میں نے اپنے بیٹے کی شادی کرائی،تین چار ماہ وہ ہمارے ساتھ رہا،اس کے بعد بیٹا اپنی بیوی کو لے کر میرے گھر سے چلاگیا،اس کے بعد جرگہ ہوا،تو میں نے جرگہ میں کہا"اگر اس لڑکی (اپنی بہو )کو میں نے اپنے گھر میں چھوڑا تو مجھ پر میری بیوی طلاق"اس کے بعد میرا بیٹا لڑکی کا خرچہ نہ اٹھاسکا اور میرا بیٹا میرے گھر پر ہے اور بہو اپنے میکے میں ہے،اب میں بہو کو لانا چاہتا ہوں،میرے لیے کیا حکم ہے؟کوئی راستہ بتادیں۔
صورت مسئولہ میں اگر سائل اپنی بہو کو اپنے گھر آنے کی اجازت دیتا ہے اور اس کی بہو اس کے گھر آجاتی ہے تو شرعا~ حسب تعلیق سائل کی بیوی پر صرف ایک طلاق رجعی واقع ہوگی،طلاق رجعی میں عدت کے دوران رجوع کرلینے سے نکاح بدستور باقی رہے گا ،اور آئندہ کے لیے سائل کو دوطلاقوں کا اختیار باقی ہوگا۔
فتاوی ہندیہ میں ہے:
"وإذا أضافه إلى الشرط وقع عقيب الشرط اتفاقا مثل أن يقول لامرأته: إن دخلت الدار فأنت طالق."
(کتاب الطلاق، الباب الرابع فی الطلاق بالشرط، ج1، ص420، ط: دار الفکر)
فقط والله أعلم
فتوی نمبر : 144601101311
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن