بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

24 شوال 1445ھ 03 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

ایک سلام کے ساتھ چار رکعات پڑھنا، جادو کا حکم


سوال

کیا نفل نماز کو ایک ہی نیت سے4 رکعات پڑھ سکتے ہیں؟ یا ایک ہی نیت سے 2 رکعت پڑھنا ضروری ہے؟ دوسری بات: کیا نبی اکرم صلی الله عليه وسلم پر زندگی میں کبھی تعویذ یا جادو ہوا ہے ؟ اور شریعت کی نظر میں اس کا علاج کیا ہے ؟

جواب

ایک سلام کے ساتھ نوافل کی چار رکعتیں پڑھنا جائز ہے، البتہ دو رکعتوں کے بعد قعدہ کرنا اور التحیات پڑھنا ضروری ہے۔

ایک یہودی شخص، جس کا نام لبید بن اعصم تھا، اس نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر جادو کیا تھا، بخاری شریف کی روایت سے یہ بات ثابت ہے۔

جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر جادو ہوا تو اللہ تعالیٰ نے سورہ الفلق اور سورۃ الناس نازل فرمائی، ان دو سورتوں کی برکت سے جادو کا اثر ختم ہو گیا، لہذا ان دو سورتوں کا اہتمام کیا جائے، ایک دوسری روایت میں ہے کہ  حضرت کعب احبار رحمہ اللہ جو پہلے یہود کے بڑے علماء میں سے تھے ،پھر حضرت عمر رضی اللہ عنہ کے دور میں مسلمان ہوگئے تھے،انہوں نے بیان کیا کہ اگر میں یہ چند کلمات نہ پڑھا کرتا تو یہود  جادو سے مجھے گدھا بنا دیتے وہ الفاظ یہ ہیں:

" أَعُوْذُ بِوَجْهِ اللهِ الْعَظِيْمِ الَّذِيْ لَيْسَ شَيْءٌ أَعْظَمَ مِنْهُ، وَبِكَلِمَاتِ اللهِ التَّامَّاتِ الَّتِيْ لَايُجَاوِزُهُنَّ بَـرٌّ وَّلَا فَاجِرٌ، وَبِأَسْمَآءِ اللهِ الْحُسْنىٰ كُلِّهَا مَا عَلِمْتُ مِنْهَا وَمَا لَمْ أَعْلَمْ، مِنْ شَرِّ مَا خَلَقَ وَذَرَأَ وَبَرَأَ. "

لہذا جادو کے اثرات کو ختم کرنے کے لیے یہ الفاظ پڑھے جائیں، اللہ پاک اپنے حکم سے ان اثرات کو ختم فرما دیں۔

المحيط البرهاني ميں هے:

"قال محمد رحمه الله في «الجامع الصغير» عن أبي حنيفة رحمه الله أنه قال: صلاة الليل إن شئت صليت بتكبيرة ركعتين، وإن شئت أربعاً."

(كتاب الصلاة، الفصل العشرون في صلاة التطوع، جلد:1، صفحه: 442، دار الكتب العلمية)

صحیح البخاری میں ہے:

"عن عائشة، قالت: سحر النبي صلى الله عليه وسلم حتى إنه ليخيل إليه أنه يفعل الشيء وما فعله، حتى إذا كان ذات يوم وهو عندي، دعا الله ودعاه، ثم قال: «أشعرت يا عائشة أن الله قد أفتاني فيما استفتيته فيه» قلت: وما ذاك يا رسول الله؟ قال: " جاءني رجلان، فجلس أحدهما عند رأسي، والآخر عند رجلي، ثم قال أحدهما لصاحبه: ما وجع الرجل؟ قال: مطبوب، قال: ومن طبه؟ قال: لبيد بن الأعصم اليهودي من بني زريق."

(کتاب الطب، باب السحر، جلد:7، صفحہ: 137، طبع: السلطانیہ)

مشکوۃ المصابیح میں ہے:

"عن القعقاع: أن كعب الأحبار قال: لولا كلمات أقولهن لجعلتني يهود حمارا فقيل له: ما هن؟ قال: ‌أعوذ ‌بوجه ‌الله ‌العظيم الذي ليس شيء أعظم منه وبكلمات الله التامات التي لا يجاوزهن بر ولا فاجر وبأسماء الله الحسنى ما علمت منها وما لم أعلم من شر ما خلق وذرأ وبرأ. رواه مالك."

(کتاب الدعوات، باب الاستعاذہ، الفصل الثالث، جلد:2، صفحہ: 763، طبع: المکتب الاسلامی)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144410100762

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں