بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 شوال 1445ھ 19 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عورت کا اقامت کہنا


سوال

جمعہ کے دن اگر ظہر کی نماز جماعت سے پڑھیں تو کیا عورت اقامت دے سکتی ہے؟

جواب

اگر کسی ملک میں مساجد بالکلیہ بند ہوں یا بعض صحت مند افراد کو جمعہ کی نماز میں شرکت سے روک دیا جائے تو انہیں چاہیے کہ وہ مساجد کے علاوہ جہاں چار یا چار سے زیادہ بالغ مرد جمع ہوسکیں اور ان لوگوں کی طرف سے دوسرے لوگوں کی نماز میں شرکت کی ممانعت نہ ہو، جمعہ قائم کرنے کی کوشش کریں۔  شہر، فنائے شہر یا قصبہ میں جمعہ کی نماز میں چوں کہ مسجد کا ہونا شرط نہیں ہے؛ لہٰذا امام کے علاوہ کم از کم تین مرد مقتدی ہوں تو  بھی جمعہ کی نماز صحیح ہوجائے گی؛ چناں چہ جمعے کا وقت داخل ہوجانے کے بعد پہلی اذان دی جائے، سنتیں ادا کرنے کے بعد امام منبر یا کرسی وغیرہ پر بیٹھ جائے، اس کے سامنے  دوسری اذان دی جائے، پھر امام خطبہ مسنونہ پڑھ کر دو رکعت نماز پڑھا دے۔  چاہے گھر میں ہوں یا کسی اور جگہ جمع ہو کر جمعہ پڑھ لیں۔

عربی خطبہ اگر یاد نہ ہو تو  کوئی خطبہ دیکھ کر پڑھے، ورنہ عربی زبان میں حمد و صلاۃ اور قرآنِ پاک کی چند آیات پڑھ کر دونوں خطبے دے دیں۔
  اگر شہر یا فنائے شہر یا قصبہ میں چار  بالغ افراد جمع نہ ہوسکیں تو ظہر کی نماز  تنہا پڑھیں۔

تاہم پانچ وقت کی فرض نماز اور جمعہ کی نماز جماعت سے  ادا کرنے کے  لیے اقامت دینا  مردوں پر سنتِ مؤکدہ ہے،  عورتوں کے لیے اقامت دینا مسنون نہیں ہے، بلکہ  مکروہِ تحریمی ہے؛ لہذا اگر بوجہ مجبوری گھر میں باجماعت نماز ادا کی جائے تو مرد مقتدی ہی اقامت کہے، اور اگر مقتدیوں میں کوئی مرد نہ ہو تو  امام خود  اقامت کہے۔

الفتاوى الهندية (1/ 53):
"الأذان سنة لأداء المكتوبات بالجماعة، كذا في فتاوى قاضي خان. وقيل: إنه واجب، والصحيح أنه سنة مؤكدة، كذا في الكافي. وعليه عامة المشايخ، هكذا في المحيط. ... وليس على النساء أذان ولا إقامة، فإن صلين بجماعة يصلين بغير أذان وإقامة، وإن صلين بهما جازت صلاتهن مع الإساءة، هكذا في الخلاصة". فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144108200584

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں