بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

بچی کا نام اشمل فاطمہ رکھنے کا حکم


سوال

 اِشمل فاطمہ (Ishmal Fatima) نام رکھنا کیسا ہے؟

جواب

"اِشمَل" ( ہمزہ کے نیچے زیر اور میم پر زبر)، "شمل" مصدر سے واحد مذکر امر حاضر کا صیغہ ہے، جس کے معنی تم ایک مرد  احاطہ کرو، شامل کرو، چھپاؤ،   وغیرہ کے  ہیں، نیز "فاطمہ"  فطم سے ہے جس کے معنی  دودھ  چھڑانے کے ہیں، لغوی اعتبار سے "فاطمہ" کا معنیٰ دودھ چھڑانے والی عورت  کے ہیں، یعنی اس میں نیک فالی ہے کہ یہ لڑکی بڑی ہوگی، اس کی شادی ہوگی، اس کا بچہ ہوگا، وہ اُسے دودھ پلائے گی اور بچہ بھی بڑا ہوگا، یہاں تک کہ دودھ پینے کی مدت ختم ہوگی اور وہ دودھ چھڑائے گی وغیرہ۔ نیز "فاطمہ" رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم  کی لخت جگر اور پیاری بیٹی (فاطمہ بنت محمدصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم) کا بابرکت نام ہونے کے ساتھ ساتھ بیس (۲۰) سے زیادہ صحابیات کا بھی نام  ہے۔

لہذا صورتِ مسئولہ میں بچی کا نام   "اشمل فاطمہ" رکھنا معنیٰ کے لحاظ سے درست نہیں ہے، اس لیے حضرت فاطمہ الزہراء رضی اللہ عنہا کی نسبت سے  صرف "فاطمہ"  یا "فاطمہ الزہراء " نام رکھنا  چاہیے۔  

معجم مقاییس اللغۃ میں ہے:

"(شمل) الشّين والميم واللّام أصلان منقاسان مطّردان، كلّ واحد منهما في معناه وبابه.

فالأول يدل علی دوران الشيء بالشيء وأخذه إياه من جوانبه. من ذالك قولهم: شملهم الأمر، إذا عمّهم. وهذا أمر شامل. ومنه الشّملة، وهي كساء يؤتزر به و يشتمل. و جمع الله شمله، إذا دعا له بتألف أموره، وإذا تألّفت اشتمل كل واحد منهما بالآخر."

(كِتَابُ الشِّينِ، بَابُ الشِّينِ وَ الْمِيمِ وَ مَا يَثْلُثُهُمَا، ٣ / ٢١٥، ط: دار الفكر)

تاج العروس من جواہر القاموس میں ہے:

"(فطمة يفطمه) فطما: (قطعه) كالعود ونحوه، وقال أبو نصر: فطمت الحبل: قطعته. (و) فطم (الصبي) يفطمه فطما: فصله عن الرضاع ... (وفاطمة عشرون صحابية) بل أربعة وعشرون، وهن:فاطمة بنت رسول الله صلى الله تعالى عليه وسلم سيدة نساء العالمين، وابنة أسد بن هاشم الهاشمية أم علي وإخوته رضي الله تعالى عنهم، وبنت الحارث بن خالد التيمية، وابنة أبي الأسود المخزومية، وابنة أبي حبيش الأسدية، وابنة حمزة بن عبد المطلب، وابنة سودة الجهنية، وابنة شرحبيل، وابنة شبية العبشمية، وابنة صفوان الكنانية، وابنة الضحاك الكلابية، وابنة أبي طالب أم هانئ في قول، وابنة عبد الله، وابنة عتبة، وابنة خطاب العدوية، وفاطمة الخزاعية، وابنة علقمة العامرية، وابنة عمرو بن حزام، وابنة المجلل العامرية، وابنة منقذ الأنصارية، وابنة الوليد بن عتبة، وابنة اليمان رضي الله تعالى عنهن ... (والفواطم التي في الحديث) أن النبي صلى الله تعالى عليه وسلم أعطى عليا حلة سيراء وقال: "شققها خمرا بين الفواطم". قال القتيبي: إحداهن سيدة النساء فاطمة الزهراء صلى الله عليها."

(فصل الفاء مع الميم، ٣٣/ ٢٠٩، ط: دار  إحياء التراث)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144503101571

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں