بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

14 شوال 1445ھ 23 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بالغ آدمی کے لیے عقیقہ کرنا بہتر ہے یا قربانی ؟


سوال

بالغ آدمی کے لیے عقیقہ کرنا بہتر ہے یا قربانی ؟

جواب

اگر کوئی شخص قربانی کے اعتبار سے صاحب نصاب ہو یعنی اگر اس کے پاس سونا ہو تو ساڑھے سات تولہ کے مالک ہونے سے وہ صاحبِ نصاب بن جائے گا،اگر   اس کے پاس چاندی ہے تو ساڑھے باون تولہ چاندی کا مالک ہونے سے وہ صاحبِ نصاب بن جائے گا  ، کیش اور مالِ تجارت کا نصاب بھی آج کل چاندی کے حساب سے ہی لگایا جائے گا، اور اگر ان میں سے دو یا زائد جنسوں کا مالک ہواور  اس کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی تک پہنچ جائے  تو نصاب کا مالک شمار ہو گا۔ یا اس کی ملکیت میں ضرورت سے زائد اتنا سامان ہو جس کی مالیت ساڑھے باون تولہ چاندی کی قیمت کے برابر ہو تو  ایسے شخص پر قربانی واجب ہو گی۔

ایسے شخص کے لیے شرعی حکم یہ ہے کہ یہ اپنی واجب قربانی کو مقدم کرے گا، یعنی عقیقہ کے بجائے واجب قربانی کی ادائیگی اس پر لازم ہے ، البتہ اگر بڑے جانور میں قربانی کے حصہ کے علاوہ ایک حصہ عقیقہ کا شامل کرنا چاہے تو یہ بھی جائز ہے اس صورت میں قربانی اور عقیقہ دونوں ادا ہوجائیں گے۔اور اگر ایسا شخص فقط عقیقہ کرتا ہے توقربانی ادا نہیں ہوگی، قربانی کا فریضہ اس کے ذمہ لازم رہے گا ،قربانی کے ایام میں اگر قربانی نہ کرسکا تو بعد میں ایک قربانی کی رقم کا صدقہ کرنا لازم ہوگا۔

اور اگر کوئی شخص غریب ہے یعنی اس پر قربانی واجب نہیں ہے ، اس صورت میں اگر وہ کسی جانور میں نفلی قربانی کی نیت سے شامل ہو نا چاہے تو یہ بھی درست ہے اور اس کی قربانی ادا ہوجائے گی نیز قربانی کا اجروثواب بھی حاصل ہوگا۔اور اگر نفلی قربانی کے بجائے عقیقہ کی نیت سے شامل ہو تو یہ بھی درست ہے اس صور ت میں عقیقہ ادا ہوجائے گا اگرچہ اب اس کی حیثیت نفلی صدقہ  کی ہوگی۔

یہاں یہ بات بھی یاد رہے کہ  جس  شخص کا عقیقہ نہ ہوا ہو وہ بھی بکرا عید پر قربانی کرے تو اس کی قربانی ادا ہوجائے گی۔قربانی کے درست ہونے کے لیے عقیقہ کا ہونا لازم نہیں ہے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144111201586

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں