بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

19 شوال 1445ھ 28 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

عدالتی خلع نامہ پر عرصہ بعد دستخط کرنے سے خلع کا حکم


سوال

ایک خاتون عدالت سے خلع کی ڈگری لے لیتی ہے،اس کے شوہر کو عدالتی نوٹس ملتے ہیں، لیکن وہ عدالت میں حاضر نہیں ہوتا،  عدالت ڈگری خلع کی ڈگری دے دیتی ہے،  پھر وہ خاتون یونین کونسل میں طلاق سرٹیفکیٹ کے  لیے درخواست دیتی ہے،کونسل شوہر کو نوٹس کرتی ہے لیکن شوہر حاضرنہیں ہوتا، کونسل طلاق سرٹیفکیٹ دے دیتی ہے، اس بات کو اب دوسال بھی ہو چکے ہیں، وہ شوہر یہی کہتا ہے کہ  چوں کہ میں نے دستخط نہیں  کیے تو طلاق نہیں ہوئی، اب کچھ عرصہ پہلے اس نے عدالتی کاغذات منگوائے اور کہا کہ میں نے دستخط کر دیے ہیں،  اور اب تم میری طرف سے آزاد ہو، جو چاہو کر سکتی ہو،  لیکن وہ دستخط شدہ پیپرز نہیں دیتا،  کہتا ہے کہ میں لٹکا کے رکھنا چاہتا ہوں،  اور پیپرز نہیں دوں گا،  خاتون شادی کرنا چاہتی ہے،  تو اس صورت میں کیا وہ خاتون دوسری شادی کر سکتی ہے؟

جواب

صورتِ مسئولہ میں جب تک سائلہ  کے شوہر نے  عدالتی خلع نامے پر دستخط نہیں کئے تھے تو محض عدالتی خلع سرٹیفکٹ کے جاری ہونے سے کوئی طلاق واقع نہیں ہوئی تھی، تاہم جب شوہر نے تقریباً دو سال بعد مذکورہ خلع نامہ منگواکر  اس پر دستخط کر دیئےاور یہ بھی کہا کہ اب تم آزاد ہو، اور دستخط کرتے وقت شوہر کے علم میں بھی تھا کہ یہ خلع نامہ ہے،  تو دستخط کرنے سے سائلہ کی خلع شرعًا درست ہوگئی، اور سائلہ پر ایک طلاق بائن واقع ہوگئی،نکاح ختم ہوچکا ہے، اب اگر سائلہ اپنے سابقہ شوہر کے ساتھ رہنا چاہتی ہے تو دو گواہوں کی موجودگی میں نئے ایجاب و قبول کے ساتھ دوبارہ نکاح کرلے،اور اگر ساتھ نہیں رہنا چاہتی تو سائلہ اگر  اپنی عدت (مکمل تین ماہواریاں اگر حمل نہ ہو اور اگر حمل ہو تو بچہ کی پیدائش تک ) گزار کر دوسری جگہ جہاں نکاح کرنا چاہے تو کرسکتی ہے۔

المبسوط للسرخسی میں ہے:

"والخلع جائز عند السلطان وغیره لأنه عقد یعتمد التراضی کسائر العقود وهو بمنزلۃ الطلاق بعوض."

(کتاب الطلاق، باب الخلع،ج:6، ص: 173،ط:دار الفکر)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144310100063

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں