بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

بیٹھ کر نماز پڑھنا


سوال

کیا بیٹھ کر نماز پڑھ سکتے ہیں؟

جواب

واضح رہے کہ فرض،واجب،فجر کی سنت، بلکہ ایک روایت کے مطابق دیگر سنت مؤکدہ کی نماز بھی کھڑے ہوکر پڑھنافرض ہے ۔عذر اور مجبوری کے بغیر فرض ،واجب او رسنت موکدہ کی نماز بیٹھ کر پڑھنے سے نماز نہیں ہو گی۔ ہاں اگر عذر یا بیماری کی وجہ سے بیٹھ کر نماز پڑھے گا تو نمازہو جائے گی۔

صورت مسئولہ میں اگر فرض نمازکھڑے ہوکر پڑھنے کی قدرت ہے تو کھڑے ہوکر نماز پڑھنا فرض ہے، اگر کوئی بیمار شخص کھڑے ہوکر فرض نماز ادا کرنے پر قدرت رکھتا ہے مگر اس کے باوجود وہ بیٹھ کر فرض نماز پڑھتا ہے تو اس کی نماز نہیں ہو گی ،اور جو نمازبیٹھ کر ادا کی ہے اس کو دوبارہ کھڑے ہوکر پڑھنا لازم ہوگا۔

البتہ اگر کوئی شخص کھڑے ہو نے پر قادر ہے ،لیکن رکوع اور سجدے کرنے پر قادرنہیں یا کھڑے ہو نے پر اور رکوع کرنے پر قادر ہے لیکن سجدے کرنے پر قادر نہیں تو اس سے کھڑے ہو نے کی فرضیت ساقط ہو جائے گی،ایسا شخص بیٹھ کر اشارے سے رکوع اور سجدے کرکے نماز پڑھے، او ر سجدے کے لیے رکوع سے زیادہ سر جھکا ئے۔

(ماخوذ از نماز کے مسائل کا انسائیکلوپیڈیا: 1/ 325- 326- 327، ط: بیت العمار کراچی)

حلبی کبیر میں ہے:

"والثانية: من الفرائض القيام ولو صلي الفريضة قاعدا مع القدرة علي القيام لا تجوز صلوٰته، بخلاف النافلة."

(فرائض الصـلاة: 261، ط: سهیل اکیڈمی لاهور)

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"فإن لحقه نوع مشقة ‌لم ‌يجز ‌ترك ذلك القيام، كذا في الكافي. ولو كان قادرا على بعض القيام دون تمامه يؤمر بأن يقوم قدر ما يقدر... ولو ترك هذا خفت أن لا تجوز صلاته، كذا في الخلاصة."

(كتاب الصلاة، الباب الرابع عشر في صلاة المريض: 1/ 136، ط: ماجديه)

فتاوی شامی میں ہے:

"(وإن تعذرا) ليس تعذرهما شرطا بل تعذر السجود كاف (لا القيام أومأ) بالهمز (قاعدا) وهو أفضل من الإيماء قائما لقربه من الأرض (ويجعل سجوده أخفض من ركوعه) لزوما."

(‌‌كتاب الصلاة‌‌، باب صلاة المريض: 1/ 97-98، ط: سعید)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144509100550

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں