بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

11 شوال 1445ھ 20 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

ایک ہی بار خطبے پڑھ کر جمعہ کی ایک سے زائد جماعتوں کا حکم


سوال

کیا کسی مسجد میں نمازِ جمعہ کے لیے  ایک مرتبہ خطبہ اول اور خطبہ ثانی پڑھ کر دو یا تین مرتبہ نماز جمعہ ادا کی جاسکتی ہے؟

جواب

واضح رہے کہ ایک مسجد میں ایک مرتبہ جمعہ کی نماز کے قیام کے بعد دوسری مرتبہ اُسی مسجد میں جمعہ قائم کرنا مکروہ ہو گا، اگر ایک مسجد میں دو مرتبہ جمعہ کی نماز کے قیام کا باعث یہ ہو کہ ایک مرتبہ مسجد میں تمام افراد نہ سما سکتے ہوں تو اس کی یہ صورت بھی اختیار کی جا سکتی ہے کہ مسجد کے علاوہ کسی بڑے اور کھلے میدان میں جمعہ کی نماز ادا کر لی جائے؛ تا کہ تمام افراد ایک ساتھ جمعہ کی نماز ادا کر سکیں؛ کیوں کہ جمعہ کی نماز قائم کرنے کے لیے مسجد کی شرط نہیں، بلکہ کسی بھی جگہ جمعہ کی نماز پڑھی جا سکتی ہے۔ 

اور اگر یہ بھی ممکن نہ ہو تو مسجد کی حدود سے باہر کسی جگہ میں جمعے کی دوسری جماعت کی جاسکتی ہے، اسی مسجد کی حدود میں جماعتِ ثانیہ نہ کروائی جائے۔ ایسی صورت میں جمعہ کی دوسری جماعت کے لیے الگ سے دوبارہ دونوں خطبے پڑھنے ہوں گے، پہلے خطبوں پر اکتفا جائز نہیں۔ 

نوٹ: الحمدللہ  اب  پاکستان میں مساجد میں فاصلے کے بغیر باجماعت نمازیں ادا کی جارہی ہیں،  اس لیے جمعہ و جماعت سابقہ ترتیب کے مطابق مساجد میں اہتمام کے ساتھ  بغیر فاصلے کے ادا کی جائیں۔

’عن الحسن قال: كان أصحاب رسول الله ﷺ  إذا دخلوا المسجد، وقد صلي فیه، صلوافرادى‘‘.

(المصنف لابن أبي شیبة، كتاب الصلاة، باب من قال: یصلون فرادى، ولایجمعون. مؤسسة علوم القرآن جدید ۵/۵۵، رقم:۷۱۸۸)

ترجمہ: حسن بصری رحمہ اللہ سے منقول ہے کہ صحابہ کرام جب مسجد میں آتے کہ وہاں نماز ہوچکی ہوتی تو وہ انفرادی نماز ادا کرتے تھے۔

"ولنا أنه علیه الصلاة والسلام كان خرج لیصلح بین قوم، فعاد إلی المسجد وقد صلى أهل المسجد، فرجع إلى منزله فجمع أهله وصلى".

( ردالمحتار، کتاب الصلاة، باب الإمامة، ج۱ ص۸ ۵۱ ۔ط:س ۔ج۱ص۵۵۳۔۱۲)

فقط والله أعلم 


فتوی نمبر : 144107201013

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں