے لیے کھانا بنانا اور اس کے کپڑے دھونا میری ذمہ داری نہیں ہے تو  اس طرح معاشرہ درہم برہم  ہوجائے گا، اور امورِ خانہ داری بہت زیادہ متاثر ہوں گے۔فقط واللہ اعلم

میاں بیوی کے حقوق کے حوالے سے مزید تفصیل کے لیے درج ذیل لنک ملاحظہ فرمائیے:

میاں بیو ی کے حقوق

میاں بیوی کے حقوق / زوجین میں اتحاد اور اتفاق کے لیے دعا

میاں بیوی کے ایک دوسرے پر حقوق

کیا شوہر کے ذمہ بیوی کے علاج معالجہ کے خرچہ لازم ہے؟


فتوی نمبر : 144110200283

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں