بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اولاد کے حصول کے لیے استغفار کی کثرت


سوال

ہمیں اولاد کے حصول کے لیے كس قسم كےاستغفار کی کثرت کرنی چاہیے؟

جواب

استغفارکے معنی ہیں تو بہ کرنا یعنی اپنے گناہوں اور قصوروں کی معافی مانگنااور بخشش طلب کرنا، اور اس کے لیے کوئی بھی لفظ  جس سے اللہ سے معافی مانگنے کا معنی موجود ہو استعمال کیا جاسکتا ہے، چند ایک مندرجہ ذیل ہیں:

  • "أستغفرُالله"
  • "أَسْتَغْفِرُ اللّٰه الَّذِيْ لَا اِلٰـه اِلَّا هُوَ الْحَیُّ الْقَیُّوْمُ وَأَتُوْبُ إِلَیْه"
  •  " رَبِّ اغْفِرْ لِیْ وَتُبْ عَلَیَّ إِنَّك أَنْتَ التَّوَّابُ الرَّحِیْمُ."

مندرجہ بالا الفاظ میں سے استغفار کے لیے جس میں سہولت و آسانی ہو ،اس کاانتخاب کرکے پڑھنے کا اہتمام کرلیا جائے،نیزاولاد کے حصول کے لیے استغفار کی کثرت مجرّب قرآنی عمل ہے، چنانچہ قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ ہے:

"فَقُلْتُ اسْتَغْفِرُوا رَبَّكُمْ إِنَّهُ كَانَ غَفَّارًا(10)يُرْسِلِ السَّمَاءَ عَلَيْكُم مِّدْرَارًا(11)وَيُمْدِدْكُم بِأَمْوَالٍ وَبَنِينَ وَيَجْعَل لَّكُمْ جَنَّاتٍ وَيَجْعَل لَّكُمْ أَنْهَارًا(12)"

(سوره نوح)

ترجمہ:’’میں  نے (ان سے یہ ) کہا کہ تم اپنے پروردگار سے گناہ بخشواؤ بے شک وہ بڑابخشنے والا ہے، کثرت سے تم پر بارش بھیجے گا اور تمہارے مال اور اولاد میں ترقی دے گا،اور تمہارے لیے باغ لگادے گااور تمہارے لیے نہریں بہا دے گا۔‘‘

(بیان القرآن،ج:3،ص:595،ط:رحمانیہ)

 نیز میاں بیوی دونوں چلتے پھرتے بکثرت اور بالخصوص   ہر نماز کے بعد میاں بیوی دونوں سات مرتبہ درج ذیل دعا کا اہتمام کریں، اللہ کی ذات سے قوی امید ہے کہ وہ ان کو اولاد کی نعمت عطا کردے گا:

﴿ رَبِّ لَا تَذَرْنِي فَرْدًا وّأََنتَ خَيْرُ الْوَارِثِينَ ﴾ 

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144412101559

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں