بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 جمادى الاخرى 1446ھ 14 دسمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

بازار میں عورتوں کے لیے نماز کی جگہ


سوال

 بازار کی مسجد میں عورتوں کے لیے نماز خانہ۔

جواب

 عورت کےذمہ گھرکےامورکی انجام دہی ہے اور بازار کے امور مرد کے ذمہ لازم ہیں، گھر میں مردوں کے ہوتے ہوئے عورت کا بازار  جانا درست نہیں،  البتہ   شدید ضرورت کی بنا پر کسی شرعی ممنوع امر نہ پائے جانے کی صورت میں پردہ کے پورے اہتمام کے ساتھ عورت کو بازار جانے کی  اجازت ہے، تاہم اس میں بھی اس بات کا اہتمام کرنا چاہیے کہ مختصر وقت کے لیے جائے اور ضروری کاموں سے فارغ ہو کر فوراً گھر لوٹ آئے؛ تا کہ بازار میں نماز کا وقت نہ آئے، لیکن بسا اوقات  بازاروں میں خریداری کے دوران نماز کا وقت ہو ہی جاتا ہے؛ اس لیے اگر بازاروں میں ایسی جگہیں خاص کر دی جائیں، جہاں مردوں کی آمد و رفت نہ ہو اور وہاں  عورتیں پردے کے ساتھ نماز ادا کر سکیں تو ایسا کرنا درست ہوگا۔

قرآن کریم میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:

"{وَقَرْنَ فِي بُيُوتِكُنَّ وَلَا تَبَرَّجْنَ تَبَرُّجَ الْجَاهِلِيَّةِ الْأُولَى وَأَقِمْنَ الصَّلَاةَ وَآتِينَ الزَّكَاةَ وَأَطِعْنَ اللَّهَ وَرَسُولَهُ}[الأحزاب: 33]"

"ترجمہ: اور تم اپنے گھروں میں قرار سے رہو اور قدیم زمانہ جاہلیت کے دستور کے موافق مت پھرو اور تم نمازوں کی پابندی رکھو اور زکاۃ دیا کرو اور اللہ کا اور اس کے رسول (علیہ السلام) کا کہنا مانو ۔ (بیان القرآن)"

حدیث شریف میں ہے:

"حدثنا محمد بن بشار قال: حدثنا عمرو بن عاصم قال: حدثنا همام، عن قتادة، عن مورق، عن أبي الأحوص، عن عبد الله، عن النبي صلى الله عليه وسلم، قال: «المرأة عورة، فإذا خرجت استشرفها الشيطان".

(سنن الترمذی ، ابواب الرضاع ، جلد : 3 ، صفحه : 468 ، رقم الحدیث : 1173 ، طبع : شركة مكتبة ومطبعة مصطفى البابي الحلبي - مصر)

"ترجمہ:آں حضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "عورت چھپانے کی چیز ہے،  جب وہ گھر سے باہر نکلتی ہے تو شیطان اس کی تانک جھانک میں لگ جاتا ہے۔"

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144603102230

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں