بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 ذو القعدة 1445ھ 18 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

بہو کی مملوکہ اشیاء اجازت کے بغیر بیچنے کا حکم، خاموشی رضامندی کی علامت نہیں


سوال

 اگر ایک لڑکی اپنے  ساس سسر کے ساتھ ایک ہی گھر میں رہتی ہو اور اس  کے پاس ایک جانور ہو جو ان کو حق مہر میں ملا ہو، پھر کچھ عرصہ کے بعد اس جانور کو اس عورت کا سسر فروخت کر دے اور اس وقت وہ عورت کوئی اعتراض بھی نہ کرے فروخت کرنے پر اور رقم مشترکہ گھر میں استعمال کرے، اب بارہ سال بعد اپنے ساس سسر سے الگ ہونے کے بعد وہ عورت اپنے سسر پہ دعوی کرتی ہے کہ آپ نے میرے جانور کو فروخت کیا تھا، اس  لیے اب اس جانور کی رقم مجھے دے دیں، اگر آپ نہیں دیں گے تو قیامت کے دن میں آپ سے لوں گی، اب سوال یہ ہے کہ آیا وہ عورت اپنے سسر سے وہ رقم وصول کر سکتی ہے یا نہیں؟ یاد رہے کہ وہ رقم مشترکہ گھر میں استعمال ہوئی تھی  اور اس عورت نے جانور فروخت کرنے پر اس وقت کوئی اعتراض بھی نہیں کیا تھا۔

جواب

صورتِ  مسئولہ میں اگر سسر نے اپنی بہو کی ملکیت والا جانور بہو کی اجازت کے بغیر فروخت کرکے اس کی رقم گھر کے مشترکہ خرچہ میں استعمال کردی تھی تو سسر پر اس جانور کی قیمت بہو کو واپس کرنا لازم ہے؛ کیوں کہ فروخت کے  وقت بہو کے خاموش رہنے اور کوئی اعتراض نہ کرنے کو  اس کی رضامندی کی علامت قرار نہیں دیا جاسکتا ہے اور  چوں کہ مشترکہ گھر کا خرچہ سسر یا شوہر کے ذمہ ہوتا ہے؛ اس لیے سسر  کا بہو  کی اجازت کے بغیر اس کا مملوکہ جانور فروخت کر کے مشترکہ گھر کے خرچہ میں استعمال کرنا درست نہیں تھا؛ لہٰذا صورتِ  مسئولہ میں بہو کا اپنے سسر سے جانور کی قیمت کا مطالبہ کرنا اور وہ رقم وصول کرنا درست ہے۔

الأشباه والنظائر لابن نجيم (ص: 129):

"القاعدة الثانية عشرة: لاينسب إلى ساكت قول.

فلو رأى أجنبيًّا يبيع ماله فسكت و لم ينهه لم يكن وكيلًا بسكوته، و لو رأى القاضي الصبي أو المعتوه أو عبدهما يبيع و يشتري فسكت لايكون إذنًا في التجارة، و لو رأى المرتهن الراهن يبيع الرهن فسكت لايبطل الرهن و لايكون رضًا في رواية،و لو رأى غيره يتلف ماله فسكت لايكون إذنًا بإتلافه، و لو رأى عبده يبيع عينًا من أعيان المالك فسكت لم يكن إذنًا، كذا ذكره الزيلعي في المأذون."

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144212202371

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں