بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عورت کو پسلی سے پیدا کیا گیا ہے


سوال

ایک بات کی تصدیق کرنی تھی کہ کہا جاتا ہے کہ :

1. مرد کی شادی اسی عورت سے ہوتی ہے جس کی پسلی سے اسے پیدا کیا جاتا ہے کیا ایسی کوئی حقیقت ہے؟

2. اور یہ کہ انسان وہیں دفن ہوتا ہے جہاں سے اس کی مٹی اٹھائی گئی تھی۔

جواب

1۔ اس کی کوئی حقیقت نہیں ۔ البتہ ایک روایت میں آتا ہے کہ  : 

"عن أبي هريرة عن النبي صلی الله عليه وسلم قال : من کان يؤمن بالله واليوم الآخر فلايؤذ جاره واستوصوا بالنساء خيرًا فإنهن خلقن من ضلع وأن أعوج شئ فی الضلع أعلاه فان ذهبت تقيمه کسرته و إن ترکته لم يزل أعوج، فاستوصوا بالنساء خيرًا."

ترجمہ: حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرمان نقل کرتے ہیں کہ جو شخص اللہ تعالی اور آخرت کے دن پر ایمان رکھتا ہو وہ اپنے پڑوسی کو اذیت نہ پہنچائے اور خواتین کے بارے میں بھلائی کی وصیت قبول کرو۔ انہیں پسلی سے پیدا کیا گیا ہے اور پسلی میں سب سے ٹیڑھا حصہ سب سے اوپر والا حصہ ہوتا ہے اگر تم اسے سیدھا کرنے کی کوشش کرو گے تو تم اسے توڑ دو گے اور اگر اس کے حال پر رہنے دو گے تو وہ ٹیڑھی رہے گی،  لہٰذا خواتین کے بارے میں بھلائی کی وصیت قبول کرو۔

2۔ علماء نے اس نکتے پر بحث کی ہے کہ ہر انسان مٹی سے بنتا ہے یا انسانِ اول حضرت آدم مٹی سے بنے ہیں؟ راجح بات یہ ہے کہ: پہلے انسان مٹی سے بنے ہیں اور  باقی انسانوں کے بارے  مٹی سے بنا ہوا اس لیے کہا جاتا ہے کہ :مٹی سے ہی غذائیں کھا کر نطفہ بنتا ہے، جو انسان کی تخلیق کا باعث بنتا ہے۔

اس حوالے سے سورہ طہ کی آیت : "منها خلقناكم ... الآيةکے تحت بعض مفسرین نے عطاء خراسانی رحمہ اللہ کی ایک موقوف روایت سمیت دیگر روایات بھی نقل کی ہیں، لیکن  سنداً  کمزور ہونے اور دیگر نصوص کے خلاف ہونے کی بنا پر محققین انہیں قبول نہیں کرتے۔  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144204200732

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں