بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

بائی پولر بیماری کی وجہ ڈاکٹر کے مشورے سے کتا پالنے کا حکم


سوال

کیا گھر کی چھت پہ کتا رکھنا جائز ہے؟ میرے ہونے والے شوہر کے گھر کتا ہے جو انہوں نے ڈاکٹر کے کہنے پر رکھا تھا؛ کیوں کہ وہ ذہنی بیماری بائے پولر کا شکار ہیں۔ ان کی سائکولوجسٹ کے مطابق ان کی ریکوری کے لیے یہ عمل ضروری تھا۔ وہ کتا گھر میں کھلا نہیں گھومتا، اس کا کمرہ بھی بالکل علیحدہ ہے، مگر گھر میں ہے۔ کمرے کا دروازہ باہر کے دروازہ میں کھلتا ہے۔

جواب

واضح رہے از روئے شرع کتے کو شوقیہ طور پر پالنے کی ممانعت ہے، حدیث شریف میں ہے:

"عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو شخص مویشیوں کی حفاظت کرنے والے کتے اور شکاری کتے کے علاوہ کوئی کتا پالتاہے اس کے اعمال(کے ثواب) میں سے روزانہ دو قیراط کے برابر کمی کردی جاتی ہے۔" یعنی شوقیہ کتا پالنے کی وجہ روزانہ نیک اعمال میں کمی کردی جاتی ہے۔

(مشکوۃ المصابیح، باب ذکر الکلب، رقم الحدیث:4098، ج:2، ص:1197، ط:المکتب لاسلامی)

نیز کتے کو گھر میں رکھنا    خیر  و برکت سے محرومی کا باعث بھی ہے، پھر چاہے گھر کے اندر رکھا جائے یا گھر کی چھت پر رکھا جائے؛ اس لیے بلاضرورت کتوں کے پالنے سے اجتناب بہت ضروری ہے۔

 بصورتِ مسئولہ اگر واقعتًا کسی مسلمان ماہر معالج نے مذکورہ بیماری (بائی پولر یعنی ذہنی ڈپریشن) کا علاج یا اس کو کنٹرول کرنے کا سبب کتا پالنا بتایا ہے تو دیگر ضروریات کی طرح اس ضرورت کی وجہ سے بھی کتا پالنے کی گنجائش ہے۔

نیز اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی ملحوظ رہے کہ کتے کا جھوٹا ناپاک ہے، کسی برتن میں منہ ڈالنے کی وجہ سے برتن کا تین مرتبہ دھونا ضروری ہے، چاہے وہ جتنا بھی صاف ستھرا ہی کیوں نہ ہو، اسی طرح اس کا لعاب جس کپڑے یا جگہ لگے گا اسے بھی پاک کرنا ضروری ہوگا۔

فتاوی ہندیہ میں ہے:

"وفي الأجناس: لاينبغي أن يتخذ كلباً إلا أن يخاف من اللصوص أو غيرهم."

(الباب الحادي والعشرون فيما يسع من جراحات بني آدم والحيوانات، ج:5، ص:360، ط:ايج ايم سعيد)

فقط والله اعلم 


فتوی نمبر : 144204200736

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں