بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بڑے بھائی اور بڑی بہن کو نام لے کر پکارنے کا حکم


سوال

بڑے بھائی یا بہن کو نام لے کر بلانا کیسا ہے؟

جواب

شریعت میں چھوٹوں کو حکم یہ ہے کہ وہ بڑوں کے ساتھ ادب سے پیش آئیں اور ان کا احترام کریں، اور  چھوٹوں کا  بڑوں کو نام لے کر بلانا ادب کے خلاف ہے، اس لیے عمر یا مرتبے کے لحاظ سے بڑے افراد کا نام لینے کی بجائے انہیں کسی ایسے لقب سے بلانا  چاہیے، جس میں عزت و احترام ہو اور ان کے بڑے ہونے کا لحاظ رکھا گیا ہو؛ لہذا   بڑے بھائی اور بہن کو  (صرف) نام لے کر بلانا مکروہ  ہے،  بھائی جان  اور باجی وغیرہ کہہ کر پکارنا چاہیے، یوں بھی   چھوٹے بھائی، بہن پر اپنے بڑے بھائی اور بہن کا بڑا حق ہے ، بالخصوص اگر وہ صالح و دین دار بھی ہوں۔

مشکاۃ المصابیح میں ہے:

"عن سعيد بن العاص قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: ((حق ‌كبير ‌الإخوة على صغيرهم حق الوالد على ولده)). رواه البيهقي في شعب الإيمان."

(کتاب الأدب، باب البر و الصلة، 1383/3، ط: المکتب الإسلامی)

فيض القدير شرح الجامع الصغير للعلامۃ عبد الرؤوف المناوي ميں ہے :

"الأكبر من الأخوة بمنزلة الأب) في الإكرام والاحترام والرجوع إليه والتعويل عليه وتقديمه في المهمات والمراد: الأكبر دينا وعلما وإلا فسِنًّا."

(حرف الهمزة، فصل في المحلي بأل من هذا الحرف، 181/3، المكتبة التجارية الكبرى - مصر)

و فیہ ایضًا:

"(‌حق ‌كبير ‌الإخوة ‌على ‌صغيرهم كحق الوالد على ولده) أي في وجوب احترامه وتعظيمه وتوقيره وعدم مخالفة ما يشير به ويرتضيه."

(حرف الحاء، 394/3، المکتبة التجاریة الکبری - القاھرۃ)

فتاوی شامی میں ہے:

"(ويكره ‌أن ‌يدعو ‌الرجل أباه وأن تدعو المرأة زوجها باسمه) اهـ بلفظه... (قوله ويكره ‌أن ‌يدعو إلخ) بل لا بد من لفظ يفيد التعظيم كيا سيدي ونحوه لمزيد حقهما على الولد والزوجة، وليس هذا من التزكية، لأنها راجعة إلى المدعو بأن يصف نفسه بما يفيدها لا إلى الداعي المطلوب منه التأدب مع من هو فوقه"

(کتاب الحظر و الإباحة، فرع يكره إعطاء سائل المسجد إلا إذا لم يتخط رقاب الناس، 418/6، ط: سعيد)

فتاویٰ ہندیہ میں ہے:

"يكره ‌أن ‌يدعو ‌الرجل ‌أباه والمرأة زوجها باسمه كذا في السراجية."

(كتاب الكراهية، الباب الثاني والعشرون في تسمية الأولاد وكناهم والعقيقة، 365/5، ط: رشيدية)

فقط واللہ أعلم


فتوی نمبر : 144505100447

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں