بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

10 جمادى الاخرى 1446ھ 13 دسمبر 2024 ء

دارالافتاء

 

آئی کیو آپشن (IQ Option) کے ذریعے آن لائن ٹریڈنگ کرنا


سوال

آئی کیو آپشن (IQ Option) کے ذریعے آن لائن ٹریڈنگ کرنا جائز ہے یا نہیں ؟اس کی کمائی کا کیا حکم ہے؟

جواب

(IQ Option) ’’آئی کیو آپشن‘‘ ایک ڈیجیٹل آن لائن ٹریڈنگ کا پلیٹ فارم ہے، جو 2013 میں وجود میں آیا ہے، جس کے ذریعے آن لائن سٹاک ٹریڈنگ، فاریکس کرنسی ٹریڈنگ، ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز (ای ٹی ٹیز) وغیرہ کی سہولیات حاصل کی جاتی ہیں، اس میں  مختلف ممالک اور مختلف انٹرنیٹ ویب سائٹس شامل ہیں، اس میں ٹریڈنگ کے لیے  اکاؤنٹ میں پیسے جمع کر کے اسے آن لائن کرنسی یا الیکٹرانک منی میں تبدیل کر کے کرنسی کی خرید و فروخت کرتے ہیں،  اور   کرنسی کی خرید و فروخت کا طریقہ کار بھی قرعہ اندازی جیسا ہوتا ہے۔ایک منٹ کا وقت ہوتا ہے،اس سے زیادہ بھی وقت آپ منتخب کرسکتے ہیں،اور اس میں اپنے پیسوں کا نقصان بھی ہو سکتا ہے اور فائدہ بھی ہو سکتاہے۔   (www.iqoption.com)

نیز اس میں بڑے  پیمانے پر فاریکس ٹریڈنگ کی جاتی ہے، جس کے تحت کئی قسم کے کاروبار آتے ہیں، مثلا:

1۔کیری ٹریڈنگ( Carry trade):

اس کا حاصل یہ ہے کہ ایک کم شرح سود والی کرنسی ادھار پر لے کر اس کے بدلے زیادہ شرح سود والی کرنسی  خریدلی جائے,اس طریقہ کاروبار میں خریدار کا نفع  وہ فرق ہے جو دونوں کرنسیوں کے درمیان پایا جاتاہے, یہ طریقہ بینک اوردیگر مالیاتی اداروں کے طریقہ کاروبار کے مشابہ ہے کہ وہ کم شرح سود پرقرضے لیتے ہیں اورزیادہ شرح پر لوگوں کو فراہم کرتےہیں اور دونوں کے درمیان کا فرق ان کا نفع ہوتا ہے۔

 اس کاروبار میں شرکاء تین قسم کے ہوتے ہیں:

۱۔مختلف بینک:  اکثر بڑے سودے  بینک کرتے ہیں ,کرنسی کے اتار چڑھاؤ میں ان کے سودوں کا بڑا عمل دخل ہوتا ہے۔

 ۲۔مختلف ادارے  جو لوگوں کی رقوم سے  سرمایہ کاری کرتے ہیں اور نفع کماتے ہیں۔

۳- انفرادی خریدار جو اپنی ضرورت کے لیے کرنسی کا تبادلہ کرتے ہیں۔

2۔فاریکس کموڈٹی ٹریڈنگ  (FOREX COMMODITY TRADING):

انٹرنیٹ پر کاروبار  کی ایک صورت یہ بھی ہے کہ تیل ، مختلف دھاتیں جیسے کاپر، لوہا وغیرہ  اور مختلف اجناس  جیسے گندم ، چاول وغیرہ  بھی اسی فورم پر خریدی اور بیچی جاتی ہیں, اس میں بھی عموماً وہی اصول اور ضوابط ہوتے  ہیں جو فاریکس کرنسی ایکسچینج میں ہوتے ہیں ۔ ایک صارف  اپنے تھوڑے سے  سرمایہ سے بڑی لاٹ خرید سکتا ہے، مثلاً کوئی شخص  دس  ہزار روپے سے اپنا اکاؤنٹ کھولتا ہے  اور ایک لاکھ روپے کا خام تیل یا گندم کی لاٹ خرید لیتا ہے اور بطورِ بیعانہ  محض دس ہزار روپے اد اکردیتا ہے۔ یہ تمام خریداری بروکر یا ڈیلر کے ذریعے سے ہوتی ہے۔  اس  کاروبارمیں بھی اسپاٹ ٹریڈنگ(Spot trade ) اورفیوچر ٹریڈنگ (Future Trade)دونوں ہوتی ہیں۔(www.dalianexchange.com)

لاٹ خریدنے کے بعداگر  مبیع کی قیمت بڑھ رہی ہو تو  صارف کا نفع ہوتا ہے اور مقررہ مدت آنے سے قبل بسا اوقات وہ اس لاٹ کو فروخت کردیتا ہے اور اگر  مبیع کی قیمت گرنے لگے  تو یہ صارف کا نقصان   ہوتا ہے , اگر  نقصان  صارف کی جمع کرائی ہوئی رقم سے تجاوز کرنے لگے تو  بروکر  صار ف کو کہتا ہے  یا تو آپ مزید رقم جمع کرائیں  یا  آپ کا سودا  کینسل کردیاجاتا ہے۔اگرخریدارمزید رقم جمع نہ کرائے تو  بروکر پورا سودا کینسل کردیتا ہے ،  یعنی  یہ کہ اسکرین پر جو سودا صارف کی ملکیت دکھایا جاتا ہے حقیقت  میں اس   کے خلاف ہوتا ہے، اور صار ف کی ملکیت صرف  صارف کی جمع کرائی ہوئی  رقم تک محدود ہوتی ہے۔

شرعی حکم:

(1)  کرنسی کی بیع شرعاً "بیعِ صرف" ہے، جس  میں بدلین پر مجلس میں قبضہ ضروری ہے جب کہ دونوں جانب سے یا کسی ایک جانب سے ادھار ناجائز ہے،لہذا اسپاٹ ٹریڈ ہو یا فیوچر ٹریڈ ،ایسے تمام سودے ناجائز ہیں  جن میں کرنسی کی خریدوفروخت ادھار ہوتی ہے، یا نقد ہوتی ہے مگر عقد کے دونوں فریق  یا کوئی ایک فریق اپنے حق پر قبضہ نہیں کرتا ۔حاصل یہ ہے کہ  تقابض نہ پائےجانے کی وجہ سے ایسے سودے فاسد ہوں گے اور نفع حلال نہ ہوگا۔

(2) مسلم (طے شدہ) اصول ہے کہ بیع شرطِ فاسد  سے فاسد ہو جاتی ہے، "فاریکس"  کے کاروبار میں شروطِ فاسدہ بھی لگائی جاتی ہیں، مثلاً swaps( بیع بشرط الاقالہ) میں یہ شرط لگانا کہ ایک مقررہ مدت کے بعد بیع کو  ختم کیا جائے گا، حال آں کہ بیع تام ہو جانے بعد لازم ہوجاتی ہے اور جانبین کا اختیار ختم ہو جاتا ہے۔

(3) نیز Options میں خریدار کو یہ حق دینا کہ وہ اپنی بیع کو سامنے والے فریق کی رضا مندی کے بغیر بھی "اقالہ" کرسکتا ہے۔ یہ بھی شرطِ فاسد ہے، کیوں کہ "اقالہ" میں جانبین کی رضامندی شرط  ہوتی ہے۔

(4) فیوچر سیل کی جو صورت اوپر بیان ہوئی وہ بیع ناجائز ہے؛ کیوں کہ  بیع  کا فوری ہوناضروری ہے ،مستقبل کی تاریخ پر خریدوفروخت ناجائز ہے۔

(5) اس  طریقہ کاروبار میں ایک قباحت "بیع قبل القبض" کی بھی ہے؛ کیوں کہ ستر ،اسی فیصد لوگ اس مارکیٹ میں خریداری محض کرنسی ریٹ کےاتارچڑہاؤ کے ذریعہ نفع حاصل کرنے کےلیے کرتے ہیں، ان کا مقصد کرنسی حاصل کرنا نہیں ہوتا؛ لہذا اکثر خریدارکرنسی کا قبضہ حاصل نہیں کرتے اور آگے بیچ دیتے ہیں۔

کرنسی کے علاوہ دھاتوں اور اجناس کی بیع اگر چہ بیعِ صرف  نہیں ہوتی اور اس وجہ سے  اس میں مجلس کے اندر عوضین پر جانبین سے قبضہ بھی شرط نہیں، لیکن   اس میں "بیع قبل القبض "، "بیع مضاف الی المستقبل"  اوردیگر وہ شروطِ فاسدہ پائے جاتے ہیں جن کا اوپر بیان ہوا ۔نیز  اس بیع میں  بروکر کی  جانب سے یہ دھوکا بھی ہے کہ صارف جس مبیع کو محض بیعانہ دے کر اپنی ملکیت سمجھتا ہے   اور اس کی قیمت بڑھ جانے سے نفع بھی کماتا ہے اگر اس میں نقصان ہو جائَے تو  بروکر کو  اس پورے سودے کو ختم کرنے کا اختیار ہوتا ہے، جب کہ شرعاً بروکر  کو اپنے عمل کی اجرت وصول کر لینے کے  بعد سودے میں کوئی حق اوراختیار نہیں ہوتا، اوراگر کسی شخص نے کوئی چیز خریدی ہے تو اب اس کانفع ونقصان اس کے ذمہ ہے ،نقصان دیکھ کر وہ سودے کو منسوخ  نہیں کرسکتا جب تک کہ دوسرے فریق کی رضامندی نہ ہو۔

نیز   (IQ Option) کے طریقہ کار میں قمار (جوئے) کا عنصر بھی غالب ہے، کہ مثلاً ایک ڈالر سے ایک منٹ میں ٹریڈ کی ، ممکن ہے کہ وہ ڈالر بھی ضائع ہوجائے اور اس میں یہ بھی ممکن ہوتا ہے زیادہ بھی مل جائے، اور جوا شریعت میں حرام ہے۔

لہذا (IQ Option) کے ذریعہ آن لائن ٹریڈنگ جائز نہیں ہے۔فقط واللہ اعلم


فتوی نمبر : 144106200040

دارالافتاء : جامعہ علوم اسلامیہ علامہ محمد یوسف بنوری ٹاؤن



تلاش

سوال پوچھیں

اگر آپ کا مطلوبہ سوال موجود نہیں تو اپنا سوال پوچھنے کے لیے نیچے کلک کریں، سوال بھیجنے کے بعد جواب کا انتظار کریں۔ سوالات کی کثرت کی وجہ سے کبھی جواب دینے میں پندرہ بیس دن کا وقت بھی لگ جاتا ہے۔

سوال پوچھیں