بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

5 محرم 1447ھ 01 جولائی 2025 ء

دارالافتاء

 

اگر میاں بیوی میں سے ایک جنت میں ہو اور دوسرا جہنم میں، تو کیا وہ ایک ساتھ ہو سکیں گے


سوال

آخرت میں سب لوگوں کو ان کے اعمال کے حساب سے جنت و دوزخ میں ڈالا جائے گا اور سب اپنے اعمال کے سبب جزاو سزا پا لیں گے. اسی حوالے سے ایک سوال ہے (بے شک سارا علم اللہ تعالیٰ کے پاس ہے) میرا سوال یہ ہے کہ، رشتہ ازدواج میں مرد اور عورت میں سے اگر مرد کے اعمال اچھے ہوں گے اسے رضائے الٰہی سے جنت میں ڈال دیا جائے گا اور عورت کو اسکے برے اعمال کے سبب جہنم میں ڈال دیا جائے گا. اور اسی طرح اگر مرد کو بسب اس کے اعمال کے دوزخ میں ڈالا جائے گا اور عورت کو اس کے اچھے اعمال کے سبب جنت میں داخل کیا جائے گا. تو دونوں میں سے جو جنت میں ہوگا کیا وہ اس کی سزا کے پورا ہونے کا انتظار کرے گا یا اُسے اللہ تعالیٰ کسی اور کا ساتھ نصیب فرمائے گا؟ جیسا کہ اگر عورت ہے اور وہ اپنے شوہرکا ساتھ چاہتی ہے مگر اسکا شوہر جہنم میں ہو تو کیا اسے اس کا شوہر نہیں ملے گا وہ جنت میں اکیلی ہوگی؟ آخرت میں ہمیں اس کا ساتھ نصیب ہوگا جس سےہم نے دنیا میں محبت کی تو کیا اس کا شوہر اسے ملے گا یا اس کا نکاح کسی اور مرد سے ہوگا؟ اور اگر کسی مرد نے دو سے تین شادیاں کیں تو کیا اسے وہ سب عورتیں ہی جنت میں ملیں گی یا صرف وہی جس سے وہ محبت کرتا ہو گا؟ 

جواب

اگر میاں بیوی میں سے کوئی ایک جنت میں داخل ہو جائے اور دوسرا اپنے گناہوں کی وجہ سے پیچھے رہ جائے، تو وہ سزا پوری کرکے اللہ کے حکم سے جنت میں داخل ہوگا، اور دونوں جنت میں ساتھ رہیں گے۔ اگر دنیا میں ان کے درمیان کوئی رنجش رہی ہو، تو اللہ تعالیٰ جنت میں ان تمام رنجشوں کو ختم فرما دیں گے۔ اللہ تعالیٰ اس عورت کو تمام حوروں کی سردار بنائیں گے، اور جو مرد دنیا میں کئی عورتوں سے نکاح کرچکا ہو، وہ سب جنت میں اس کے ساتھ ہوں گی۔

اور اگر عورت جنت میں داخل ہو گئی ہو اور اس کا شوہر پیچھے رہ جائے،تو وہ اپنے شوہر کے جنت میں آنے کا انتظار کرے گی، اور جب وہ جنت میں آئے گا، تو دونوں اکٹھے ہوں گے۔ البتہ اگرعورت اسے پسند نہ کرے، تو اللہ تعالیٰ عورت کو اختیار دیں گے کہ وہ جسے پسند کرے اس سے نکاح کرے، اور اگر کسی کو پسند نہ کرے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے ایک خاص جنتی مرد پیدا فرمائیں گے۔

اسی طرح اگر عورت کنواری ہو اور دنیا میں نکاح نہ ہوا ہو، تو جنت میں اس کی مرضی سے نکاح کیا جائے گا۔

اللہ تعالی کا ارشاد ہے:

"ولكم فيها ما تشتهي أنفسكم ولكم فيها ما تدعون."(حم السجدة،31 )

ترجمہ:

"اور تمہارے لیے وہاں ہے جو چاہے جی تمہارا اور تمہارے لیے وہاں ہے جو کچھ مانگو" (بیان القرآن)

المعجم الأوسط للطبراني میں ہے:

'' قال: خطب معاوية بن أبي سفيان أم الدرداء بعد وفاة أبي الدرداء، فقالت أم الدرداء: إني سمعت أبا الدرداء يقول: سمعت رسول الله صلى الله عليه وسلم يقول: «أيما امرأة توفي عنها زوجها، فتزوجت بعده فهي لآخر أزواجها». وما كنت لأختارك على أبي الدرداء''.

(ج: 3، ص: 275، من اسمه بکر، ط: دارالحرمین، القاهره)

فتاوی محمودیہ میں ہے:

"سوال:جو مسلمان کلمہ گو اپنے بد عمل کے تحت دوزخ میں گیا اور اس کی عورت نیک عمل کے تحت جنت میں گئی ، اس کا شوہر جنت میں کیوں کر اور کیسے ملے گا؟

جواب:اگر سزا بھگت کر آجائے تو کیا اشکال ہے ، کیوں کہ کوئی مسلمان ہمیشہ کے لیے دوزخ میں نہیں رہے گا۔

مزیدایک سوال کےجواب میں تحریر فرماتے ہوئےلکھتےہیں کہ:

"اورجس مردنےکئی عورتیں دنیامیں کی ہیں وہ سب اس ملیں گی ." 

(ما یتعلق بالجنۃ و نعیمہا،  ج:  1،  ص: 694، ط: ادارۃ الفاروق)

فتاوی محمودیہ میں ہے:

"مؤمنہ عورتوں کو ان کے شوہر ملیں گے ، اگر کسی نے دنیا میں شادی نہ کی ہو تو اس کو اختیار دیا جائے گا کہ جس آدمی کو وہ پسند کرے اس سے ہی اس کا نکاح ہو جائے ، اگر وہ کسی کو پسند نہ کرے تو حورمعین میں سے ایک مردپیدا کر کے اللہ تعالی نکاح کر دے گا۔اور جس نے دنیا میں کئی شوہر کئے تھے تو بعض کہتے ہیں کہ ان میں سے جس کو پسند کر لے اسی کو ملے گی اور بعض کہتے ہیں کہ اخیر والے شوہر کو ملے گی :في الغرائب: ولوماتت قبل أن تتزوج، تخير أيضاً، إن رضيت بآدمي زوجت منه، وإن لم ترض فالله يخلق ذكراً من الحور العين فيزوجها منه، واختلف الناس في المرأة التي يكون لهازوجان في الدنيا لأيهما تكون في الآخرة؟ قيل : تكون الأخيرهما ، وقيل : تخير ، فتختار أيهماشائت." 

(کتاب الایمان والعقائد، ما یتعلق بالجنۃ و نعیمہا، ج: 1، ص: 693/694، ط: ادارۃالفاروق)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144612100963

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں