بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

بیوہ عورت پر زکوٰۃ کی فرضیت کا حکم


سوال

کیا بیوہ عورت پر زکوٰۃ فرض ہوتی ہے ؟

جواب

بیوہ عورت اگر نصاب کے بقدر رقم کی مالک ہے تو اس پر زکوٰۃ کی ادائیگی فرض ہے؛ زکوٰۃ واجب ہونے  کے لیے صاحبِ نصاب ہونا اور زکوٰۃ کی ادائیگی لازم  ہونے کے لیے اس پر سال گزرنا شرعاً ضروری ہے،  لہذا  جس روز کسی عاقل بالغ مسلمان کے پاس بنیادی ضرورت سے زائد نصاب کے بقدر مال (سونا، چاندی، نقدی یا مالِ تجارت) جمع ہوجائے اس دن سے وہ شرعاً صاحبِ نصاب شمار ہوگا  اور اسی دن سے سال کا حساب بھی کیا جائے گا، اور قمری حساب سے سال پورا ہونے پر اسی تاریخ کے اعتبار سے زکوٰۃ  واجب ہوگی۔

زکوۃ  کا نصاب سونے کے اعتبار سے  ساڑھے سات تولہ سونا،  اور چاندی کے اعتبار سے  ساڑھے باون تولہ چاندی، اور  نقدی یا مال تجارت کے اعتبار سے ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت ہے، اس نصاب پر جب سال گزرجائے توزکوٰۃ  کی ادائیگی فرض ہوجاتی ہے۔

واضح ہوکہ ساڑھے سات تولہ سونے پر زکوۃ کا مدار اس وقت ہے کہ جب ملکیت میں صرف سونا ہو، اس کے علاوہ کسی اور جنس میں سے کوئی مال پاس نہ، لیکن اگر سونے کے ساتھ  ساتھ  کچھ اور مالیت بھی ہےتو پھرزکوٰۃ   کی فرضیت کا مدار ساڑھے باون تولہ چاندی پرہوگا۔  یعنی اگرکسی کے پاس ساڑھے تولہ سے کم سونا ہے اوراس کے علاوہ نقدرقم، چاندی یاسامان تجارت وغیرہ بالکل نہ ہوتو اس شخص پرزکوٰۃ  فرض نہیں ہوگی، لیکن ساڑھے سات تولہ سے کم سونے کے ساتھ  ساتھ کسی کے پاس چاندی یا نقد رقم یاسامانِ تجارت موجود ہو توپھراس کے لیے نصاب ساڑھے باون تولہ چاندی کی مالیت ہے، لہٰذا اگر اس سونے اور باقی اشیاء  کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کے بقدر ہو تو اس پرزکوۃ فرض ہوگی۔

بعض عوام یہ سمجھتے ہیں کہ ہر بیوہ زکاۃ کی مستحق ہوتی ہے، اس لیے شاید وہ یہ بھی سمجھتے ہوں کہ اس پر زکاۃ واجب ہی نہیں ہوتی، لیکن واضح رہے کہ بیوہ ہونا زکاۃ کا مصرف ہونے کا سبب نہیں ہے، لہٰذا جو بیوہ خود صاحبِ نصاب ہوگی اس پر بھی زکاۃ واجب ہوگی۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144109203237

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں