بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بینک الفلاح اسلامی میں سیونگ اکاؤنٹ کھول کر نفع لینا


سوال

  میں ایک بیوہ عورت ہوں ،میرے دو بچے ہیں ،جن کی عمر 6 اور 8 سال ہے،ایک سال پہلے میرے شوہر کا انتقال ہوگیا،اب میں اپنے ماں باپ کے ساتھ رہتی ہوں ،میرے پاس کچھ رقم ہے،کیا میں وہ رقم بینک الفلاح اسلامی میں رکھ کر نفع لے سکتی ہوں ،ان لوگوں کے مطابق ان کے نفع کا فیصد تبدیل ہوتا رہتا ہے،اس لیے وہ کہتے ہیں کہ: یہ سود نہیں ہے،میں ان پیسوں سے اپنی تعلیم مکمل کرنا چاہتی ہوں ،تاکہ بعد میں کوئی کام کرکے اپنے بچوں کی اچھی پرورش کرسکوں ،برائے مہربانی میرے راہ نمائی فرمائیں ۔

جواب

واضح رہے کہ کسی بھی بینک-  چاہے وہ اسلامی  بینک کے عنوان سے ہو یا غیر اسلامی - میں(سیونگ) اکاؤنٹ کھول کر پیسے رکھوانا ،اور پھر متعینہ مدت کے بعد اس پر نفع لینا یہ قرض پر نفع لینا ہوتا ہے،اور شرعا قرض پر نفع لینا سود کہلاتا ہے،لہذا صورتِ مسئولہ میں اگر چہ مروجہ اسلامی بینکوں کا یہ دعوی ہے کہ وہ اسلامی اصولوں پر کام کررہے ہیں ،لیکن درحقیقت ان کا طریقہ کار بھی شرعی اصول سے ہم آہنگ نہیں اور سود سے پاک نہیں، اس لیے بینک الفلاح اسلامی میں رقم رکھوا کر نفع حاصل کرنا جائز نہیں۔

اللہ تعالیٰ نے رزق کے حصول کے بہت سے راستے انسان کو بتلائے ہیں ،یہ ضروری نہیں کہ بینک میں پیسہ رکھ کر،اس پر متعین نفع لینے پر ہی انسان کی ضرورتوں کے پورا ہونے کا دارومدار ہو،آپ کو چاہیے کہ ان پیسوں کو کسی اورجگہ حلال کاروبار میں لگا کر نفع حاصل کریں ،اللہ تعالیٰ رزق دینے والا ہے،وہ ضرور مدد کرےگا۔

فتاوی شامی میں ہے :

"( كلّ قرض جرّ نفعًا حرام) أي إذا كان مشروطًا كما علم مما نقله عن البحر".

(کتاب البیوع،فصل فی القرض، ج:٥، ص:١٦٦، ط:سعید)

الفتاوي الهندیة میں ہے:

"(الفصل السادس في تفسير الربا وأحكامه) وهو في الشرع ‌عبارة ‌عن ‌فضل ‌مال لا يقابله عوض في معاوضة مال بمال وهو محرم في كل مكيل وموزون بيع مع جنسه وعلته القدر والجنس."

(کتاب البیوع، ج:۳،ص:۱۱۷،ط:دار االفکر)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144504100487

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں