بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

20 شوال 1445ھ 29 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اچھے رشتہ کے لیے وظیفہ


سوال

 ایک صاحب دوسرے شہر میں رہائش پذیر ہیں، ان کے اخلاق اور اچھے کام دیکھ کر اچھے انسان لگتے ہیں، لیکن وہ محرّم میں شربت دیتے ہیں اور کچھ دوسرے غیر ضروری کام کرتے ہیں، لیکن دل میں یہ خیال آتا ہے کہ اگر اللہ پاک ان کو میرے نصیب میں لکھ دیں تو پھر میں ان کو اچھے برے کا بتاؤ ں گی تو وہ سمجھ جائیں گے۔ کوئی وظیفہ بتائیں کے اللہ ان کو ہدایت دیں اور ان کو میرے نصیب میں لکھ دیں۔

جواب

واضح رہے کہ  رشتہ کے انتخاب میں عموما  چار چیزوں کو دیکھا جاتا ہے ،مال  ،خوبصورتی ،حسب و نسب اور دینداری ،احادیثِ مبارکہ سے معلوم ہوتا ہے کہ ان چار چیزو ں میں سےدین داری کو ترجیح دینا چاہیے۔

لہذا صورت مسئولہ میں مذکورہ شخص سے متعلق پہلے اچھی طرح تفتیش کرلی جائے کہ اس کا تعلق کس مسلک سے ہے؟ اور اس کے عقائد کیسے ہیں؟  اس لیے کہ محرم میں شربت پلانے کا عمل عموما شیعہ فرقہ سے تعلق رکھنے والے لوگ کرتے ہیں ،چناں چہ  اگر  مذکورہ شخص کے عقائد اہل سنت والجماعت علماء دیوبند  کے مطابق نہیں ہیں تو پھر اس سے رشتہ کرنے کی کوشش نہ کریں ۔

اچھے اور مناسب رشتہ کے لیے صدقِ دل سے نمازوں کے بعداورتہجد و غروب کے وقت دعا مانگیں، اور صلاۃ الحاجات کا اہتمام کریں، نیز مندرجہ ذیل معمولات میں سے کوئی ایک یا سب اختیار کرسکتے ہیں:

1- { رَبِّ إِنِّي لِمَاأَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ} کا کثرت سے ورد کریں۔

2- نمازِ عشاء  کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ ’’یاَلَطِیْفُ‘‘ پڑھ کراللہ تعالیٰ سے دعاکرنا بھی مجرب ہے۔

3- نمازِ عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں 41 مرتبہ درج ذیل کلمات پڑھ کر دعا کیجیے:

{وَمَنْ یَّـتَّقِ اللهَ یَجْعَلْ لَّه‘ مَخْرَجًا وًَیَرْزُقْهُ مِنْ حَیْثُ لَایَحْتَسِبْ وَمَنْ یَّـتَوَكَّلْ عَلَی اللهِ فَهُوَ حَسْبُه}

4- صبح و شام ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق روزانہ اس مقصد کے لیے پڑھنا بھی مجرب ہے۔

مشکوۃ شریف  میں ہے:

"وعن أبي هريرة قال: قال رسول الله صلى الله عليه و سلم: "تنكح المرأة لأربع: لمالها ولحسبها ولجمالها ولدينها فاظفر بذات الدين تربت يداك."

(کتاب النکاح ، الفصل الاول،ص:267،ط:قدیمی کراچی)

فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144502101196

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں