بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

آٹو میٹک مشین میں پانی کے سسٹم کو تین کے بجائے دو بار کرنے سے دھلنے والے کپڑوں کا حکم


سوال

آٹومیٹک مشین میں پاک اور ناپاک کپڑے اکھٹے دھونے کی صورت میں مشین کے سسٹم میں تین بار پانی تبدیل کی سیٹنگ رکھنے کے بجائے دو بار پانی لینے کی سیٹنگ کرنا کپڑے کی پاکی کے لیے کافی ہے؟اور اگر ناپاک کپڑے پہلے سے الگ سے دھو لیے جائیں، پھر پاک کپڑوں کے ساتھ دھوئے جائیں تو کیا حکم ہوگا؟نیز جن کپڑوں کے متعلق ناپاکی کا یقین نہ ہو تو محض ناپاکی کے احتمال کی وجہ سے احتیاط کرنی  چاہیے؟

جواب

اگر پاک کپڑے مشین میں دھوئے جائیں تو  انہیں تین پانی سے دھونا ضروری نہیں ہے، اور اگر کپڑے ناپاک ہیں یا پاک اور ناپاک کپڑے دونوں ملادیے تو انہیں پاک کرنے کا  طریقہ یہ ہے کہ تین مرتبہ پاک پانی سے دھویا جائے، اور ہر مرتبہ نچوڑا بھی جائے، لہذا اگر آٹو میٹک واشنگ مشین میں انہیں اس طرح تین مرتبہ دھویا جائے کہ  ہر مرتبہ اس میں صاف اور پاک پانی  آتا ہو اور  ہر مرتبہ کپڑے سے پانی نچوڑ لیا جائے تو وہ پاک ہوجائے گا، کپڑے ناپاک ہونے کی صورت میں ایک یا دو مرتبہ دھونا کافی نہیں ہوگا، اس لیے اگر دھوئے جانے والے کپڑے پاک اور ناپاک دونوں طرح کے ہوں تو   ان کے دھونے کے لیے یہ طریقے اختیار کیے جائیں:

1۔ جن کپڑوں کے بارے میں یقین ہے کہ یہ پاک ہیں انہیں پہلے دھولیا جائے، اور اس کے بعد ناپاک اور مشکوک کپڑوں کو دھولیا جائے ۔ 

2۔ جو کپڑے ناپاک ہیں، ان میں ناپاک جگہ کو پہلے الگ سے تین مرتبہ اچھی طرح دھوکر اور نچوڑ کر ، یا ناپاک حصے کو جاری پانی یا کثیر پانی میں دھو کر پاک کرلیاجائے ، پھر تمام پاک کپڑوں کو واشنگ مشین میں دھولیا جائے، اس صورت میں دوبارہ واشنگ مشین میں تین مرتبہ دھونا یا بہت زیادہ پانی بہانا ضروری نہیں ہوگا۔

یہ بھی ملحوظ رہے کہ ناپاکی کا احتمال اگر کسی بنیاد پر ہے تو ان کپڑوں کے دھونے میں احتیاط کرنی چاہیے، لیکن اگر ناپاکی کا محض احتمال ہو، احتمال کی کوئی معقول وجہ نہ ہو تو شک میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔ فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144206200022

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں