بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيم

29 شوال 1445ھ 08 مئی 2024 ء

بینات

 
 

نقدونظر صفر المظفر ۱۴۴۵ھ

نقدونظر صفر المظفر ۱۴۴۵ھ


عظمتِ صحابہؓ اور حضرت مدنی  ؒ

حضرت مولانا قاضی مظہر حسین رحمۃ اللہ علیہ ۔ صفحات:۹۶۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر: مکتبہ خلفائے راشدینؓ، جامعہ عربیہ اظہار الاسلام، پنڈی روڈ، چکوال
اللہ تبارک وتعالیٰ نے انسانیت کی نجاح وفلاح کے لیے آخری نبی حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم کو مبعوث فرمایا، اور آپ پر اولین ایمان لانے والے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہیں جن کو اللہ تعالیٰ نے حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی صحبت کے لیے منتخب فرمایا، قرآن کریم اور احادیثِ نبویہ میں صحابہ کرامؓ کی فضیلت، تعریف و توصیف بیان کی گئی۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی جماعت امتِ مسلمہ کے لیے ایمان اور قرآن کے عینی شاہد ہیں۔ اُمت کو دینِ اسلام صحابہ کرامؓ کے واسطہ سے ملا، اس لیے جو لوگ دینِ اسلام کو بے وقعت کرنا چاہتے ہیں، وہ سب سے پہلے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے بارہ میں زبانِ طعن دراز کرتے ہیں کہ جب گواہ کمزور ہوں گے تو دینِ اسلام خود بخود کمزور ہوگا، اسی لیے اکابر نے لکھا ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو قرآن وسنت کے آئینہ میں دیکھا جائے، نہ کہ تاریخ اور کمزور روایات وواقعات کے آئینہ میں، بالفاظِ دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم قرآنی شخصیات ہیں، تاریخی نہیں۔ حضرت مولانا قاضی مظہر حسین رحمۃ اللہ علیہ فرماتے تھے: ’’جو صحابہؓ کو سمجھ جائے گا دین کو سمجھ جائے گا۔‘‘
اس کتاب میں حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کے بارے میں حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی قدس سرہٗ کے ملفوظات جمع کیے گئے ہیں، حضرت مولانا قاضی مظہر حسین رحمۃ اللہ علیہ نے یہ رسالہ تالیف کیاہے۔یہ رسالہ اس لائق ہے کہ اسے باربار پڑھاجائے، تاکہ دلوں میں حضرات صحابہ کرامؓ کی محبت جاگزین ہو۔

معارفِ قربانی

حضرت مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب زیدمجدہٗ۔ صفحات:۱۶۸۔ طبع دوم: مئی ۲۰۲۳ء۔ قیمت: درج نہیں۔ پاکستان میں ملنے کا پتا: صدیقی ٹرسٹ کراچی، المنظر اپارٹمنٹ ۴۸۵، گارڈن ایسٹ، نزد لسبیلہ چوک، کراچی
زیرِ تبصرہ کتاب ’’معارفِ قربانی‘‘ صاحبِ کتاب کے اُن چند بیانات کا مجموعہ ہے جو انہوں نے مانچسٹر کی جامع مسجد امدادیہ میں کیے اور آخر میں حضرت علامہ خالد محمود نور اللہ مرقدہٗ کا اس موضوع پر ایک مفید مضمون بھی شامل کیا گیا ہے۔ ان بیانات میں قربانی کی تاریخ، قربانی کی اہمیت و فضیلت، قربانی سے انکار واعراض کا وبال، حضرت خاتم النبیین  صلی اللہ علیہ وسلم  اور دیگر مومنین کی جانب سے قربانی، قربانی کے احکام ومسائل، ذبیح کون؟ قربانی کے ایام کتنے؟ قربانی پر شبہات کے جوابات اور ماہِ ذو الحجہ کی فضیلت اور اس کے احکام ومسائل پر علمی فکری اور اصلاحی باتیں جمع کی گئی ہیں۔یہ کتاب موجودہ دور میں ان حضرات کے لیے نعمتِ غیر مترقبہ ہے جن کو قربانی پر کچھ شکوک وشبہات ہیں یا ان کے سامنے یہ شکوک وشبہات پیش کیے جاتے ہیں۔اللہ تبارک تعالیٰ مؤلف ومرتب کو اس خدمت پر اجرِ عظیم عطا فرمائے، آمین

مجموعہ رسائل

باہتمام: مولانا زاہد اللہ صاحب۔ ترتیب وتبویبِ جدید: لجنۃ المحققین۔ صفحات:۱۸۲۔ قیمت: درج نہیں۔ ناشر:اسلامی کتب خانہ، درہ آدم خیل، کوہاٹ۔ ملنے کا پتہ: اسلامی کتب خانہ، جنگی محلہ، پشاور
حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم  نے پیدائش سے موت اور موت کے بعد تمام احوال بیان کردیے۔ قیامت کب ہوگی؟ اس سے پہلے کیا کیا احوال وواقعات ظہور پذیر ہوںگے؟ قیامت کی چھوٹی چھوٹی علامات کیا ہیں؟ اور بڑی بڑی علامات کیا ہوں گی؟ یہ سب کچھ قرآن وسنت میں بیان کردیا گیاہے، اس پر اپنے اپنے زمانہ میں حضرات علمائے کرام نے احادیث کو جمع کیا ہے اور ان احادیث کی روشنی میں قیامت کی علامات کو اپنے اپنے انداز میں بیان اور تحریر کیا ہے۔ زیرِ نظر کتاب ’’مجموعہ رسائل‘‘ میں تین اکابر کے رسائل کو جمع کیا گیا ہے: (۱)شیخ الاسلام حضرت مولانا سید حسین احمد مدنی قدس سرہٗ کا رسالہ: ’’الخلیفۃ المہدي في الأحادیث الصحیحۃ‘‘ (۲) حضرت مولانا بدرِ عالم میرٹھیؒ کی کتاب ’’ترجمان السنۃ‘‘ سے ایک باب ’’الإمام المہدي‘‘ اور شہیدِ اسلام حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانویؒ کا رسالہ ’’عصرِ حاضر حدیث نبوی کے آئینہ میں‘‘۔ ان تینوں رسائل کو جدید اور نئی ترتیب وتبویب کے ساتھ جمع کیاگیا ہے۔ اس مجموعہ کے پڑھنے سے پتا چلتاہے کہ موجودہ حالات اور ان میں ان فتنوں کا وجود میں آنا اور ظاہر ہونا کیا بتاتا ہے کہ حالات کس رخ پر جا رہے ہیں؟ اور ان حالات میں ہمیں کیا کرنا ہے اور کیا نہیں کرنا؟!
کتاب کا کاغذ مناسب ہے، البتہ کمپوزنگ میں یکسانیت کا لحاظ نہیں رکھا گیا۔ امید ہے آئندہ ایڈیشن میں اس کا خیال رکھا جائے گا۔

الجواہر والدرر في إیضاح سورۃ العصر

افاضات: مفکرِ اسلام حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒ(لندن)۔ ترتیب وتخریج: جناب مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی زید مجدہٗ۔ صفحات:۱۲۰۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتا: صدیقی ٹرسٹ کراچی، المنظر اپارٹمنٹ ۴۸۵، گارڈن ایسٹ، نزد لسبیلہ چوک، کراچی
سورۃ العصر قرآن کریم کی سورتوں میں ایک اہم سورت ہے جو صرف تین آیات پر مشتمل ہے، لیکن معنی اور مفہوم کے لحاظ سے ’’دریابکوزہ‘‘ کا مصداق ہے۔امام شافعی  رحمۃ اللہ علیہ  کا ملفوظ ہے کہ : ’’لوگ اگر سورۂ عصر میں تدبر وتفکر کرکے اس کو اپنی زندگی کے لیے راہِ عمل بنالیں تو یہ ان کے لیے کافی ہے۔‘‘پیشِ نظر کتاب اس سورت کے آٹھ دروس کا مجموعہ ہے جو برطانیہ کی مشہور علمی درس گاہ اسلامک اکیڈمی آف مانچسٹر میں ہفتہ واری قرآنی مجلس میں دیے گئے۔ کتاب کے پہلے پانچ دروس حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمودؒ صاحب کے ہیں اور آخری تین دروس اس کتاب کے مرتب محترم جناب حافظ محمد اقبال رنگونی صاحب کے ہیں۔
کتاب کا کاغذ، طباعت، جلد، کمپوزنگ سب اعلیٰ ذوق کا آئینہ ہے۔ اللہ تبارک وتعالیٰ اس سعیِ جمیلہ کو قبول فرمائیں۔ 

حیاتِ طیبہ من اجتناب السیئۃ

قاری عبد الجبار مجاہد صاحب۔ صفحات:۱۹۷۔ قیمت: درج نہیں۔ ملنے کا پتا: مکتبہ امامِ اہلِ سنت، شیرانوالہ باغ، گوجرانوالہ
زیرِ تبصرہ کتاب کے مؤلف وجامع قاری عبد الجبار صاحب عرصہ چالیس سال سے قرآن کریم حفظ کرانے کی سعادت حاصل کر رہے ہیں۔ آپ کو مطالعہ کا ذوق بھی وافر حصہ میں ملا ہے، اسی لیے آپ نے اپنے حاصلِ مطالعہ کو جمع کرکے ابواب کی صورت میں اس کتاب کو مرتب کیا ہے، جو اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا، حضور اکرم  صلی اللہ علیہ وسلم  کی حیاتِ طیبہ کے چند گوشے، صحابہ کرامؓ واکابرینِ امت کے ایمان افروز واقعات، چند منتخب احادیث، ختمِ نبوت، سارقینِ ختمِ نبوت، تصوف وفقہ، وظائف، محاورات، بامقصد اشعار اور دینی ودنیاوی معلومات پر مشتمل ایک مجموعہ ہے۔ 
کتاب کا نام آدھا اردو اور آدھا عربی ہے، کتاب کا نام مناسب رکھ لیا جاتا تو بہتر تھا۔ بہرحال اُمید ہے کہ مرتب کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
 

تلاشں

شکریہ

آپ کا پیغام موصول ہوگیا ہے. ہم آپ سے جلد ہی رابطہ کرلیں گے

گزشتہ شمارہ جات

مضامین