بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

3 جُمادى الأولى 1446ھ 06 نومبر 2024 ء

دارالافتاء

 

اذان سے پہلے درود وسلام پڑھنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟


سوال

اذان سے پہلے درود وسلام پڑھنے کی شرعی حیثیت کیا ہے؟

جواب

درود شریف پڑھنا ایک مستقل عبادت ہے، اس کے بہت سے فضائل قرآن وحدیث میں وارد ہیں، اس کی کثرت، برکت، رحمت اور خیر کثیر کا ذریعہ اور سبب ہے، لیکن دوسری طرف اذان ایک مستقل عبادت ہے جو نماز کی خبر دینے کے لیے مشروع کی گئی ہے اور اس کے الفاظ حدیثِ  مبارک  سے ثابت اور منقول ہیں، اس میں کسی قسم کا اضافہ یا کمی کرنا جائز نہیں ہے؛ لہذا اذان سے پہلے  باآوازِ  بلند درود وسلام اور اذان کے بعد کی دعا پڑھنا شریعت میں ثابت نہیں ہے،  یہ گویا اذان میں اضافہ ہے،  رسول اللہ ﷺ نے درود شریف کے جتنے فضائل بیان کیے ہیں وہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم، تابعینِ کرام و تبع تابعینِ کرام رحمہم اللہ کے سامنے تھے، لیکن کسی نے اذان سے پہلے  بلند آواز میں درود شریف پڑھنے کا معمول نہیں بنایا؛  اس لیے  اذان سے پہلے  درود شریف پڑھنا  بدعت ہے اور اس کا ترک کرنا لازم ہے،البتہ اذان کے بعد،خلوص کے ساتھ،آہستہ آواز سے  درود شریف پڑھنے میں کوئی حرج نہیں ہے، یہ حدیث سے ثابت ہے۔

صحيح مسلم ميں ہے:

"عن ‌عبد الله بن عمرو بن العاص أنه سمع النبي صلى الله عليه وسلم يقول: « ‌إذا ‌سمعتم المؤذن فقولوا مثل ما يقول، ثم صلوا علي؛ فإنه من صلى علي صلاة صلى الله عليه بها عشرا، ثم سلوا الله لي الوسيلة؛ فإنها منزلة في الجنة لا تنبغي إلا لعبد من عباد الله، وأرجو أن أكون أنا هو. فمن سأل لي الوسيلة حلت له الشفاعة".

(كتاب الصلاة، ‌‌باب القول مثل قول المؤذن لمن سمعه، ج:2،ص:4،رقم:384، ط: دار الطباعة العامرة - تركيا)

فتاوی محمودیہ میں ہے:

"اذان سے پہلے درود شریف پڑھنا ثابت نہیں ،خلاف سنت ہے،البتہ اذان کے بعددرود شریف پڑھ کر دعا مانگنا  حدیث شریف سے ثابت ہے،ہر کام حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق کیا جائے۔"

(باب البدعات والرسوم، اذان سے پہلے درود شریف پڑھنا ،ج:3،ص:103،ط:ادارۃ الفاروق کراچی)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144411102114

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں