بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

17 رمضان 1445ھ 28 مارچ 2024 ء

دارالافتاء

 

آپ ﷺ کا حضرت خدیجہ سے نکاح کس شریعت کے مطابق ہوا؟


سوال

آپ ﷺ کی پہلی شادی حضرت خدیجہ  رضی اللہ عنہا سے ہوئی ،اس وقت آپ کو نبوت نہیں ملی تھی تو آپ کا نکاح کس شریعت کے مطابق ہوا؟

جواب

نبی آخر الزماں صلی اللہ علیہ وسلم اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے نکاح کی تقریب حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کے گھر میں منعقد ہوئی ۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے چچا ابوطالب اور چند دوسرے رشتہ داروں، مثلاً حضرت حمزہ کے ہم راہ وقتِ مقررہ پر ان کے گھر  تشریف لے گئے اور وہاں حضرت خدیجہ کے رشتہ دار موجود تھے، جن میں عمرو بن اسد اورورقہ بن نوفل قابلِذکر ہیں۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چچا ابوطالب نے نکاح کا خطبہ پڑھا، اور آپ ﷺ کے کچھ اوصافِ حمیدہ اور فضل وکمال کا ذکر کیا، اور  قریش کی روایات کے مطابق نکاح منعقد ہوا۔ اور بعض تاریخی روایات سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ حضرت خدیجہ کی طرف سے ورقہ بن نوفل نے جوابی کلمات کہے۔ شادی کے وقت نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر25 سال اور حضرت خدیجہ کی 40 سال تھی۔

واضح رہے کہ انبیاءِ کرام علیہم الصلاۃ والسلام نبوت ملنے سے پہلے بھی دینِ حنیف پر ہوتے ہیں، چنانچہ آپ ﷺ بھی ملتِ ابراہیمی پر قائم تھے، اور حضرت خدیجہ رضی اللہ عنہا کی راستی اور طہارت بھی مسلم تھی، نیز ورقہ بن نوفل کی تعلیمات کی روشنی میں وہ آپ ﷺ کو نبی آخر الزماں ہی سمجھ کر نکاح کر رہی تھیں، اس لیے یہ نکاح دینِ حنیف (ملتِ ابراہیمی) پر منعقد ہوا تھا۔

نیز دینِ اسلام آنے کے بعد  عرب کے دستور کے مطابق کیے گئے سابقہ نکاحوں کا بھی اعتبار کیا گیا، اور ایمان لانے والے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کو تجدیدِ نکاح کا حکم نہیں دیا گیا۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144003200247

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں