ہمارے ہاں فوتگی کے تین دن تک میت کے خاندان والے کوئی جگہ مخصوص کرکے یا تنمبو لگا کے میت کی تعزیت کے لیے بیٹھے رہتے ہیں، اس میں لوگ آکے اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہیں اور ایک مولوی بیٹھا ہوتا ہے، جو ہر نئے آنے والے شخص کی طرف سے ایک بار سورۂ اخلاص پڑھتا ہے، لیکن میں نے حال ہی میں ایک مفتی صاحب اور ایک صاحب کے بیانات سنے ہیں تین (3) دن تعزیت کے بارے میں، وہ اس عمل کو "بدعت" سمجھتے ہیں، لیکن دوسری طرف خود ہمیں رسول اللہ (صلی الله علیه وسلم ) کے عمل سے معلوم ہوتا ہے کہ ایک صحابی فوت ہوئے تو آپ ﷺ تین دن تک مسجد میں ان کی تعزیت کے لیے بیٹھے رہے۔ ہمارے ہاں صرف حنفی مسلک ہی ہے اور ہمارے علماء بھی سارے احناف علماء ہیں، پھر وہ بھی تو بڑی پابندی کے ساتھ یہ عمل کرتے ہیں، اس میں شرکت کرتے ہیں اور کبھی بدعت کا تو تصور بھی ان کے دل میں نہیں آتا تو ایک طرف میں نے مذکورہ مفتی اور ایک انجیئر صاحب کا موقف پیش کیا دوسری طرف ہمارے احناف علماء کا اور ان دونوں کے مقابلے میں حدیث بھی پیش کی، لیکن اب میں اس پر آپ لوگوں کا موقف بھی ضرور جاننا چاہتا ہوں !
کسی شخص کے انتقال کے بعد اس کے لواحقین کو تعزیت کے لیے تین دن تک بیٹھنے کی اجازت ہے، اسے بدعت کہنا غلط ہے۔البتہ تین دن تک بیٹھنے کو لازم سمجھنادرست نہیں،نیزاسے بدعت کہنا بھی غلط ہے۔
باقی تعزیت کے لیے آنے والوں کو مخصوص سورت پڑھنے کا پابند بنانا، یا ان کی طرف سے پڑھنے کے لیے کسی مولوی کو پابند کرنا درست نہیں ہے، جو شخص خوشی سے جو چاہے پڑھے اور ایصالِ ثواب کرے اس میں حرج نہیں ہے، اگر آنے والے افراد سورۂ اخلاص یا کچھ پڑھ کر میت کو ایصالِ ثواب کریں لیکن اسے لازم نہ سمجھا جائے تو اس میں حرج نہیں۔
"فتاویٰ ہندیہ" میں ہے:
’’ولا بأس لأهل المصيبة أن يجلسوا في البيت أو في مسجد ثلاثة أيام والناس يأتونهم ويعزونهم.‘‘
(الفتاوی الہندیۃ 4/490)
فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144203201404
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن