بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بد اخلاق شوہر سے متعلق وظیفہ


سوال

ایک بیوی کا سوال ہے کہ اس کا خاوند اس کے اور بچوں کے ساتھ بہت بدتمیزی کرتا ہے ناں نفقہ بھی نہیں دیتا اس کے لیے کوئی قرآنی دعا تجویز فرما دیں۔

جواب

شریعتِ مطہرہ میں میاں بیوی کے باہمی حقوق کو بہت اہمیت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے اور  دونوں کو ایک دوسرے کے حقوق کی بہت تاکید کی گئی ہے۔قرآن کریم اور احادیث مبارکہ میں عورتوں کے حقوق بڑی اہمیت کے  ساتھ  بیان کیے گئے ہیں ، شوہر پر  عورت کے حقوق ادا کرنا بھی بہت ضروری ہے۔         ارشاد باری تعالیٰ ہے:

"﴿ وَعَاشِرُوهُنَّ بِالْمَعْرُوفِ فَإِنْ كَرِهْتُمُوهُنَّ فَعَسَى أَنْ تَكْرَهُوا شَيْئًا وَ يَجْعَلَ اللَّهُ فِيهِ خَيْرًا كَثِيرًا﴾ [النساء: 19]"

"ترجمہ: اور ان عورتوں کے ساتھ خوبی  کے  ساتھ گزران کرو،  اور اگر وہ تم کو ناپسند ہوں تو  ممکن ہے  کہ تم ایک شے  کو ناپسند کرو  اور اللہ تعالیٰ اس کے اندر  کوئی  بڑی منفعت رکھ دے۔(ازبیان القرآن)"

ارشاد نبوی ہے:

"قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «أكمل المؤمنين إيماناً أحسنهم خلقاً، وخياركم خياركم لنسائهم» . رواه الترمذي".

(مشکاۃ المصابیح، باب عشرۃ النساء، ج:2، ص:973، رقم:3264، ط:المکتب الاسلامی بیروت)

"ترجمہ: رسول کریم ﷺ نے فرمایا: مؤمنین میں سے  کامل ترین ایمان اس شخص کا ہے جو ان میں سے بہت زیادہ خوش اخلاق ہو،  اور تم  میں بہتر وہ شخص ہے جو  اپنی عورتوں کے حق میں بہتر ہے۔(مظاہر حق، 3، ط؛  دارالاشاعت)"

وفیہ ایضا:

"قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: «خيركم خيركم لأهله وأنا خيركم لأهلي۔۔۔۔۔"

(مشکاۃ المصابیح، باب عشرۃ النساء، ج:2، ص:971، رقم:3252، ط:المکتب الاسلامی بیروت)

"ترجمہ:رسول کریم ﷺ نے فرمایا: تم میں بہترین شخص وہ ہے جو اپنے اہل (بیوی، بچوں، اقرباء اور خدمت گزاروں) کے حق میں بہترین ہو، اور میں اپنے اہل کے حق میں تم میں  بہترین ہوں۔(مظاہر حق، 3/365، ط؛  دارالاشاعت)"

لہذا صورت مسئولہ میں شوہر پر لازم ہے کہ وہ بیوی بچوں کے حقوق ادا کرےاور نان نفقہ کی جو ذمہ داری اللہ تعالی نے اس پر رکھی ہےاسے اداکرنے کی ہر ممکن کوشش کرے،سائلہ پیار ومحبت کے ساتھ شوہر کو سمجھاتی رہےاور ساتھ ساتھ ان وظائف کا اھتمام کرے۔

پہلا وظیفہ:پنج وقتہ نماز کا اہتمام کیجیے، روزانہ دو رکعت صلاۃ الحاجۃ کی نیت سے پڑھ کر دل سے اصلاحِ احوال کی دعا کریں، اللہ تعالیٰ ضرور راہیں کھول دیں گے، قرآنِ کریم کی اس آیتِ مبارکہ (وَ اَلَّفَ بَيْنَ قُلُوْبِمْ ۚ لَوْ اَنْفَقْتَ مَا فِي الْاَرْضِ جَمِيْعًا مَّا اَلَّفْتَ بَيْنَ قُلُوْبِهِمْ وَ لٰكِنَّ اللّٰهَ اَلَّفَ بَيْنَهُمْ ۚ اِنَّهُ عَزِيْزٌ حَكِيْمٌ)کا ہر فرض نماز کے بعد 11بار وِرد کرکے صدقِ دل سے دعا کریں، اللہ تعالیٰ اپنے فضل وکرم سے دلوں کو جوڑ دیں گے۔نیز قرآن کریم کی اس آیت مبارکہ(وَمِنَ النَّاسِ مَنْ يَتَّخِذُ مِنْ دُونِ اللَّهِ أَنْدَادًا يُحِبُّونَهُمْ كَحُبِّ اللَّهِ وَالَّذِينَ آمَنُوا أَشَدُّ حُبًّا لِلَّهِ وَلَوْ يَرَى الَّذِينَ ظَلَمُوا إِذْ يَرَوْنَ الْعَذَابَ أَنَّ الْقُوَّةَ لِلَّهِ جَمِيعًا وَأَنَّ اللَّهَ شَدِيدُ الْعَذَابِ)کوکسی میٹھی چیز پر پڑھ کر کھلادے تو ان شاءاللہ تعالی شوہر مہربان ہوجائےگا۔(اعمال قرآنی ازمولانا اشرف علی تھانویؒ،ص:20/14،ط:مکتبہ خلیل)۔

دوسرا وظیفہ :شوہر کے دل میں محبت پیدا کرنےکے لیے "بسم اللّٰه الرحمن الرحيم" سات سو چھاسی(786) مرتبہ پڑھ کر پانی پر دَم کریں اور جب کھانا پکائیں تو اسی پانی سے پکائیں اور پینے کے پانی پر بھی دَم کریں، ان شاء اللہ شوہر کےدل میں محبت پیداہوگی،دل نرم ہوجائے گا اور گھر رحمت بن جائے گا۔(جواہر الفقہ،ج:2،ص:188،ط:مکتبہ دارالعلوم کراچی)۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144509100075

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں