کوئی وظیفہ بتا دیں ہم بہنوں کے نصیب کھل جایئں، رشتوں میں رکاوٹ ہے ، عمر بڑھتی جا رہی ہے، والدین پرشان ہے ، مالی حالات بھی بہت خراب ہے، وظیفہ بتائیں۔
رشتے کے لیے وظیفہ:
آپ اور آپ کی بہنیں پنج وقتہ نماز کا اہتمام کریں، اور فرض نمازوں کے بعد اور تہجد میں اللہ تعالیٰ سے دعا کریں، نیز درج ذیل وظائف میں سے کوئی بھی پڑھ سکتے ہیں:
1- نمازِعشاء کے بعد اول وآخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اوردرمیان میں گیارہ سومرتبہ ’’یاَلَطِیْفُ‘‘ پڑھ کراللہ تعالیٰ دعاکریں۔(آپ کے مسائل اور ان کا حل، ج:4، ص:251، ط:مکتبہ لدھیانوی)
2- { رَبِّ إِنِّي لِمَاأَنزَلْتَ إِلَيَّ مِنْ خَيْرٍ فَقِيرٌ} کا کثرت سے ورد کریں۔
3- نمازِ عشاء کے بعد اول و آخر گیارہ گیارہ مرتبہ درود شریف اور درمیان میں 41 مرتبہ درج ذیل کلمات پڑھ کر دعا کیجیے:
’’وَمَنْ یَّـتَّقِ اللهَ یَجْعَلْ لَّه‘ مَخْرَجًا وًَیَرْزُقْهُ مِنْ حَیْثُ لَایَحْتَسِبْ وَمَنْ یَّـتَوَكَّلْ عَلَى اللهِ فَهُوَ حَسْبُه“۔
4- صبح و شام ایک ایک مرتبہ سورہ واقعہ اور سورہ طارق روزانہ اس مقصد کے لیے پڑھنا بھی مجرب ہے۔
مالی حالت کی بہتری کے لیے وظیفہ:
1- استغفار کی کثرت کریں، اس پر فراوانی رزق کا وعدہ قرآنِ مجید و احادیث مبارکہ میں موجود ہے۔
2- فرض نمازوں كي پابندی کا اہتمام کریں ،اس کے ساتھ ساتھ فجر کی نماز کے بعد ستر مرتبہ پابندی سے یہ آیت پڑھا کریں، ان شاءاللہ رزق میں برکت ہو گی:
اَللَّهُ لَطِيفٌ بِعِبَادِهِ يَرْزُقُ مَن يَشَاءُ وَهُوَ الْقَوِيُّ العَزِيزُ ( الشورٰي)
3- ہر نماز کے بعد سات مرتبہ اور چلتے پھرتے درج ذیل دعا کا اہتمام کریں:
"اَللّٰهُمَّ اكْفِنِيْ بِحَلاَلِكَ عَنْ حَرَامِكَ وَ أَغْنِنِيْ بِفَضْلِكَ عَنْ مَنْ سِوَاكَ".
4- ہر مشکل اور پریشانی کے حل کے لیے مندرجہ ذیل تسبیح صبح اورشام سات سات مرتبہ پڑھیں ۔
’’حَسْبِىَ اللَّهُ لاَ إِلَهَ إِلاَّ هُوَ عَلَيْهِ تَوَكَّلْتُ وَهُوَ رَبُّ الْعَرْشِ الْعَظِيمِ‘‘.
حدیث شریف میں ہے جوآدمی صبح اورشام سات سات مرتبہ یہ دعا پڑھے گااللہ تعالیٰ اس کی تمام مشکلات کو حل فرمائیں گے۔(سنن ابی داود)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144209200010
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن