بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 شوال 1445ھ 26 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اللہ سے مدد حاصل کرنے کے تین طریقے


سوال

اللہ تعالیٰ سے مدد حاصل کرنے کے کوئی تین طریقے  بتائیں ؟

جواب

واضح رہے کہ ایک مومن کااس بات پر ایمان ہونا چاہیے کہ ہمارا اصل مدد گار صرف  اللہ ہی ہے ، چنانچہ  اللہ سے مدد حاصل کرنے کےکئی طریقے ہیں جن میں سے  تین طریقے درج ذیل ہیں۔

(1)عمل میں إخلاص پیدا کرنا:ہماری جدوجہد اور عمل میں إخلاص ہو تو اللہ کی مدد کا حصول ہوگا،

عمدۃ القاری میں ہے:

"وفي رواية الإسماعيلي: ‌إنما ‌ينصر ‌الله ‌هذه الأمة بضعفائهم بدعواتهم وصلاتهم وإخلاصهم."

(كتاب الجهاد والسير، باب من استعان بالضعفاء والصالحين في الحرب، ج:14، ص:178، ط: دار الفكر)

(2)نماز: آپ ﷺ ہر پریشان کن معاملہ میں نماز کا سہارہ لیتے تھے،اور قرآن میں بھی نماز کے ذریعے اللہ سے مدد مانگنےکا حکم ہے۔

قرآن مجید میں ہے:

وَ اسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَ الصَّلٰوةِؕ-وَ اِنَّهَا لَكَبِیْرَةٌ اِلَّا عَلَى الْخٰشِعِیْنَۙ()(سورہ بقرۃ: آیت:45)

 

ترجمہ:اور مدد لو صبر اور نماز سے،اوربے شک وہ نماز دشوار ضرور ہے مگر جن کے قلوب(دلوں) میں خشوع ہو ان پر کچھ بھی دشوار نہیں ،(بیان القرآن)

(3)صبر اور دعا:دعا مومن کا ہتھیار ہے،ہر موقع پر دعا کے ذریعے مومن رب کی رضامندی اور مدد حاصل کرتا ہے،اور مصائب پر صبر کرنے سے بھی اللہ کی مدد آتی ہے،جو مومن صبر کے ساتھ اللہ کو پکارتا ہے،تو اللہ تعالی ہر بلا سے نجات دیتا ہےاور مدد کرتا ہے۔

قرآن مجید میں ہے:

یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا اسْتَعِیْنُوْا بِالصَّبْرِ وَ الصَّلٰوةِؕ-اِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصّٰبِرِیْنَ()(سورہ بقرۃ: آیت:153)

ترجمہ:اے ایمان والوں صبر اور نماز سے سہارا حاصل کرو بلاشبہ حق تعالی صبر کرنے والوں کے ساتھ رہتے ہیں۔(بیان القرآن)

قرآن مجید میں ہے:

اُدْعُوْا رَبَّكُمْ تَضَرُّعًا وَّ خُفْیَةًؕ-اِنَّهٗ لَا یُحِبُّ الْمُعْتَدِیْنَۚ()(سورہ اعراف:آیت:55)

ترجمہ:تم لوگ اپنے پروردگار سے دعا کیا کرو تذلل ظاہر کرکے بھی اور چپکے چپکے بھی ،واقعی اللہ تعالی ان لوگوں کو نا پسند کرتے ہیں جو حد سے نکل جاویں۔(بیان القرآن)

وَ قَالَ رَبُّكُمُ ادْعُوْنِیْۤ اَسْتَجِبْ لَكُمْؕ- (سورہ مومن: آیت:60)

ترجمہ:اور تمہارے پروردگار نے فرمادیا ہے کہ مجھ کو پکارو میں تمہاری  درخواست قبول کرلوں گا۔(بیان القرآن)
خلاصہ کلام یہ ہے کہ عمل میں اخلاص ، نماز ،صبر اردعا کے ذریعے اللہ کی مدد حاصل کی جا سکتی ہے،تا ہم اس کے علاوہ اور اسباب بھی ہے جس کے ذریعے اللہ کی مدد حاصل ہوتی ہے۔
فقط والله أعلم
 


فتوی نمبر : 144409101341

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں