بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

23 شوال 1445ھ 02 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

ایک ساتھ تین طلاقیں دینا


سوال

میرے چھوٹے بھائی نے اپنی بیوی کو ایک ساتھ تین طلاقیں  دے  دی ہیں اور جواب  میں اس  کی بیوی نے کہا:  الحمد للہ، یہ ساراعمل غُصے کی حالت میں ہوا، اب سوال یہ ہے کہ کیا تین طلاقیں واقع  ہوگئیں یا ایک ہی طلاق واقع ہوئی ہے، ایک مجلس ہونے کی وجہ سے؟ نیز بھائی کا کہنا ہے کہ  اس کو معلوم نہیں تھا کہ تین مرتبہ طلاق کے الفاظ کہنے سے تین طلاقیں واقع ہوجاتی ہیں۔

جواب

واضح رہے کہ طلاق خوشی و رضامندی سے دی جائے یا غصے  کی حالت  میں دی جائے، چاہے یہ معلوم ہو کہ ان الفاظ سے طلاق ہوجاتی ہے یا معلوم نہ ہو، بہر صورت طلاق واقع ہوجاتی ہے اور ایک مجلس میں اگر تین طلاقیں ایک ساتھ دی  جائیں، تو بھی تین ہی طلاقیں واقع  ہوتی ہیں، لہٰذا صورتِ مسئولہ میں جب آپ کے بھائی نے اپنی بیوی کو ایک مجلس میں  تین طلاقیں دیں، تو (اگر چہ آپ کے بھائی کو معلوم نہیں تھا کہ ایک مجلس میں تین طلاقیں دینے سے تین ہی طلاقیں واقع ہوتی ہیں) آپ کی بھابھی پر تینوں طلاقیں واقع ہوگئیں اور وہ اپنے شوہر پر حرمتِ مغلطہ کے ساتھ حرام ہوگئی اب دوبارہ نکاح یا رجوع کی گنجائش نہیں ہے، آپ کی بھابھی عدت (مکمل تین ماہواریاں اگر حمل نہ ہو اور اگر حمل ہو، تو بچہ کی پیدائش تک) گزار کر دوسری جگہ نکاح کرنے میں آزاد ہوگی۔

 قرآن  کریم میں ہے:

"فَإِن طَلَّقَهَا فَلَا تَحِلُّ لَهُ مِن بَعْدُ حَتَّىٰ تَنكِحَ زَوْجًا غَيْرَهُ ۗ." [البقرة: 230] 

سنن ترمذی میں ہے:

"عن أبي هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم: " ‌ثلاث ‌جدهن ‌جد، ‌وهزلهن ‌جد: النكاح، والطلاق، والرجعة ."

(أبواب الطلاق، ج:2، ص: 481، ط: دار الغرب  الاسلامي)

فتاوی عالمگیری میں ہے:

"وإن كان الطلاق ثلاثا في الحرة وثنتين في الأمة لم تحل له حتى تنكح زوجا غيره نكاحا صحيحا ويدخل بها ثم يطلقها أو يموت عنها كذا في الهداية ولا فرق في ذلك بين كون المطلقة مدخولا بها أو غير مدخول بها كذا في فتح القدير."

(كتاب الطلاق، ج:3، ص473، ط:دارالفكر)

فقط والله أعلم


فتوی نمبر : 144503101065

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں