اگر کوئی شخص شام کو مسنون اذکار کرتا ہواور اس کی وجہ سے اوابین رہ جاتے ہوں تو اس کے لیے کیا حکم ہے کہ وہ اذکار کرے یا اوابین میں مشغول ہو؟
بصورتِ مسئولہ دونوں عمل نفلی اعمال میں سے ہیں، اور ایسے اعمال میں شریعت نے تقابل کی فضا قائم کرنے کو پسند نہیں کیا، بلکہ بقدرِ استطاعت جب جب ممکن ہو، نیک اعمال کے بجالانے کا حکم دیاہے، اس لیے اوابین اور ذکر و اذکار دونوں اعمال بقدر استطاعت انجام دینے چاہییں۔
مغرب کی نماز کے بعد ممکن ہوتو سنتوں کے علاوہ مستقل چھ رکعات اوبین ادا کرکے ذکر اذکار میں مشغول ہوں، ورنہ دو رکعات سنت کے ساتھ چار رکعات اوابین ادا کرلیں تو بھی وابین کے نوافل ادا ہوجائیں گے، اس کے بعد ذکر واذکار کرلیے جائیں، نیز ذکر و اذکار کے کلمات یاد کرلیے جائیں تو اور بہتر ہے، وہ چلتے پھرتے بھی پڑھے جاسکتے ہیں۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144209202390
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن