میں نے انویسٹمنٹ کی نیت سے ایک پلاٹ کی بکنگ کروائی ہے 23 لاکھ کی۔ میرا زکاۃ کا سال پہلی رمضان پر مکمل ہوتا ہے۔ پلاٹ میں نے جنوری 2020 میں لیا ہے اور 3 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کرچکا ہوں۔ آئندہ 5 سالوں کی انسٹال منٹ ہے۔ اس سال کی اور آئندہ سالوں کی زکاۃ کیسے ادا کروں گا؟
صورتِ مسئولہ میں مذکورہ پلاٹ کی قیمتِ فروخت کو آپ مالِ تجارت میں شمار کرکے اپنے دیگر اموالِ زکاۃ مثلاً نقدی کے ساتھ ملائیں گے اور اس سال زکاۃ کا سال مکمل ہونے کی تاریخ تک جو ادائیگیاں آپ کے ذمہ ہوں گی، انہیں آپ اپنے اموالِ زکاۃ (نقدی، مالِ تجارت وغیرہ) سے منہا کرکے بقیہ مالیت کی زکاۃ ادا کریں گے۔ آئندہ زکاۃ کا سال جب پورا ہوگا، اس سال کی واجب الادا قسطیں زکاۃ سے منہا ہوں گی۔ فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144108201423
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن