بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

انبیاء کرام علیہم السلام نے کس چیز کی دعوت دی


سوال

انبیاء کرام نے لوگوں کو کس چیز کی دعوت دی؟

جواب

اللہ جل شانہ نے دنیا  میں انسانوں  کو اپنی عبادت  (بندگی) اور اپنے  احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کے لیے  پیدا فرمایا ہے، دنیا میں انسان کا  یہی امتحان ہوتا ہے کہ آیا وہ اللہ  پاک کے احکامات پر عمل کرتا ہے  یا اپنی مرضی اور نفسانی خواہشات اور شیطان کے راستوں پر چلتا ہے ،اب اللہ پاک کے کیا احکامات ہیں ؟ اللہ پاک کن چیزوں سے راضی ہوتے ہیں اور کن چیزوں سے ناراض ہوتے ہیں ؟ اس کی تعلیم اور راہ نمائی کے لیے اللہ پاک نے انبیاء اور  رسولوں کو بھیجا ہے ،یعنی  انسانوں میں سے ہی کچھ مخصوص اشخاص کو  اپنے رُسُل  اور اَنبیاء کے طور پر منتخب کیا،رُسُل اور انبیاء   علیہم السلام نے لوگوں کو اللہ پاک  کے  احکامات پہنچائے  ،  اللہ کے دین کی دعوت دی اور اس کے مطابق زندگی  گزارنے کی  تعلیم کی ۔

انبیاءِ کرام علیہم السلام  کی تعلیمات  کی بنیادی طور پر دو قسمیں ہیں :۱۔عقائد ۲۔اعمال

عقائد میں بنیادی تعلیمات  یہ ہیں :

اللہ جل شانہ  پر ایمان لانا ،اللہ کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرنا ،اللہ پاک کے فرشتوں کو ماننا ،اللہ پاک کی کتابوں پر ایمان لانا ،اللہ پاک کے انبیاء اور رسولوں پر ایمان لانا ،قیامت کے دن پر ایمان لانا ،تقدیر پر ایمان کہ دینا جو بھی اچھا یا برا ہوتا ہے وہ اللہ ہی کی طرف سے ہے ،موت کے بعد  دوبارہ زندہ اٹھائے جانے پر ایمان لانا،وغیرہ ۔

اعمال میں بنیادی تعلیمات یہ ہیں :

نماز پڑھنا ،روزہ رکھنا ،زکاۃ دینا ،بیت اللہ شریف کا حج کرنا ،اللہ کے دین کے دشمنوں سے جہاد کرنا ،والدین کی اطاعت کرنا ،لوگوں  کی حقوق ادا کرنا ،وغیرہ ۔

صحیح مسلم میں ہے:

"عن ابن عباس، أن أبا سفيان، أخبره من فيه إلى فيه، قال: انطلقت في المدة التي كانت بيني وبين رسول الله صلى الله عليه وسلم، قال: فبينا أنا بالشام إذ جيء بكتاب من رسول الله صلى الله عليه وسلم إلى هرقل يعني عظيم الروم.......ثم قال: بم يأمركم؟ قلت: يأمرنا بالصلاة والزكاة والصلة والعفاف، قال: إن يكن ما تقول فيه حقا فإنه نبي....الحديث."

(کتاب الجهاد و السیر , باب كتاب النبي صلى الله عليه وسلم إلى هرقل يدعوه إلى الإسلام جلد 3 ص: 1393 ط: داراحیاء التراث العربي)

فقط واللہ اعلم 


فتوی نمبر : 144408101654

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں