بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

16 شوال 1445ھ 25 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

 کرپٹو کرنسی، این ایف ٹی، اور بلاک چین (چوتھی قسط)


 کرپٹو کرنسی، این ایف ٹی، اور بلاک چین 

تعارف، مغالطے، شرعی نقطۂ نظر اور ہماری ذمہ داری

(چوتھی قسط)

 

کرپٹوکرنسی اور این ایف ٹی سے متعلق مغالطے اور ان کے جوابات

کرپٹو کرنسی اور این ایف ٹی سے متعلق عوام میں بہت ساری باتیں مشہور ہیں، جو کہ اس کے جواز اور عدمِ جواز کے بارے میں شکوک پیدا کردیتی ہیں، مثلاً یہ کہا جاتا ہے کہ کرپٹو کرنسی سے جو منافع حاصل کیا جاتا ہے و ہ محض ایک کاروبار کی طرح ہے۔ دوسری طرف یہ کہا جاتا ہے کہ کرپٹو کرنسی جُوا اور سٹے بازی ہے، اس میں غرر Uncertainty بہت زیادہ ہے اور یہ صرف کمپیوٹر کے اعداد و شمار سے کھیلنے کے مترادف ہے۔ نیز فیوچر ٹریڈنگ (مستقبلیات کی بیع) کو جس بنیاد پر شرعاً ناجائز کہا جاتا ہےکہ اول اس میں غیر مملوک کی بیع ہوتی ہے اوردوم اس میں قبضہ سے پہلے آگے بیع کردی جاتی ہے اور بیع قبل القبض شرعاً ناجائز ہے تو غور کرنے پر معلوم ہوتا ہے کہ کچھ ایسی ہی صورت کرپٹوکرنسی اور این ایف ٹی میں بھی پائی جاتی ہے۔ اسی طرح یہ بھی کہا جاتا ہے کہ کرپٹوکرنسی محض نمبرز ہیں، یہ صرف کمپیوٹر میں ہوتے ہیں اور ان کی ذاتی کوئی حیثیت نہیں ہوتی اور ذاتی قدر بھی نہیں ہوتی۔ نیز کرپٹو کرنسی دنیا میں جتنی بھی بن رہی ہے زیادہ تر اسے افراد بنا رہے ہیں۔ غرض اس طرح کی دسیوں باتیں خلط ملط ہوچکی ہیں۔ ذیل میں ہم ان میں سے کچھ اہم اور بنیادی مغالطوں کا جواب دیں گے جس کی بنیاد پر اصولی طور پر ہم کرپٹو اثاثوں سے متعلق شرعی حکم معلو م کرسکتے ہیں۔ 

مغالطہ نمبر۱

کیا کرپٹو کرنسی سٹے بازی یا جُوا (میسر، قمارGambling ) ہے؟ یا محض ایک کاروبار کی طرح ہے؟ ایک مغالطہ یہ ہے کہ کرپٹو کرنسی محض ایک کاروبار کی طرح ہے اور اس کا دور دور تک سٹے بازی اور قمار سے تعلق نہیں۔ 
جواب: راقم کو یہ جان کر بہت حیرت ہوئی کہ پاکستان کے اندر کچھ حضرات کرپٹوکرنسی کے جواز کے متعلق دلائل پیش کررہے ہیں اور کرپٹو کرنسی کو سٹے بازی اور جوئے کے بجائے محض ایک کاروبار کی طرح سمجھ رہے ہیں۔ اس کے برعکس آئرلینڈ کے اندر سینٹرل بینک آف آئرلینڈ Central Bank of Ireland تو کرپٹوکرنسی کو سٹے بازی قرار دے رہا ہےاور باقاعدہ ایک منظم طریقے سےعوامی آگاہی کی مہم چلارہا ہے کہ لوگ کرپٹو کرنسی میں خرید و فروخت اور لین دین سے اجتناب کریں۔ ذیل میں ہم ان کی پریس ریلیز پیش کرتے ہیں۔ [1]
"The Central Bank has today (22 March 2022 ) issued a fresh warning on the risks of investing in crypto assets, as part of a European-wide campaign by the European Supervisory Authorities.
The Central Bank again emphasised that crypto assets are highly risky and speculative, and may not be suitable for retail customers. In particular people need to be alert to the risks of  isleading advertisements, particularly on social media, where influencers are   eing paid to advertise crypto assets.
Derville Rowland, Director General Financial Conduct said :In Ireland and across the EU we are seeing increasing levels of advertising and aggressive promotion of crypto asset investments.
While people may be attracted to these investments by the high returns advertised, the reality is that they carry significant risk.
Before you buy crypto assets, you need to think about whether you can afford to lose all the money you invest. Do the promised fast or high returns seem too good to be true."
’’مرکزی بینک نے آج مورخہ ۲۲؍ مارچ ۲۰۲۲ء کرپٹو اثاثوں میں سرمایہ کاری کے خطرات کے بارے میں ایک تازہ انتباہ جاری کیا ہے، جو کہ یورپی سپروائزری اتھارٹیز کی طرف سے یورپ بھر میں مہم کا حصہ ہے۔ 
مرکزی بینک نے ایک بار پھر اس بات پر زور دیا کہ کرپٹو اثاثے انتہائی رسکی اور سٹے بازی (قیاس آرائی) پر مبنی ہیں، اور یہ ریٹیل صارفین کے لیے موزوں نہیں ہو سکتے۔ خاص طور پر لوگوں کو گمراہ کن اشتہارات کے خطرات سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، خاص طور پر سوشل میڈیا پر، جہاں پر سوشل میڈیا پر اثر انداز کرنے والوں کو ادائیگی کی جاتی ہے، تاکہ وہ کرپٹو اثاثوں کی تشہیر کریں۔ 
Derville Rowland، ڈائریکٹر جنرل فنانشل کنڈکٹ نے کہا: ’’آئرلینڈ اور EU بھر میں ہم اشتہارات کی بڑھتی ہوئی سطح اور کرپٹو اثاثہ میں سرمایہ کاری کے جارحانہ فروغ کو دیکھ رہے ہیں۔ 
اگرچہ لوگ اس تشہیر کی وجہ سے کہ اس میں زیادہ منافع ہوتا ہے، ان میں سرمایہ کاری کی طرف متوجہ ہو سکتے ہیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ اس میں رسک بہت زیادہ ہے۔ 
کرپٹو اثاثے خریدنے سے پہلے آپ کو یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ آیا آپ اپنی سرمایہ کاری کی تمام رقم کھونے کے متحمل ہو سکتے ہیں؟ کیا، کیا گیا تیز یا زیادہ منافع کا وعدہ درست بھی ہوگا؟‘‘
آپ یہ کہہ سکتے ہیں کہ آئرلینڈ تو ایک چھوٹا سا یورپی ملک ہے تو اس کی بات کی کیا اہمیت؟ مگر آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ یورپی یونین EU جو کہ ۲۷ ممالک کا مجموعہ ہے جن میں فرانس، جرمنی، اٹلی، اسپین، سوئیڈن، ڈنمارک، فن لینڈ، آئرلینڈ، پولینڈ اور دیگر ممالک شامل ہیں ان کے مالیاتی ریگولیٹری اداروں EU Financial Regulators نے حال ہی میں کرپٹو اثاثوں (کرپٹو کرنسی وغیرہ) کو سٹے بازی قرار دیا ہے اور وہ اس کو  Volatile, Highly Speculativeکہہ رہے ہیں اور پورے یورپ کے ۴۴ کروڑ سے زیادہ عوام کوسرکاری سطح پر اس بات کی وارننگ دے رہے ہیں کہ وہ کرپٹو کرنسی میں حتی الوسع سرمایہ کاری، لین دین اور اس کی خریدوفروخت سے اجتناب کریں۔ یورپی مالیاتی ریگولیٹری ادارے جن کو یورپین سپروائزی اتھارٹی (European Supervisory Authority ESA) بھی کہا جاتا ہے اور وہ مندرجہ ذیل ریگولیٹری اداروں کا مجموعہ ہے۔ 
European Supervisory Authorities (ESAs) are: 
    the European Banking Authority  )EBA(
    the European Securities and Markets Authority (ESMA(
    the European Insurance and Occupational Pensions Authority  )EIOPA(
اسی یورپین سپروائزری اتھارٹی ESA نے تمام یورپی مما لک کو وارننگ جاری کی ہے کہ وہ اس کی منظم تشہیر کریں۔ [2]
"The European Supervisory Authorities  )ESAs - EBA, ESMA and EIOPA) warn consumers that many crypto-assets are highly risky and speculative. These are not suited for most retail consumers as an investment or as a means of payment or exchange."
’’یورپی سپروائزری اتھارٹیز (EBA ESMA اورEIOPA ESAs –) صارفین کو خبردار کرتی ہیں کہ بہت سے کرپٹو اثاثے انتہائی رسکی اور سٹے بازی یعنی قیاس آرائی پر مبنی ہیں۔ یہ زیادہ تر ریٹیل صارفین کے لیے بطور سرمایہ کاری یا ادائیگی یا تبادلے کےلیے موزوں نہیں ہیں۔ ‘‘
یورپی سپروائزری اتھارٹیز کی جانب سے یہ پہلی وارننگ نہیں ہے، بلکہ سن ۲۰۱۳ء، سن ۲۰۱۸ ء اور سن ۲۰۱۹ء میں وہ ایسی ہی وارننگ دے چکے ہیں۔ اب قارئین آپ ہی انصاف کیجئے کہ یورپ کے ۲۷ ممالک یعنی یورپی سپروائزری اتھارٹیز تو کرپٹو کرنسی اور کرپٹو اثاثوں کو سٹے بازی کہیں اور ہمارے ملکِ پاکستان میں لوگ اس کے جواز کے دلائل دیں؟  ({ FR 12194 })
پھر اسی یورپین سپروائزری اتھارٹی ESA نے تمام یورپی مما لک کو جاری وارننگ میں کرپٹو اثاثوں سے متعلق رسک (خطرات) کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے۔ یہ جتنے بھی رسک یورپین سپروائزی اتھارٹی نے گنوائے ہیں، یہ محض خیالی رسک (خطرات) نہیں ہیں، بلکہ انہوں نے پورے یورپ سے اعداد و شمار اکھٹا کرنے کے بعد جو نتائج اخذ کیے ہیں، ان کو تحریری صورت میں پیش کیا ہے، اس تحریر کا ترجمہ اور مفہوم درج ذیل ہے : 
کون سے اہم رسک (خطرات) ہیں؟

قیمتوں میں بہت زیادہ اتارچڑھاؤ

بہت سے کرپٹو اثاثے اچانک اور انتہائی قیمت کے اتار چڑھاؤ کے تابع ہوتے ہیں اور قیاس آرائی یعنی سٹے بازی پر مبنی ہوتے ہیں، کیونکہ ان کی قیمت اکثر صرف صارفین کی طلب پر منحصر ہوتی ہے (یعنی اس کے پیچھے کوئی اثاثہ نہیں ہوتا یا کوئی ٹھوس قدر نہیں ہوتی ہے)۔ آپ اپنی ایک بڑی رقم یا یہاں تک کہ تمام سرمایہ کاری سے بھی محروم ہو سکتے ہیں۔ قیمتوں میں انتہائی اتار چڑھاؤ کا مطلب یہ بھی ہے کہ بہت سے کرپٹو اثاثے قیمت (ثمن) کے ذخیرہ کے طور پر، اور تبادلے یا ادائیگی کے ذریعہ کے طور پر نا مناسب ہیں۔ 

گمراہ کن معلومات

کچھ کرپٹو اثاثہ جات اور متعلقہ پروڈکٹس کی مارکیٹنگ مواد اور دیگر معلومات کا استعمال کرتے ہوئے عوام کے سامنے تشہیر کی جاتی ہے جو غیر واضح، نامکمل، غلط یا جان بوجھ کر گمراہ کن بھی ہو سکتی ہیں۔ مثال کے طور پر سوشل میڈیا کے ذریعے اشتہارات بہت مختصر ہو سکتے ہیں، جس میں ممکنہ فوائد پر توجہ مرکوز کی جاتی ہے، لیکن اس میں شامل خطرات پر نہیں۔ آپ کو سوشل میڈیا کے ’’اثراندازوں‘‘ سے بھی ہوشیار رہنا چاہیے، جن کے پاس عام طور پر مخصوص کرپٹو اثاثوں اور متعلقہ مصنوعات اور خدمات کی مارکیٹنگ کے لیے مالی ترغیب ہوتی ہے اور وہ اپنی جاری کردہ معلومات میں متعصب بھی ہو سکتے ہیں۔ 

تحفظ کی عدم موجودگی

کرپٹو اثاثوں کی اکثریت اور کرپٹو اثاثوں کے سلسلے میں مصنوعات یا خدمات کی فروخت EU میں ریگولیٹ نہیں ہے۔ اس تناظر میں صارف ہونے کے ناطے جو سہولیات حکومت آپ کو فراہم کرتی ہے، آپ اس سے محروم ہوں گے، جیسا کہ شکایات یا سہارے کے طریقہ کار۔ 

پروڈکٹ کی پیچیدگی

کرپٹو اثاثوں کے ساتھ تامل فراہم کرنے والی کچھ مصنوعات بہت پیچیدہ ہوتی ہیں، بعض اوقات ایسی خصوصیات کی حامل ہوتی ہیں جو قیمت میں منفی تبدیلی کی صورت میں نقصانات کی شدت کو بڑھا سکتی ہیں۔ یہ مصنوعات اپنی پیچیدگی کے پیش نظر بہت سے صارفین کے لیے موزوں نہیں ہیں۔ 

دھوکہ دہی اور بدنیتی پر مبنی سرگرمیاں

متعدد جعلی کرپٹو اثاثے اورجعلی اسکیمیں موجود ہیں اور آپ کو آگاہ ہونا چاہیے کہ ان کا واحد مقصد مختلف تکنیکوں کا استعمال کرتے ہوئے آپ کو اپنے پیسے سے محروم کرنا ہے، مثال کے طور پر پشنگ یعنی انٹرنیٹ کے ذریعے دھوکہ دہی سے آپ کی ذاتی معلومات مثلاً تاریخِ پیدائش، پاس ورڈ یا کریڈٹ کارڈ سے متعلقہ معلومات کو حاصل کرنا۔ 

مارکیٹ میں ہیرا پھیری، قیمتوں میں شفافیت کا فقدان اور کم لیکویڈیٹی

کرپٹو اثاثوں کی قیمتوں کا تعین کیسے کیا جاتا ہے؟ یہ عمل اکثر شفاف نہیں ہوتا، نیز ایکسچینج پر لین دین کا عمل بھی اکثر شفاف نہیں ہوتا ہے۔ بعض کرپٹو اثاثوں کی ملکیت بھی کچھ لوگو ں تک بہت زیادہ مرتکز ہے، جو قیمتوں یا لیکویڈیٹی کو متاثر کرسکتی ہے، اس لیے کرپٹو اثاثے خریدتے یا بیچتے وقت آپ کو مناسب قیمت نہیں مل سکتی، یا ممکنہ خریدار کی غیر موجودگی میں آپ اپنے کرپٹو اثاثوں کو اتنی جلدی فروخت کرنے کے قابل نہیں ہوسکتے۔ متعدد مواقع پر مارکیٹ میں ہیرا پھیری کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ 

ہیکس، آپریشنل خطرات اور سیکورٹی کے مسائل

کرپٹو اثاثوں کے تحت ڈسٹری بیوٹڈ لیجر ٹیکنالوجی کچھ مخصوص خطرات کو ہی برداشت کر سکتی ہے۔ کرپٹو اثاثوں کے لیے کئی جاری کنندگان اور سروس فراہم کنندگان، بشمول کرپٹو ایکسچینج اور والیٹ فراہم کرنے والی کمپنیاں، سائبر حملوں اور شدید آپریشنل مسائل کا سامنا کر چکے ہیں۔ بہت سے صارفین اپنے کرپٹو اثاثے کھو چکے ہیں یا اس طرح کے ہیکس اور رکاوٹوں کی وجہ سے نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے یا اس وجہ سے کہ انہوں نے اپنے اثاثوں تک رسائی فراہم کرنے والی پرائیویٹ کی( Private Keys ) کھو دی ہیں۔ 
آپ یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ یہ ساری وارننگز تو بینکوں اور موجودہ حکومتوں کے نظام کی طرف سے آرہی ہیں اور وہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ عالمی سطح پر بینک کا نظام سرنگوں ہو اور ان بینکوں، حکومتوں اور عالمی مالیاتی اداروں کی عالمی معاشی نظام پر سے اجارہ داری ختم ہو اور ان وارننگز کو دینے والوں میں سرِ فہرست یورپی سپروائزری اتھارٹیز ہیں، جو کہ بینکوں کے نظام کو ریگولیٹ اور کنٹرول کرتے ہیں۔ تو گزارش یہ ہے کہ مغالطہ نمبر:۸ کے اندر ہم آپ کو تفصیل کے ساتھ بتائیں گے کہ جو حضرات یہ کہتے ہیں کہ کرپٹو کرنسی عالمی معاشی اداروں، بینکوں، اور حکومتوں کی اجارہ داری ختم کرتی ہے اور ان کے مقابلے میں ایک بھرپور نظام ہے، ان کو مغالطہ ہوا ہے اور کرپٹو کرنسی کا نظام اس کے قطعاً برعکس ہے۔ 
اب ہم سٹے بازی Speculation اور جوا (میسر، قمارGambling ) کے بنیادی فرق کو سمجھتے ہیں:
’’سٹہ Speculation دراصل اس معاملے کو کہتے ہیں جس میں بائع اور خریدار میں سےکسی کا ارادہ عملاً مبیع پر قبضہ کا نہیں ہوتا، بلکہ اس میں قیمتوں کا فرق برابر کرکے نفع کمایا جاتا ہے۔ سٹہ کے اندر دو خرابیاں پائی جاتی ہیں: اول یہ کہ اس کے اندر غیر مملوک کی بیع ہوتی ہے اور دوم یہ کہ اس میں بیع قبل القبض کا دخل ہوتا ہے، لہٰذا شریعتِ مطہرہ کے اندر سٹہ کی ممانعت ہے۔ ‘‘(ڈاکٹر مولانا اعجاز احمد صمدانی صاحب، غرر کی صورتیں، جنوری ۲۰۰۹ء، ادارۃ المعارف، کراچی)
جُوا، میسر یا قمار Gambling کی تعریف یہ ہے کہ :
’’جس معاملہ میں کسی مال کا مالک بنانے کو ایسی شرط کے ساتھ موقوف رکھا جائے کہ جس کے وجود اور عدم کی دونوں جانبین مساوی ہوں اور اسی بنا پر نفع خالص یا تاوان خالص برداشت کرنے کی دونوں جانبیں بھی برابر ہوں، مثلاً یہ بھی احتمال ہے کہ زید پر تاوان پڑ جائے اور یہ بھی کہ عمرو پر پڑ جائے، اس کی جتنی قسمیں اور صورتیں پہلے زمانے میں رائج تھیں یا آج رائج ہیں یا آئندہ پیدا ہوں، وہ سب میسر، قمار اور جُوا کہلائے گا۔‘‘ (معارف القرآن، جلد: ۱، سورۃ البقرۃ، صفحہ: ۵۳۲، حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ)
ڈاکٹر مولانا اعجاز احمد صمدانی صاحب نے لکھا ہے کہ کسی معاملے کے جُوا یعنی قمار ہونے کے لیے درجِ ذیل شرائط کا پایا جانا ضروری ہے:
شرطِ اول: معاہدہ دو یا دو سے زائد فریقوں کے درمیان ہو۔ 
شرطِ دوم: معاہدہ کرنے والے شرکاء اپنا مال داؤ پر لگائیں۔ 
شرطِ سوم: دوسرے کے مال کا حاصل ہونا کسی ایسے غیر یقینی واقعہ پر موقوف ہو جس کے پیش آنے کا احتمال بھی ہو اور نہ ہونے کا بھی۔ 
شرطِ چہارم: داؤ پر لگایا ہوا مال بلامعاوضہ ختم ہوجائے یا دوسرے کا مال بلا معاوضہ آجائے۔ 
پھر وہ جُوا یعنی قمار کی بنیادی طور پر دو قسمیں بتاتے ہیں:
پہلی قسم: اس میں کوئی ایک فریق یقینی طور پر کوئی ادائیگی کرنے کا پابند نہیں ہوتا، بلکہ ہر فریق کی طرف سے ادائیگی کسی غیر یقینی واقعہ پر موقوف ہوتی ہے۔ 
دوسری قسم: اس میں ایک فریق کی طرف سے ادائیگی یقینی ہوتی ہے، جبکہ دوسری طرف سے غیر یقینی ہوتی ہے۔ 
اب ہم تکنیکی طور پر یہ دیکھتے ہیں کہ کرپٹو کرنسی اور این ایف ٹی کے اندر وہ کون سے معاملات ہیں جن کے اندر غرر Uncertainty، جُوا، اور سٹے بازی ممکن ہے۔ سب سے پہلے تو ہم کرپٹو کرنسی اور این ایف ٹی کو صارفین کے تناظر میں دیکھتے ہیں۔ جب بھی کوئی عام صارف کرپٹو کرنسی مارکیٹ Cryptocurrency Marketplace یا این ایف ٹی مارکیٹ NFT Marketplace میں اپنی سرمایہ کاری کرتا ہے تو اس کا واسطہ کرپٹو کرنسی اور این ایف ٹی مارکیٹ سے پڑتا ہے۔ اس میں ذرہ برابر بھی شک نہیں کہ کرپٹو کرنسی مارکیٹ بہت زیادہ رسکی ہے اور اس رسک کی بنیادی وجہ مارکیٹ کے اندر کرپٹو کرنسی کی قیمتوں کا غیر یقینی اُتار چڑھاؤ ہے، مثلاً: جنوری ۲۰۲۱ء میں ایک بٹ کوائن تیس ہزار یورو سے زیادہ کا تھا۔ اپریل ۲۰۲۱ء میں ایک بٹ کوائن کی قیمت سینتیس ہزار یورو سے زیادہ تھی۔ پھر اکتوبر ۲۰۲۱ء میں اس بٹ کوائن کی قیمت تریپن ہزار یورو سے زیادہ کی تھی۔ اتنے زیادہ منافع کی وجہ سے ہی لوگ جوق در جوق اس میں سرمایہ کاری کی طرف متوجہ ہوتے ہیں اور اپنا سرمایہ کھو بیٹھتے ہیں۔ اگرقارئین خود جاکر کرپٹو کرنسی مارکیٹ کا جائزہ لیں تو آپ کو اندازہ ہوگا کہ دنوں اور گھنٹوں کے حساب سے سٹے بازی ہورہی ہوتی ہے اور سافٹ وئیر کی مدد سے تو یہ خریدوفروخت منٹوں میں سمٹ آئی ہے اور مروجہ کرپٹوکرنسی مارکیٹ کے اندر عمومی طور پر دونوں ہی خرابیاں یعنی غیر مملوک کی بیع ہوتی ہے اور دوم یہ کہ اس میں بیع قبل القبض کا دخل ہوتا ہے۔ 
جب ہم کرپٹوکرنسی کی مائننگ پراسس پر غور کرتے ہیں ، تو ہم پر یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ مائننگ پراسس کے اندر آپ کرپٹوگرافک پزل (یہ ایک ریاضی کے ایک مسئلےکی طرح ہوتا ہے) کو حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور اس کے لیے آپ اپنے وسائل Computing Resources and Energy کو لگاتے ہیں، تاکہ آپ نئی کرپٹو کرنسی (بٹ کوائن) بنا سکیں۔ اب ہوتا یہ ہے کہ یہ کرپٹو گرافک پزل بہت ہی مشکل سے حل ہوتا ہے اور اس کے حل ہونے کے جو ممکنات ہیں وہ عام صارف کے لیے انتہائی کم ہیں یا نہ ہونے کے برابر ہیں۔ آپ اس کا خود مشاہدہ کرسکتے ہیں۔ آپ اپنے کمپیوٹر کو بٹ کوائن نیٹ ورک کا حصہ بنائیں اور اس کمپیوٹر کو کرپٹوگرافک پزل حل کرنے پر لگادیں۔ ریاضی کے حساب سے کھربوں احتمالات میں سے ایک احتمال ہے کہ آپ اس کرپٹوگرافک پزل کو حل کرسکیں۔ تو اس مائننگ پراسس کے اندر آپ نئی کرپٹو کرنسی بنانے کے لیے اپنے وسائل کو لگا رہے ہیں اور اس پزل کے حل ہونے کا بھی احتمال ہے اور نہ ہونے کابھی، بلکہ ہم یہ کہہ سکتے ہیں کہ نہ ہونے کا ہی بہت زیادہ امکان ہے اور اس سے آپ کا مال (وسائل میں بجلی کا خرچ اور کمپیوٹنگ پاور وغیرہ) بلامعاوضہ ختم ہوجائیں گی۔ 
حال ہی میں آئرلینڈ کی پولیس An Garda Síochána نے مارچ ۲۰۲۲ء میں ایک عوامی وارننگ پریس ریلیز کے ذریعے جاری کی کہ عوام کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری سے بہت زیادہ محتاط رہیں۔اس پریس ریلیز کا ترجمہ درج ذیل ہے: 
’’لوگ ہمیشہ بڑے منافع کے وعدوں کی طرف راغب ہوتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ کرپٹو کرنسی میں پرکشش، دھوکہ دہی پر مبنی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو رہا ہے۔ – ۲۰۲۰ء میں ۶۷ فیصد سے زائد اضافہ ہوا ہے اور بہت سے دوسرے کیس شرمندگی کی وجہ سے رپورٹ نہیں ہوئے ہیں۔ ۲۰۱۹ء سے ۲۰۲۱ء کے درمیان پورے ملک میں عام لوگوں سے سرمایہ کاری کے فراڈ کے ذریعے ۲۴ملین یورو سے زیادہ کی چوری کی گئی، بہت سے لوگ اپنی پنشن یا زندگی کی بچت سے محروم ہو گئے۔ ورچوئل کرنسیاں زیادہ خطرہ ہیں اور ان کو ریگولیٹ نہیں کیا جاتا ہے۔ اگر کچھ غلط ہو جاتا ہے تو آئرلینڈ میں صارفین کے تحفظات یا فنانشل سروسزسے متعلق محتسب کی خدمات موجودنہیں ہیں۔ ہمارا مشورہ یہ ہے کہ کوئی بھی سرمایہ کاری کرنے سے پہلے اپنا ہوم ورک کریں ۔ ہمیشہ پیشہ ورانہ مالی اور قانونی مشورہ حاصل کریں، صرف ریگولیٹڈ اداروں کا استعمال کریں، اور یقین نہ آنے والی پیشکشوں سے ہوشیار رہیں۔ ‘‘[3]
اسی طرح سے آئرلینڈ کے مقامی اخبار نے کچھ اس طرح سے لکھا کہ : 
’’لوگ کرپٹوکرنسی میں سرمایہ کاری سے اپنی پینشن اور زندگی بھر کی جمع پونجی ضائع کررہے ہیں۔‘‘ [4]
آپ اگر یہ دلیل دیتے ہیں کہ دیکھیں! آپ مسلمانوں کوکرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری سے روک کر ایک عظیم نفع سے محروم کررہے ہیں، کتنے لوگوں کا فائدہ ہوجائے گا، کتنے نوجوان روزگار حاصل کریں گے، ملکی معیشت کو فائدہ ملے گا، تو عرض یہ ہے کہ ہم نے آپ کے سامنے یورپ کے اعداد و شمار رکھ دیئے کہ کتنے ہی سادہ لوگ کرپٹوکرنسی کے اس جال میں پھنس گئے اور اپنی ساری جمع پونجی ضائع کردی۔ 
حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ نے ایک فقہی ضابطہ لکھا ہے، وہ یہ کہ:
’’جلبِ منفعت سے دفعِ مضرت مقدم ہے، یعنی ایک کام کے ذریعے سے کچھ فائدہ بھی حاصل ہوتا ہے اور ساتھ ہی مضرت بھی پہنچتی ہے تو مضرت سے بچنے کے لیے اس منفعت کو چھوڑ دینا ہی ضروری ہوتا ہے، ایسی منفعت کو نظر انداز کردیا جاتا ہے جو مضرت کے ساتھ حاصل ہو۔‘‘ ( معارف القرآن، جلد: ۱، سورۃ بقرہ، صفحہ: ۵۳۷، حضرت مولانا مفتی محمد شفیع صاحب رحمۃ اللہ علیہ)
لہٰذا مندرجہ بالا فقہی ضابطہ کے تحت مسلمانوں کے حفظ المال کو مقدم رکھتے ہوئے بھی کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاری سے اجتناب کا کہا جائے گا، کیونکہ دفعِ مضرت مقدم ہے۔ 

حواشی وحوالہ جات

]1]  Central Bank of Ireland Press Release on Crytoassets, https//:www .centralbank .ie /news /article /central-bank-warning-on-investing -in -crypto -assets-22-march-2022 , March 2022.
]2] Joint ESA Warning, https//:www.esma.europa.eu/sites/default/files/library /esa _2022 _15_joint_esas_warning_on_crypto-assets.pdf , 2022.
]3] An Garda Síochána advise the public on Cryptocurrency, https//:www.garda.ie /en /about -us /our-departments/office-of-corporate-communications/press-releases/2022/ march /fraud -week-an-garda-siochana-advise-the-public-to-be-extra-vigilant-when -investing -in- cryptocurrencies.html , March 2022.
]4] https//:www.irishtimes.com/news/crime-and-law/cryptocurrency-scams -many -irish -people-losing-life-savings-garda-warns-1.4840409 .


                                (جاری ہے)

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین