بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عقیقہ کے ساتھ دوسرا بکرا صدقہ کی نیت سے ذبح کرنا


سوال

اگر کوئی اپنی بیٹی کی ولادت پر عقیقہ کے طور پر ایک بکرا ذبح کرنے کے بجائے ایک سے زائد بکرے ذبح کرے۔ اور ایک میں عقیقے کی نیت کرے اور باقی میں صدقہ کی نیت کرے تو اس صورت میں کیا حکم ہے؟ کیا ایسا عقیقہ کرنا جائز ہے؟  یا سنت پر زیادتی لازم آئے گی؟

جواب

اگر کوئی شخص بیٹی کی ولادت پر ایک سے زائد بکرے ذبح کرنے کو لازم سمجھے بغیر ذبح کرتا ہے اور ایک بکرے میں عقیقہ کی نیت کرتا ہے، باقی میں صدقہ کی تو اس میں شرعاً کوئی حرج نہیں، بلکہ اس کو دوہرا اجر ملے گا، ایک عقیقہ کا  اور دوسرا صدقہ کا۔

یہ سنت پر زیادتی تب کہلائے گی جب لڑکی کے عقیقے کے لیے ایک بکرے یا بکری سے زیادہ کو ضروری سمجھے، یا بطورِ صدقہ ذبح کو لازم سمجھے یا اس طرح کرنے کو زیادہ فضیلت کا باعث سمجھ کر بتکلف کرتاہے، یا اس کا اہتمام کرتا ہے۔

پھر صدقہ کے بکرے  کا گوشت ہر شخص کھا سکتا ہے، خواہ وہ مال دار ہو یا صدقہ دینے والے کا قریبی رشتہ دار ہو۔  البتہ صدقہ کرنے والے کو چاہیے کہ اپنے زیرِ کفالت افراد کو اس صدقہ کی چیز نہ کھلائے نہ خود کھائے، بلکہ ایسی صورت میں زیادہ بہتر یہ ہے کہ کسی مستحق کو دے؛ تاکہ ثواب بھی زیادہ ہو۔

اس بات کا سمجھنا بھی ضروری ہے کہ  جانور صدقہ کرنے میں کوئی حرج نہیں، البتہ اگر جانور کے ذبح سے مقصود فقط خون بہانا ہو اور یہ نیت ہو کہ جان کے بدلہ جان چلی جائے یہ درست نہیں۔ البتہ ذبح کرکے اس کا گوشت فقراء ومساکین میں تقسیم کرنامقصود ہو تو یہ درست ہے۔ لیکن صدقہ کی یہ صورت بھی لازم نہیں، لہذا ذبح کے بجائے نقدرقم یا دیگر اشیاء ضرورت فقراء ومساکین کو دینابھی جائز ہے۔

مفتی اعظم ہند مفتی کفایت اللہ رحمہ اللہ لکھتے ہیں:

"زندہ جانور صدقہ کردینابہتر ہے،شفائے مریض کی غرض سے ذبح کرنا اگر محض لوجہ اللہ(رضائے الہی کے لیے)ہوتومباح تو ہے ، لیکن اصل مقصد بالاراقۃ(خون بہانے سے )صدقہ ہوناچاہیے نہ کہ فدیہ جان بجان۔" (8/252)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144204201065

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں