بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

دارالافتاء

 

اکیڈمی میں پڑھنے والے بچوں کے سرپرست سے براہِ راست معاہدہ کر کے پڑھانے اور فیس لینے کا حکم


سوال

میں ایک آن  لائن قرآن اکیڈمی میں قرآن پڑھا رہا ہوں ، ہوا یوں کہ پچھلے  دنوں جن کو میں پڑھا تا ہو ں انہوں نے مجھ سے کہا کہ میری ایک رشتے دار ہے، ان کی بچی کو پڑھانا ہے  اور یہ میں اکیڈمی والے کو نہیں کہہ رہا ہوں، آپ کو کہہ رہا ہوں کہ آپ میرے بچوں کو بھی اچھے طریقے سے پڑھا رہے ہیں، تو میں نے حامی بھر لی اور  ساتھ  میں میں نے ان سے بھی بات کر لی کہ اگر آپ میری پڑھائی سے مطمئن ہیں تو میں آپ کے بچوں کو بھی براہِ راست پڑھاؤں گا اور چوں کہ اکیڈمی والے آپ سے سو ڈالر لیتے ہیں اور  مجھے صرف بیس ڈالر دیتے ہیں جو بہت کم ہے؛  اس لیے میں شاید آپ کے بچوں کو پڑھانا چھوڑ دوں گا اور میرا ارادہ بھی تھا۔ اگر آپ خود اکیڈمی والے سے بات کر لیں کہ میں اب مزید آپ کی اکیڈمی سے اپنے بچوں کو نہیں پڑھانا چاہتا تو بہتر ہوگا، پھر میں آپ کو اپنی  آئی ڈی دوں گا اور آپ کے بچوں کو پڑھاؤں گا، آپ پھر مجھے فیس بھیجا کریں اور ساتھ میں یہ بھی کہا کہ میں آپ کو مجبور نہیں کررہا،اگر آپ کا دل مانتا ہے تو یہ ان کو بتا دیں ،نہیں تو آپ کی مرضی،  میں اسی طرح آپ کے بچوں کو پڑھاؤں گا، لیکن میرے بارے میں کچھ نہیں کہنا؛ کیوں کہ پھر وہ مجھ پر ناراض ہو ں گے،صرف یہ کہیں کہ میں اب دوسری جگہ اپنے بچوں کو پڑھانا شروع کروں گا۔

اب پوچھنا یہ ہے کہ کیا اس صورت میں میرے لیے پڑھانا اور اس پر فیس لے کر استعمال کرنا جائز ہے؟

جواب

صورتِ  مسئولہ میں اگر بچوں کے سرپرست اکیڈمی والوں سے  واضح طور پر اپنا معاہدہ ختم کر کے آپ سے براہِ  راست معاہدہ کرلیں  اور آپ نے اکیڈمی سے یہ معاہدہ نہ کیا ہو کہ میں یہاں کے بچوں کو توڑ کر انفرادی طور پر نہیں پڑھاؤں گا تو  آپ کے  لیے ان کے بچوں کو پڑھانا اور فیس لینا جائز ہوگا۔ بصورتِ دیگر اکیڈمی میں پہلے سے پڑھنے والے بچوں کو وہاں سے چھڑا کر خود پڑھانے کی وجہ سے وعدہ خلافی کا گناہ ہوگا۔  فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144206200922

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں