بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بیوی کا نفلی صدقہ شوہر کو دینا


سوال

کیا بیوی اپنی ذاتی کمائی سے اپنے شوہر کو نفلی صدقہ دے سکتی ہے؟ جب کہ شوہر کا کوئی ذریعہ معاش نہ ہو؟

جواب

نفلی صدقہ، ہدیہ کے حکم میں ہوتا ہے، یہ مال دار اور غریب ہر ایک کو دیا جاسکتا ہے، لہذا بیوی نفلی صدقہ اپنے شوہر کو دے سکتی ہے۔

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کی اہلیہ حضرت زینب رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے (ایک مرتبہ خواتین کو ترغیب دیتے ہوئے) فرمایا: اے عورتوں کی جماعت! صدقہ کرو، اگرچہ اپنے زیور میں سے ہو۔ زینب کہتی ہیں کہ میں عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کے پاس آئی اور ان سے کہا: آپ ضرورت مند ہیں اور رسول اللہ ﷺ نے ہمیں صدقے کا حکم فرمایا ہے، آپ رسول اللہ ﷺ سے جاکر پوچھ لیجیے، اگر آپ کو صدقہ دینا میرے لیے جائز ہوا تو بہتر، ورنہ آپ کے علاوہ کسی اور پر صرف کردوں گی، عبداللہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: بلکہ آپ خود رسول اللہ ﷺ کے پاس جاکر پوچھ لیجیے، چناں چہ میں (زینب) چلی گئی تو رسول اللہ ﷺ کے دروازے پر ایک اور انصاری عورت کو بھی پایا، اس کا مسئلہ بھی میرا والا ہی مسئلہ تھا، زینب کہتی ہیں کہ رسول اللہ ﷺ کو اللہ تعالیٰ نے بہت رعب عطا فرمایا تھا، کہتی ہیں کہ بلال رضی اللہ عنہ باہر آئے تو ہم نے ان سے کہا: آپ رسول اللہ ﷺ سے کہیے کہ دروازے پر دو عورتیں یہ مسئلہ پوچھ رہی ہیں کہ کیا ان کے لیے اپنے شوہروں اور زیرِ پرورش یتیموں پر صدقہ کرنا جائز ہے؟ اور  رسول اللہ ﷺ کو ہمارے بارے میں نہ بتائیے گا کہ دو عورتیں کون ہیں۔ چناں چہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ ﷺ کے پاس جاکر مسئلہ معلوم کیا، رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: وہ دو عورتیں کون ہیں؟ بلال رضی اللہ عنہ نے جواب دیا: ایک انصاری عورت اور دوسری زینب ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کون سی زینب؟ بلال رضی اللہ عنہ نے بتایا: عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ کی اہلیہ۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ان  دونوں (عورتوں) کے لیے دو اجر ہیں: ایک قرابت کا اجر، اور دوسرا صدقے کا اجر۔ (بخاری و مسلم) فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109200431

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں