"إنا لله وإنا إليه راجعون، حسبنا الله ونعم الوكيل، ما شاء الله لاقوة إلا بالله، لا إله إلا أنت سبحانك إني كنت من الظالمين، فاستجبنا له ونجيناه من الغم وكذلك ننجي المؤمنين، يا حافظُ يا حفيظُ يا لطيفُ لما يشاء إنه هو العليم الحكيم."
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جو شخص ہر روز بعد از نمازِ فجر یہ (مذکورہ بالا) دُعا ایک بار پڑھے اور اپنے اہل وعیال پر دم کرے تو اگر سات طبقۂ آسمان وزمین بھی زیر وزبر ہوجائیں تو ان شاء اللہ اس کا بال بیکا نہ ہوگا، اگر پتھر بھی آسمان سے برسیں تو حق تعالی انہیں اپنی حفاظت میں رکھے گا (صدق دل سے پڑھنا شرط ہے)۔
تو پوچھنا یہ ہے کہ کیا مذکورہ بالا دُعا اس فضیلت کے ساتھ ثابت ہے یا نہیں؟ رہنمائی فرمائیں۔
سوال میں مذکور دُعا اور مذکورہ فضیلت کے ساتھ ہمیں تلاشِ بسیار کے باوجود بھی حدیث کی کسی مستند کتاب میں سے نہیں مل سکی، تاہم اس طرح کی دعائیں پڑھنے میں تو کوئی حرج نہیں ، کیوں کہ اکثر آیاتِ قرآنی کا مجموعہ ہے ،لیکن جب تک کسی معتبر سند سے ثابت نہ ہوجائےحضور صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف نسبت کرکے اس فضیلت کو بیان کرنے سے اجتناب ضروری ہے، نیز مستند دعاؤں کا اہتمام کرنا چاہیے، اس کے لیے ہماری جامعہ کی ویب سائٹ پرمسنون وماثور دعائیں موجود ہیں، ان سے استفادہ کیا جاسکتاہے ۔
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144605102155
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن