بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

30 شوال 1445ھ 09 مئی 2024 ء

دارالافتاء

 

اگر کسی سے زنا ہوجائے تواس کا کیا حکم ہے؟


سوال

 زید کا ایک بھائی ہے جس کا نام عمر ہے، عمر کی کسی لڑکی سےدوستی تھی، دونوں ملتے جلتے تھے، اب ان دونوں سے زنا کا ارتکاب ہوگیاہے، لڑکا شادی شدہ ہےاور لڑکی غیر شادی شدہ ہے، اب زید یہ پوچھنا چاہتا ہےکہ میں کیا کروں آپ لوگ اس کا حل بتا دیں ، دنیا میں تو چھپالوں گا اور آخرت میں میری پکڑ نہ ہوجائے اس کی شرعی سزا کیا ہو گی؟

جواب

واضح رہےکہ زناکبیرہ گناہ ہے جس پراحادیث مبارکہ میں سخت وعیدیں وارد ہوئی ہیں ،لہٰذا صورتِ مسئولہ میں جس شخص سے زناہوا ہے اس کوچاہیے کہ کثرت سے توبہ و استغفار کرے،لڑکی سے بھی معافی مانگے،اگر اس سے نکاح کرنا ممکن ہو اور دونوں بیویوں کے حقوق کی ادائیگی اور ان میں برابری پر قادر ہو تو اس کے گھر والوں کی رضامندی سے اسے اپنے نکاح میں لےلے،اپنے اس فعل پر نادم رہے اور آئندہ اس گناہ سے بچنے کا عزم کرے، اور اگر اس لڑکی سے نکاح نہیں کرسکتا تو اس لڑکی سے تعلق فوری طور پر ختم کردے۔ باقی زنا کی شرعی سزا کے متعلق ضابطہ یہ ہے کہ زنا کی شرعی تحقیق و ثبوت کے بعد  حد شرعی جاری کرناحکومت اسلامیہ کے فرائض منصبی میں داخل ہے،شخصی اور انفرادی طور پر اس سزا کااجراء نہیں ہوسکتا۔

مسند الإمام أحمد بن حنبل  میں ہے:

"عن عبد الله رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلی الله علیه و سلم : التوبة من الذنب: أن يتوب منه، ثم لا يعود فيه."

(مسند عبداللہ ابن مسعود ،ج:4، ص:197،الرقم:4264 ط: دارالحدیث)

بدائع الصنائع فی ترتیب الشرائع میں ہے:

"لأن الزنا لم ينعقد سببا لوجوب الحد حين وجوده؛ لعدم الولاية فلا يستوفى بعد ذلك."

(کتاب الحدود،ج:7،ص:34،ط:دار الکتب العلمیة)

وفیه أیضاً:

"وأما شرائط جواز إقامتها فمنها ما يعم الحدود كلها، ومنها ما يخص البعض دون البعض، أما الذي يعم الحدود كلها فهو الإمامة: وهو أن يكون المقيم للحد هو الإمام أو من ولاه الإمام وهذا عندنا."

(کتاب الحدود،ج:7،ص:57،ط:دار الکتب العلمیة)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144312100600

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں