بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عقیقہ کے مسائل احکام


سوال

عقیقہ کے ضروری  مسائل بتادیں!

جواب

صورت مسئولہ میں جس جانور کی قربانی جائز ہے،  اس  میں  عقیقہ  کرنا  بھی  جائز  ہے، جیسے :اونٹ، گائے، بھینس، بکرا وغیرہ اور اونٹ، گائے میں عقیقہ کے سات حصے رکھ سکتے ہیں، مثلاً کسی شخص کے تین لڑکے اور ایک لڑکی ہو اور وہ ان سب کے عقیقہ میں ایک گائے یا ایک اونٹ ذبح کرنا چاہے تو کرسکتا ہے۔   (ہندیہ، ج:۵،ص:۳۰۴)
٭گائے، بیل وغیرہ میں کچھ حصے قربانی کے اور کچھ حصے عقیقے کے رکھنا جائز ہے۔   (ہندیہ، ج:۵،ص:۳۰۴)
٭جس جانور کی قربانی جائز نہیں، جیسے: ہرن، نیل، گائے وغیرہ، اس سے عقیقہ کرنا بھی جائز نہیں، اور جس جانور کی قربانی جائز ہے، جیسے: گائے، بیل اور بکرا وغیرہ، اس سے عقیقہ بھی درست ہے۔ (ہندیہ، ج:۵،ص:۳۰۴)
٭عقیقہ کے گوشت کے تین حصے کرنا مستحب ہیں: ایک حصہ صدقہ کردیں، ایک حصہ پڑوسیوں اور رشتہ داروں کو دے دیں، اور ایک حصہ گھر میں رکھ لیں۔  (ہندیہ، ج:۵،ص:۳۰۴)
٭عقیقہ کے گوشت سے دعوت کرنا بھی جائز ہے، نیز عقیقہ یا قربانی کا گوشت  ولیمہ  کی دعوت میں استعمال کرنا جائز ہے۔

(إعلاء السنن، باب أفضلية ذبح الشاة في العقيقة، قبیل باب ما یقول الذابح عند الذبح، (17/ 127)شامي، ج:۶، ص:۳۲۶  )

سرکے بال منڈوانا

٭بچہ/بچی کی ولادت کے ساتویں دن سر کے بال منڈوادیں، خواہ پہلے سرمنڈوائیں، پھر عقیقہ کریں یا پہلے عقیقہ کریں، پھر سر کے بال منڈوائیں، دونوں طرح جائز ہے، البتہ بہتر یہ ہے کہ پہلے بچہ کے سر کے بال منڈوائیں، پھر عقیقہ کا جانور ذبح کریں۔

(إعلاء السنن۱۷ ؍ ۱۲۶ ، ط:إدارة القرآن)

بالوں کے وزن کے برابر چاندی صدقہ کرنا

٭بچہ/بچی کے سر کے بال منڈوانے کے بعد بالوں کے وزن کے برابر سونا یا چاندی خیرات کردیں (چاندی سے اس کا اندازہ رقم میں تقریباً پانچ سو روپے سے ایک ہزار روپے تک ہے، یہ رقم صدقہ کردیں) اور بالوں کو کسی جگہ دفن کردیں۔

(مشکوٰۃ، ج:۲،ص:۳۶۲)

٭لڑکے اور لڑکی کا سر منڈوانے کے بعد اگر زعفران میسر ہو تو تھوڑا سا زعفران پانی میں گھول کر روئی وغیرہ سے اس کے سر پر لگادیں اور اگر زعفران نہ ہو تو کچھ حرج نہیں، کیونکہ یہ عمل بہتر ہے، ضروری نہیں ہے۔

(مشکوٰۃ، ج:۲،ص:۳۶۲)

ساتویں دن عقیقہ نہ کرسکنے کا حکم:

٭اگر کوئی ساتویں دن عقیقہ نہ کرسکے تو آئندہ جب کرے ساتویں دن کا خیال کرنا مستحب ہے، ا س کاآسان طریقہ یہ ہے کہ جس دن لڑکا یا لڑکی پیدا ہو، اس سے ایک دن پہلے عقیقہ کردیں، مثلاً اگر لڑکا جمعہ کے دن پیدا ہوا ہے تو جمعرات کو عقیقہ کردیں اور اگر جمعرات کو بچہ پیدا ہواہے تو بدھ کو عقیقہ کردیں، اس طرح جب بھی عقیقہ کیا جائے گا، وہ حساب سے ساتواں دن پڑے گا۔

(شرح المہذب، ج:۹،ص:۲۴۵)

٭اگر کوئی ا س کا لحاظ کیے بغیر کسی بھی دن عقیقہ کردے یا بقر عید کے دن قربانی کے ساتھ عقیقہ کردے تو بھی جائز ہے۔

(فتاوی شامی ۔6/ 326، کتاب الاضحیۃ، ط: سعید)

٭جس شخص کا پیدائش کے بعد عقیقہ نہ ہو اہو تو بعد میں اس کو اپنا عقیقہ کرنا جائز ہے، چنانچہ ایک روایت میں ہے کہ: آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم نے نبوت ملنے کے بعد اپنا عقیقہ فرمایا۔

(شرح المہذب، ج:۹، ص:۲۴۵ وتنقیح الحامدیہ، ج:۲،ص:۲۳۳)

ختنہ کروانا:

٭اگر لڑکا پیدا ہو تو ولادت کے ساتویں دن ختنہ کرانا مستحب ہے، کیونکہ ولادت کے ساتویں دن سے لڑکے کی بارہ سال عمر ہونے تک ختنہ کرانے کا مستحب وقت ہے۔ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت حسن اور حضرت حسین r کی ولادت کے ساتویں دن اُن کا ختنہ کروایا تھا اور حضرت ابراہیم علیہ السلام نے حضرت اسحاق علیہ السلام کی ولادت کے ساتویں دن اُن کا ختنہ کرایا تھا اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کا تیرہ سال کی عمر میں ختنہ کروایا تھا۔

(تکملۃ فتح الملہم، ج:۵،ص:۹)

بچہ کا نام رکھنا:

٭ساتویں دن لڑکے/لڑکی کا اچھا سانام رکھ دیں، نام رکھنے میں ساتویں دن سے زیادہ تاخیر نہ کریں، اور ایسا نام نہ رکھیں جس کے معنی برے ہوں یا اس میں بڑائی کا یا بزرگی کا مفہوم نکلتاہو، جیسے: عاصی یا عاصیہ، جس کے معنی نافرمانی کرنے والا اور نافرمانی کرنے والی کے ہیں، یا جیسے: شہنشاہ، اور امیر الامراء، اس میں بڑائی پائی جاتی ہے، یا جیسے ’’برہ ‘‘نیکو کار اس میں بزرگی پائی جاتی ہے ۔

(تکملۃ فتح الملہم، ج:۴،ص:۲۱۴)

٭لڑکے /لڑکی کی ولادت کے دن نام رکھنا بھی جائز ہے۔

(تکملۃ فتح الملہم، ج:۴،ص:۲۲۰)

٭لڑکے/لڑکی کا نام کسی نیک اور بزرگ سے رکھوانا مستحب ہے ،وہ اپنی پسند سے بچہ/بچی کا کوئی نام رکھ دے۔

(تکملۃ فتح الملہم، ج:۴، ص:۲۲۰)

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144310101463

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں