بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عائزل نام رکھنا اور اس کا معنی بہت عزیز یا بہت مقدس بیان کرنا


سوال

عائزل نام رکھ سکتے ہیں؟

عائزل نام کا مطلب اور اہمیت:

" عائزل ایک خوبصورت اردو نام ہے، جس کا معنی ہے "بہت عزیز"یا "بہت مقدس"، یہ نام اردو زبان کا ہے، اور اس کا استعمال مختلف مسلمانوں کے دائرہ کار میں دیکھا جاتا ہے۔

عائزل نام مختلف لفظوں سے اشتقاقی ہے، جیسے: “عائزلت” جو “بہت عزیز” یا “بہت مقدس” کا معنی ہے، اس نام کے حامل افراد معمولاً عزت، احترام، اور انفرادیت کے خصوصیات رکھتے ہیں۔"

جواب

صورت مسئولہ میں "عائز ل"نام کے جو معنی تحریر کیے  ہے، یہ معانی کسی بھی مستند لغت میں موجود نہیں ہیں،  لہذا"  عائزل"  ایک بے معنی اور مہمل لفظ ہے، چناں چہ  عربی، فارسی اور اردو لغات میں  "عائزل" لفظ کا معنی تلاش کے باوجود بھی نہیں ملا، چناں چہ   عائزل نام رکھنا درست نہیں ہے، اس لیے کہ شریعت اسلامیہ میں اچھے معانی والے نام رکھنے کا حکم دیا گیا  ہے،چناں چہ  رسول اکرم ﷺ پاس لوگ جب اسلام قبول کرنے کے لیے آتے تو اگر ان کے نام کے معانی اچھے نہ ہوتے تو  نبی علیہ السلام ان کے نام تبدیل فرمادیا کرتے ،چناں چہ  بچیوں کے نام رکھنے کے سلسلے میں بہتر اور مناسب یہ ہے کہ ان کے نام ازواج مطہرات اور صحابیات رضوان اللہ علیہن اجمعین  یا نیک عورتوں کے ناموں میں سے کسی  کے نام  پر رکھے جاۓ۔

مشکاۃ المصابیح میں ہے:

"و عن أبي الدرداء قال: قال رسول الله صلى الله عليه و سلم: «تدعون يوم القيامة بأسمائكم وأسماء آبائكم فأحسنوا أسمائكم» رواه أحمد وأبو داود".

(کتاب الآداب، باب الاسامي، ج:3، ص:1348، ط:المکتب الاسلامي-بیروت)

ترجمۃ:"حضرت ابو الدرداء رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: تم لوگوں کو قیامت کے دن تمہارے اور تمہارے باپ کے نام سے پکارا جائے گا، لہٰذا اپنے نام اچھے رکھو۔ (یعنی والدین اولاد کے نام اچھے رکھیں)۔"

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144506101912

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں