محرم کو محرم الحرام کیوں کہتے ہیں؟
’’ محرم‘‘ کے مہینے کو محرم اس کی تعظیم کی وجہ سے کہتے ہیں، لفظ حرام یہ حرمت سے ہے، اس کے معنی ہیں: قابلِ احترام ، اور ’’محرم الحرام‘‘ کا معنی ہے: محرم کا مہینہ جو قابل احترام ہے، جیساکہ ’’مسجد الحرام‘‘ کے معنی ہیں: وہ مسجد جو قابلِ احترام اور عظمت والی ہے۔
بسا اوقات کسی چیز کی ممانعت اور حرمت اس کی عظمت کی وجہ سے ہوتی ہے، ’’محرم الحرام‘‘ ان چار مہینوں میں سے ایک ہے، جنہیں اللہ تبارک وتعالی نے حرمت والے مہینے قرار دیا ہے، وہ چار مہینے یہ ہیں: ذوالقعدہ، ذوالحجہ، محرم الحرام او رجب۔ ان مہینوں کو حرمت والا اس لیے کہتے ہیں کہ ان میں ہر ایسے کام سے جو فتنہ وفساد، قتل وغارت اور امن وسکون کی خرابی کا باعث ہو، بالخصوص منع فرمایا گیا ہے۔ ان چار مہینوں کی حرمت وعظمت پہلی شریعتوں میں بھی مسلم رہی ہے، حتی کہ زمانہ جاہلیت میں بھی ان چار مہینوں کا احترام کیا جاتا تھا۔فقط واللہ اعلم
فتوی نمبر : 144001200198
دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن