بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

9 شوال 1445ھ 18 اپریل 2024 ء

بینات

 
 

پاکستان میں تین المناک حادثات!

پاکستان میں تین المناک حادثات!

۲۹؍جنوری ۲۰۲۳ء کو کوئٹہ سے کراچی جاتے ہوئے تیز رفتاری کے باعث مسافروں سے بھری بس ایک کھائی میں جاگری، بس میں آگ لگنے کے باعث ۴۴ آدمی جاں بحق ہوگئے، صرف دو آدمی زندہ بچے جوکہ زخمی حالت میں ہیں۔
اسی طرح اسی دن ایک مدرسہ کے طلباء کوہاٹ میں کشتی میں سیر کی غرض سے سوار ہوئے تو گنجائش سے زیادہ افراد کشتی میں بٹھانے پر کشتی اُلٹ گئی، جس سے گیارہ طلبہ شہید ہو گئے۔
۳۰؍ جنوری ۲۰۲۳ء بروز پیر پشاور پولیس لائن کی جامع مسجد میں عین ظہر کی نمازکے وقت ایک دھماکہ ہوا، جس میں ۶۳ نمازی حضرات شہید جبکہ ڈیڑھ سو سے زائد افراد زخمی ہوئے، ان زخمیوں میں کئی افراد کی حالت نازک ہے، پورے کے پی کے میں سوگ کا سماں ہے۔ پولیس کے مطابق مسجد میں باجماعت نمازِ ظہر ادا کی جارہی تھی، جس کے دوران پہلی صف میں کھڑے خود کش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اُڑادیا، جس سے مسجد کی چھت گر گئی اور ایک حصہ شہید ہوگیا۔ شہداء میں پیش امام، ایک پولیس افسر اور خاتون شامل ہیں۔ دھماکے کے وقت چار سو پولیس اہلکار موجود تھے۔ وزیر اعظم شہباز شریف، آرمی چیف، وزیر اعلیٰ کے پی کے گورنر، پشاور کے میئر کے علاوہ سیکورٹی حکام جائے وقوعہ پر پہنچے، ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی۔
اس اندوہناک اور غمناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ ایک عرصہ سے کے پی کے میں پولیس فورسز پر کئی حملے ہو چکے ہیں، جس میں کئی پولیس افسران اور سپاہی جاں بحق ہو گئے۔
یہ واقعہ پولیس لائنز میں ریڈ زون میں ہوا ہے، جہاںپولیس کے علاوہ سول لوگوں کو کئی چوکیوں سے تفتیش کے بعد آگے جانے کی اجازت دی جاتی ہے، تو سوچنے کا مقام ہے کہ یہ دہشت گرد اندر کیسے پہنچا؟ کیا پولیس میں سے کسی نے سہولت کاری کی، یا یہ سیکورٹی پر مامور افراد اور اہلکاروں کی غفلت کے سبب یہ سانحہ پیش آیا؟
بہرحال! ادارہ بینات ان تینوں حادثات میں شہید ہونے والے حضرات کے لیےرفعِ درجات کی دعا اور ان کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتاہے اور حکومت سے مطالبہ کرتاہے کہ اس واقعہ کی فوری تحقیقات کر کے اصل مجرموں کو پکڑکر کیفرِکردار تک پہنچائے، تاکہ جہاں ان واقعات میں شہداء کے لواحقین کے لیے کچھ تسلی کا سامان ہو، وہاںدوسرے دہشت گردوں کے لیے عبرت ہو۔ جو اس سانحہ میں زخمی ہیں اللہ تعالیٰ ان کو جلد از جلد صحت عطا فرمائے۔ اللہ تبارک تعالیٰ ہمارے ملک کی حفاظت فرمائے اور ملک دشمنوں کو دنیا وآخرت میں عبرت کا نشان بنائے۔آمین

وصلی اللہ تعالٰی علٰی خیر خلقہٖ سیدنا محمد و علٰی آلہٖ و صحبہٖ أجمعین
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین