بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

27 رمضان 1446ھ 28 مارچ 2025 ء

دارالافتاء

 

اگر مریض کا میڈیکل انشورنس ہو تو ڈاکٹر اور اس کے معاون کی اجرت کا حکم


سوال

 امریکہ اور دیگر ممالک میں ہسپتال، مریض، ڈاکٹر انشورنس کے ساتھ منسلک ہوتے ہیں۔ ڈاکٹر جب کسی مریض کا علاج کرتے ہیں تو انہیں مریض کو فراہم کردہ خدمات، مریض کی متعلقہ انشورنس کمپنی کو بھیجنی ہوتی ہیں تاکہ انشورنس کمپنی مریض کو فراہم کردہ خدمات، علاج کے بدلے رقم ادا کرے۔ اب ڈاکٹر حضرات اپنی مصروفیات کی بناء پر مریض کی تمام تر معلومات انشورنس کمپنی کو خود نہیں بھیجتے بلکہ اس کے لیے کسی کل وقتی یا جزوقتی معاون کی خدمات حاصل کرتے ہیں۔ ایسے معاون کو میڈیکل یا ڈینٹل بلر (Medical / Dental Biller) کہا جاتا ہے۔ میڈیکل بلر کسی سافٹ وئیر میں مریض کی ساری معلومات بل کی شکل میں انشورنس کمپنی کو بھیجتا ہے، انشورنس کمپنی اگر کسی وجہ سے ایسے بل کو مسترد کر دے تو میڈیکل بلر، ایسے بل کی تصحیح کر کے انشورنس کو دوبارہ بھیجتا ہے اور اگر ضرورت پڑے تو ڈاکٹر کے معاون کے طور پر انشورنس کمپنی سے کال پر رابطہ کر کے معاملات / مسائل کو حل کرتا ہے۔

اب صورت مسئولہ میں راہنمائی درکار ہے کہ میرے لیے یہ کام کرنا (یعنی ڈاکٹر کے معاون کے طور پر انشورنس کمپنی کو مریض کا سارا ڈیٹا بھیجنا اور اس سے پیسوں کی وصولی یقینی بنانا) کیسا ہے؟ اور اس کمائی کا کیا حکم ہے؟ 

جواب

صورت مسئولہ میں اگر سائل صرف ڈاکٹر کا ملازم و معاون ہے، انشورنس کمپنی کا نہیں اور اس  کا کام صرف ڈاکٹر کی جانب سے میڈیکل انشورنس کمپنی کو مریض کے علاج سے متعلق معلومات دینا ہے،انشورنس کی لین دین سے سائل کا کوئی تعلق نہیں ہے تو  ڈاکٹر کےملازم و معاون کے طور پر مذکورہ کام کرنا شرعا  جائز ہے اور اس سے ملنے والی اجرت  حلال ہے۔

الفقه الاسلامي وادلتة ميں هے:

"أن تكون المنفعة المعقود عليها مباحة شرعا ً: كاستئجار كتاب للنظر والقراءة فيه والنقل منه، واستئجار دار للسكنى فيها، وشبكة للصيد ونحوها."

(المبحث الثاني:شروط الاجارة،ج5،ص3817،ط؛دار الفكر)

فقط والله اعلم


فتوی نمبر : 144601102313

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں